Book Name:Jahannam Se Chutkara Kaise Mila

اللہ پاک ہمیں خوفِ خُدا سے رونا نصیب فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖنَ صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  ۔

(4) : ثواب کی نیت سے اذان دیجئے

صحابئ رسول حضرت عبد اللہ بن عبّاس  رَضِیَ اللہُ عنہما   سے روایت ہے ، شہنشاہِ مدینہ ، قرارِ قلب و سینہ  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم   نے فرمایا : جس نے ثواب کے لئے 7 سال تک اذان دی ، اس کے لئے جہنّم سے نجات لکھ دی جاتی ہے۔ ([1])

حکیم الاُمَّت مفتی احمد یار خان نعیمی  رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ  اس حدیثِ پاک کے تحت فرماتے ہیں : جو بغیر تنخواہ کے 7 سال اذان دے ، اللہ پاک اس کے لئے جہنّم سے آزادی اور جنّت میں داخلے کا پروانہ لکھ دیتا ہے جو قیامت کے دِن اسے دیا جائے گا۔ ([2]) 

سُبْحٰنَ اللہ! معلوم ہوا؛ اللہ پاک کی رضا کے لئے اذان دینا بھی جہنّم سے بچانے والا عَمَل ہے۔ کاش! ہم اذان دینےکی سَعَادت پانے والے بنیں ، اذان دینا کوئی مشکل کام تو نہیں ، ہم الحمد للہ! مسلمان ہیں ، بچپن ہی سے اذان سُنتے آرہے ہیں ، پُوری اذان میں صرف 15 کلمات ہیں ، یہ کلمات اچھی طرح یاد کر کے کسی عاشقِ رسول قاری صاحب کو سُنا لیجئے! پھر صِرْف و صِرْف اللہ پاک کی رضا کے لئے مسجد میں اذان دیتے رہیں ، اللہ پاک نے چاہا تو  اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم!   ڈھیروں ثواب بھی ہاتھ آئے گا اور جہنّم سے نجات بھی مل ہی جائے گی۔


 

 



[1]...ابن ماجہ ، کتاب  الاذان ، صفحہ : 125 ، حدیث : 727۔

[2]...مرآۃ المناجیح ، جلد : 1 ، صفحہ415۔