Book Name:Ala Hazrat Aik Peer-e-Kamil

صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب!                                               صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد

اے عاشقانِ رسول !10 شوَّالُ المکرَّم کو ہمارے آقا ، ولئ کامِل ، پِیرِ طریقت ، رَہبرِ شریعت ، اعلیٰ حضرت ، امامِ اہلسنت شاہ امام احمد رضا خان  رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ  کا یومِ وِلادت ہے۔  

یقیناً اعلیٰ حضرت امامِ اہلسنت  رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ  کی بابرکت ذات دُنیائے اسلام کے لئے بہت بڑی نعمت ہے۔ جب کافِر اسلام کے خِلاف سازشیں کر رہے تھے ، بدمذہبی عُرُوج پکڑ رہی تھی ، بِدْعتیں عام ہو رہی تھیں ، مَعَاذَ اللہ! قرآنی آیات کے مفہوم بدلنے کی ناپاک کوششیں کی جارہی تھیں ، اسلامی تعلیمات کو بدلنے کی جسارت ہو رہی  تھی ،  اس فتنوں کے وقت میں  اللہ پاک نے اعلیٰ حضرت  رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ  کی صُورت میں دُنیائے اسلام کو ایک عظیم نعمت سے نوازا ، اعلیٰ حضرت  رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ  مُجَدِّد بَن کر تشریف لائے اور الحمد للہ! آپ نے فتنوں کا سَر قلم کر دیا ، کافِروں کی سازشوں کو ناکام بنایا ، بدمذہبی کا زور توڑا ، بدعقیدگی کا خاتمہ کیا ، اَصْل اسلامی عقائد کی دُرُست تشریح فرمائی ، اسلامی عقائد پر ، اسلام کی اعلیٰ تعلیمات پر ، قرآن کی عزّت و حُرْمت پر ، رسولِ اکرم ، نورِ  مُجَسَّم  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم   کی عزّت و نامُوس پر پہرا دیا ، بدعتوں کو مٹایا ، سنتوں کو عام کیا ، معاشرے کی اِصْلاح فرمائی ، لوگوں کو عشقِ رسول کے جام بھر بھر کر پلائے اور الحمد للہ! فتنوں کو مٹا کر دِیْنِ اسلام کا پرچم بلند فرما دیا۔

تُو   نے   باطل  کو  مٹایا   اے   امام    احمد   رضا    دین  کا  ڈنکا  بجایا  اے امام احمد رضا

زور باطل کا ، ضلالت کا تھا جس دم ہِند میں        تُو مُجدِّد بن کے آیا اے امام احمد رضا

حشر تک جاری رہے گا فیض مُرشد آپ کا          فیض کا دریا بہایا اے امام احمد رضا