Book Name:Shoq e Hajj

حاجی 400 افراد کی شفاعت کرے گا

 حضرت ابو موسیٰ اشعری رَضِیَ اللہُ عنہ   روایت کرتے ہیں : اللہ پاک کے رسول ، رسولِ مقبول  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم   نے ارشاد فرمایا :  حاجی  اپنے اہل خانہ میں سے 4 سو افراد کی شفاعت کرے گا اور حاجی گناہوں سے ایسے نکل جاتا ہے جیسے اس کی ماں نے اسے جنا تھا۔([1])

حاجی کے لئے بخشش کی بشارت

حضرت ابو ذَرغِفاری رَضِیَ اللہُ عنہ  سے روایت ہے ، رسولِ رحمت  ، شفیعِ اُمَّت  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم   نے فرمایا  : اللہ پاک کے نبی حضرت داؤدعَلَیْہ السَّلَام   نے اللہ پاک کی بارگاہ میں عرض کیا :  یا اللہ پاک!جو تیرے بیت (یعنی کعبہ شریف) کی زیارت کے لئےآئیں ،  ان بندوں کے لئےکیا اجر ہے؟اللہ پاک نے فرمایا : اے داؤد! بے شک جو میرے کعبہ  کا حج کریں ،   میرے ذِمۂ کرم پر ہے کہ میں ان کو دنیا میں معاف کر دوں اور (قیامت کے دِن ) جب وہ مجھ سے ملیں تو  میں ان کی بخشش  فرما دوں ۔([2])

اللہ کے رسول ،  رسول ِمقبول  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم   نے فرمایا :  جب عرفہ کا دن ہوتا ہے ،  اللہ پاک فرشتوں کے سامنے فخر فرماتا ہے ،  ارشاد ہوتاہے :  اے فرشتو! میرے بندوں کو دیکھو!وہ پرا گندا حال ،  بکھرے بالوں کے ساتھ دُور دُور سے آئے ہیں ،  میں تمہیں گواہ بناتا ہوں بے شک میں نے ان کو بخش دیا۔فرشتے عَرْض کرتے ہیں :  اے اللہ پاک! اِن میں گناہ گار بھی ہیں تو اللہ پاک فرماتا ہے :  بے شک میں نے اُن کو بھی بخش دیا۔([3])


 

 



[1]...مسند بزار،  جلد : 8، صفحہ : 170، حدیث : 3196۔

[2]...معجم اوسط، جلد : 4، صفحہ : 297، حدیث : 6037۔

[3]...کنز العمال، کتاب الحج، جُز : 5، جلد : 3، صفحہ : 29، حدیث : 12098۔