Book Name:Shoq e Madina

بیان سننے کی نیتیں

حدیثِ پاک میں ہے : اَفْضَلُ الْعَمَلِ اَلنِّيَّةُ الصَّادِقَةُ سچی نیت  اَفْضَل تَرین عَمَل ہے۔ ([1])

اے عاشقانِ رسول ! ہر کام سے پہلے اچھی اچھی نیتیں کرنے کی عادَت بنائیے کہ اچھی نیت بندے کو جنَّت میں داخِل کروا دیتی ہے۔  بیان سننے سے پہلے بھی اچھی اچھی نیتیں کر لیجئے! مثلاًنیت کیجئے! * عِلْمِ دِین سیکھنے کے لئے پورا بیان سُنوں گا * بااَدب بیٹھوں گا * اپنی اِصْلاح کے لئے بیان سُنوں گا * جو سُنوں گا دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کروں گا۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب!                                               صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد

پیارے اسلامی بھائیو! حج کا پُر بہار موسم جاری و ساری ہے ، حج کے اَیّام قریب سے قریب ہوتے جا رہے ہیں * خوش نصیب ، سَعادت مَندعاشقانِ رسول حج کی سعادت حاصل کریں گے * طَوافِ کعبہ ہوگا * صفا و مروہ کی سَعْی ہو گی * مِنٰی میں حاضری ہو گی * میدانِ عرفات اور مزدلفہ کا قیام ہو گا  ،  یہ ساری سَعادتیں لُو ٹنے کے بعد عاشقانِ رسول دِلوں میں عشقِ رسول کے چراغ روشن کئے * آنکھوں میں آنسو لئے * تڑپتے  ،  لرز تے ہوئے * خوشی میں جھومتے ہوئے اپنے کریم آقا  ،  مکی مدنی مصطفےٰ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کے دربارِ عَالِی شان میں  ،  روضۂ پُرنُور پر حاضری دیں گے  ،  یہ کیسے خوش نصیب(Lucky) لوگ ہوں گےکہ جن کو آقائے دو جہاں  ،  سرورِ ذیشاں صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے اپنے دَر کی حاضری کا اِذْن عطا فرمایا ہو گا  ،  کاش...! وہ دن بھی آئے  ،  جب ہم گناہ گاروں کو بھی یہ سَعادت ملے  ، مدینے سے بُلاوا  آئے اور ہم گنہگاروں کو بھی مدینۂ مُنَوَّرَہ  میں حاضری کی سَعادت  نصیب ہو جائے۔

ہے آرزُو یہ دِل کی  ،  میں بھی مدینے جاؤں سلطانِ دوجہاں کو سب حالِ دِل دِکھاؤں


 

 



[1]...جامع صغیر ، صفحہ:81 ، حدیث:1284۔