Book Name:Aala Hazrat K Aaala Akhlaq

کیسی دعوت  قطع تعلق کا سبب ہے ؟

پیارے اسلامی بھائیو ! حضرت امام غزالی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ  فرماتے ہیں نیک اور پرہیزگارلوگوں کو دعوت دینا سنّت ہے ، ان کو کھلانااُنہیں راہِ تقویٰ و پرہیزگاری  پرثابت قدم رہنے کی قوت دینا ہے۔ ( [1] )     لیکن یادر کھیے ! دعوت کرنے میں تکلف سے بچنا بھی ضروری ہے کیونکہ تکلف قطعِ تعلق کا سبب بن جاتاہے  جیسا کہ

حضرت فُضَیْل بن عَیَّاض رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ  فرماتے ہیں : آج لوگ جو ایک دوسرے سے تعلق توڑے ہوئے ہیں وہ تکلف کی وجہ سے ہیں ، اگران کے درمیان تکلف نہ رہے تو وہ بےبا کانہ  ایک دوسرے سے ملنے لگیں۔  ( [2] )  یہی وجہ ہے کہ حضرت سلمان رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ  فرماتے ہیں : حضورِ اکرم ، تاجدارِ حرم  صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے ہمیں حکم دے رکھا ہے کہ ہم تکلف نہ کریں اور جو کچھ گھر میں موجود ہو اسے پیش کرنے  میں پہلو تہی نہ کریں ۔ ( [3] )   

پیارے اسلامی بھائیو ! حضرت فُضَیل رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ   کاقول بالکل سچ ہےکہ آج ہم اپنے معاشرے  میں دیکھیں تو بہت سے لوگ قطعِ رحمی ( یعنی رشتہ داروں سے تعلق توڑنے )  جیسے گناہ میں صرف  اس وجہ سے ملوث نظر آئیں گے کہ ان کے لیے دعوت میں پُرتکلف اہتمام نہیں کیا گیا ، انہیں ان کی مرضی کے کھانے نہیں کھلائے گئے ، جس کی وجہ سےانہیں اپنے گھر میں ہونے والی کسی بھی دعوت کا حصہ نہیں بنایا اور بات یہاں تک بڑھ گئی کہ اب ایک دوسرے سے بات چیت کرنا بھی گوارا نہیں کرتے ۔


 

 



[1]... کیمیائے سعادت ، مترجم ، ص 219 ، مطبوعہ لاہور ۔

[2]... کیمیائے سعادت ، مترجم ، ص 216 ، مطبوعہ لاہور ۔

[3]... کیمیائے سعادت ، مترجم ، ص 216 ، مطبوعہ لاہور ۔