Book Name:Duniya Nay Hamen Kya Diya

کوئی دوا ہے؟ یا کسی ڈاکٹر تک جانے کی کوئی صورت  ہے؟ اب تمہارے لئے حکیموں ( اور ڈاکٹروں  ) کو بُلایاجاتا ہے ، لیکن شفا کی اُمید ختم ہو جاتی ہے ، پھر کہاجاتا ہے : فُلاں نے وَصِیَّت کی اور اپنے مال کا حساب کیا ہے۔ پھر کہا جاتا ہے : اب اس کی زبان بھاری  ہوگئی ، اب وہ اپنے بھائیوں سے بات نہیں کرتا اور پڑوسیوں کو نہیں پہچانتا ، اب تمہاری پیشانی پر پسینہ آگیا ، رونے کی آوازیں آنے لگیں اور تمہیں موت کا یقین ہوگیا ، تمہاری پلکیں بند ہونے سے موت کا گمان یقین میں بدل گیا ، زبان تَھر تَھرا رہی ہے ، تیرے بہن بھائی رو رہے ہیں ، تمہیں کہا جاتا ہے کہ یہ تمہارا فُلاں بیٹا ہے ، یہ فُلاں بھائی ہے ، لیکن تُو کلام کرنے سے روک دیا گیا ہے ، پس تُو بول نہیں سکتا ، تمہاری زبان پر مہر لگ گئی جس کی وجہ سے آواز نہیں نکلتی ، پھر تمہیں موت آگئی اور تیری رُوْح اَعْضاء سے پوری طرح نکل گئی ، پھر اسے آسمان کی طرف لے جایا گیا ، اس وقت تمہارے بھائی جمع ہوتے ہیں ، پھر تمہارا کفن لاتے ہیں اور تمہیں غسل دے کر کفن پہناتے ہیں۔ اب تمہاری عیادت کرنے والے خاموش ہوکر بیٹھ جاتے ہیں اور تجھ سے حسد کرنے والے بھی آرام  پاتے ہیں ، گھر والے تمہارے مال کی طرف مُتوجہ ہوجاتے اور تمہارے اعمال گِروی ہوجاتے ہیں۔ ( [1] )  

دل سے دنیا کی محبّت دُور کر                دل نبی کے عشق سے معمور کر

اَشک مت دنیا کے غم میں تُو بہا            ہاں نبی کے غم میں خوب آنسو بہا ( [2] )

صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب !                صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد


 

 



[1]...احیاء العلوم ، کتاب ذم الدنیا ، بیان المواعظ فی ذم الدنیا و صفتھا ، جلد : 3 ، صفحہ : 260ملتقطاً۔

[2]...وسائلِ بخشش ، صفحہ : 710۔