Book Name:رَبُّ العٰلَمِیْن

ہمارا سارا خُون زَہر آلود ہو جائے مگر رَبّ کی قُدْرت ہے ، گُردے مُفْت میں خون صاف کرتے جا رہے ہیں * جگر ( Liver ) ؛ ہمارے جسم کا سب سے مَصْرُوف تَرین عُضْو؛ جگر  بےمثال مشین ہے ، جو 500 سے زیادہ کام انجام دیتا ہے ، سائنسی تحقیقات کے مُطَابق ہم جو گوشت کھاتے ہیں ، یہ ایک قسم کا زہر ہوتا ہے لیکن ہمارا جگر اس زہر کو فوراً  پروٹین میں تبدیل کر کے ہمارے لئے فائدہ مند بنا دیتا ہے ، ہر سیکنڈ میں ہمارے خُون کے ایک کروڑ خلیے مرتے ہیں ، اگر یہ مردہ خلیے جسم میں اسی طرح رہ جائیں تو نقصان پہنچائیں گے مگر جگر ان کروڑوں خلیوں کو فوراً سٹور کر کے ان سے دوبارہ سرخ خلیے بنا دیتا ہے * پھر ہمارا نظامِ انہضام ( Digestive System ) ہے : ایک لقمہ جسے ہم منہ میں رکھ کر مزے سے چبا لیتے ہیں ، یہ ایک لقمہ پیدا ہونے سے لے کر ہضم ہو کر جسم کا حِصّہ بننے تک سینکڑوں مراحِل سے گزرتا ہے ، بیج زمین کے اندر ہے ، بارش ہوئی ، بیج کو وہیں خُوراک پہنچائی گئی ، بیج اُوپر اور نیچے سے پھٹا ، نیچے جڑ بنی ، اُوپر کونپل نکلی ، کونپل پر خوشہ لگا ، اس میں دانہ پیدا ہوا ، سورج  نے گرمائش دے کر دانے کو پکایا ، اس سے لقمہ بنا ، ہمارے مُنْہ میں گیا ، اب نظامِ انہضام کا کام شروع ہو گیا ، ہمارا معدہ ، آنتیں ، ان میں موجود ہزاروں بیکیڑیا اور دیگر جرثومے ، ان کے ذریعے کھانے کے  باریک ٹکڑے بنے ، پھر جگر اور دیگر کئی اعضا کی مدد سے انہیں مختلف غذائی اجزا میں تبدیل کر کے پُورے جسم میں تقسیم کر دیا گیا۔

اللہ اَکْبَر ! اندازہ کیجئے ! ایک انسانی جسم کی پرورش کس نرالے انداز میں ہورہی ہے ، ان سب باتوں کو جان کر زبان پر یہی آتا ہے :  

فَتَبٰرَكَ اللّٰهُ رَبُّ الْعٰلَمِیْنَ(۶۴)   ( پارہ : 24 ، سورۂ مومن : 64 )

ترجَمہ کنز الایمان : تَو بڑی برکت والا ہے اللہ ربّ سارے جہان کا۔