Book Name:Khof Aur Ummeed

چشمے سے پانی پیوں۔ ربِّ کریم فرمائے گا: اگر یہ عطا کر دیا جائے تو تُو کچھ اور مانگے گا؟ بندہ وعدہ کرے گا کہ مولیٰ! اس کے سِوا کچھ نہ مانگوں گا،چنانچہ اسے درخت کے قریب کر دیا جائے گا، یہ اس کے سائے میں بیٹھے گا، چشمے کا پانی پئے گا۔ اب اسے پہلے والے درخت سے زیادہ خوبصُورت درخت نظر آئے گا، اس کا دِل للچائے گا، صبر نہ ہو سکے گا، مالکِ کریم کی بارگاہ میں عرض کرے گا: مولیٰ! اُس درخت کے قریب کر دے۔اللہ پاک فرمائے گا: اے اِبْنِ آدم! تُو نے وعدہ کیا تھا کہ مزید کچھ نہیں مانگے گا۔ بندہ دوبارہ وعدہ کرے گا: مولیٰ! (ایک کرم اور فرما)، اس کے بعد کچھ نہیں مانگوں گا۔ اس کی عرض قبول ہو گی اور اسے دوسرے درخت کے سائے میں پہنچا دیا جائے گا، یہ یہاں بیٹھے گا، چشمے کا پانی پئے گا، اب اسے جنّت کے دروازے کے قریب ایک درخت نظر آئے گا، جو پہلے دونوں درختوں سے زیادہ خوبصُورت ہو گا، اس کا پھر دل للچائے گا، صبر نہ ہو سکے گا، بندہ پھر عرض کرے گا: مولیٰ! مجھے اس درخت کے قریب کر دے۔ اللہ پاک فرمائے گا: تُو نے وعدہ کیا تھا کہ مزید کچھ نہ مانگے گا، بندہ عرض کرے گا: مولیٰ! بَس یہ آخری سُوال ہے، اس کے بعد کچھ نہیں مانگوں گا، چنانچہ اسے تیسرے درخت کے سائے میں پہنچا دیا جائے گا۔ یہاں پہنچ کر اسے اَہْلِ جنّت کی آوازیں سُنائی دیں  گی، اس کا پھر دل للچائے گا، پھر عرض کرے گا: مولیٰ! مجھے جنّت میں داخِل فرما دے۔

ایک روایت میں ہے: اب اللہ پاک فرمائے گا: اے اِبْنِ آدم! مانگ، تمنّا کر (یعنی تُو جو کچھ چاہتا ہے، سب ایک ہی بار مانگ لے)، اب بندہ مانگنا شروع کرے گا (مولیٰ! یہ بھی عطا فرمادے، وہ بھی عطا فرما دے، یُوں مانگتا جائے گا، مانگتا جائے گا)، جب اپنی خواہش کے مُطَابق سب کچھ مانگ لے گا تو اللہ پاک اس کی مانگ سے 10 گُنَا زیادہ اسے عطا فرما دے گا۔ ([1])


 

 



[1]...مسلم،کتاب الايمان ،صفحہ:91-92،حدیث:187-188 ۔ملخصاً