Book Name:Jannat ke Qeemat

ہم صُلح کیوں نہیں کرتے :

ہم غورکریں ! ہم صُلح کی طرف قدم کیوں نہیں بڑھاتے ، صلح میں پہل کرنے کا ذہن کیوں نہیں بنتا؟کیا اس کو کہیں اپنی شان میں کمی تونہیں جانتے ، سامنے والا صُلح کرنےکےلیے ہاتھ بڑھا رہا ہواورہمارا مُوڈ آف ( Mood Off )   ہونے کی وجہ سےہاتھ پیچھے جارہا ہوبلکہ چہرہ ہی دُوسری طرف پھیرلیں ، ایسا کرنامناسب نہیں۔ہم اللہ پاک کی رِضا اورثواب کے لیے ہمّت کریں اورثواب کمانے کے اِس موقع کو ہاتھ سے نہ جانے دیں۔

نبیِ کریم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کی شان کتنی بُلند وبالا ہے ، میرے مصطفےٰ کریم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے  ایک موقع پر اپنے  غلاموں کی کیسے پیارے انداز میں تربیت فرمائی ہے ! آئیے ! توجہ کے ساتھ سُنیے !

                             رسولِ اکرم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے وفات ظاہِری کے وقت اجتماعِ عام میں اعلان فرمایا : ” اگر میرے ذمّے کسی کاقرض آتاہو ، اگر میں نے کسی کی جان ومال اور آبرو کو صدمہ پہنچایا ہو تو میری جان و مال اور آبرو حاضِر ہے ، ”  اِس دنیا میں بدلہ لے لے ۔ “ تم میں سے کوئی یہ اندیشہ نہ کرے کہ اگر کسی نے مجھ سے بدلہ لیا تو میں ناراض ہوجاؤں گایہ میری شان نہیں ۔مجھے یہ بات بَہُت پسندہے کہ اگر کسی کا حق میرے ذِمّے ہے تو وہ مجھ سے وُصُول کر لے یا مجھے مُعاف کردے ۔پھرفرمایا : اے لوگو ! جس شخص پر کوئی حق ہو اسے چاہیے کہ وہ ادا کرے اور یہ خیال نہ کرے کہ رُسوائی ہوگی اس لیے کہ دنیا کی رُسوائی آخِرت کی رُسوائی سے بہت آسان ہے۔