Book Name:Safar e Meraj aur Pyari Namaz

سب بِشارت کی اذاں تھے                                                                                تم اذاں کا مُدّعا ہو

وضاحت : یارسول اللہ !  صَلَّی اللہ عَلیہ وَآلہٖ و َسَلَّم آپ کا نور  سب سے پہلےبنا اس لئے آپ سب سے اوّل ہیں ، آپ سب سے آخری نبی  ہیں آپ ہی سے مخلوق کی  ابتدا ہوئی  اور آپ پر نبوت ختم ہوئی۔ جیسے نماز پڑھنے سے پہلے پاک ہونے کے لئے وُضُو کیا جاتا ہے ، ایسے ہی گویا سب انبیائے کرام علیہم السلام  لوگوں کو پاک کرنے کے لئے وُضُو تھے اور آپ گویا جان و ایمان کو تازگی بخشنے والی نماز ہیں۔ سب انبیائے کرام علیہم السلام گویا اذان تھے ، سب بشارت دیتے رہے کہ لوگو ! نبئ آخرُ الزّماں صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم تشریف لانے والے ہیں ، وہ تشریف لائیں تو اُن کا کلمہ پڑھو ! آپ اُس اذانِ انبیاء کا مقصُود و مُدَّعا ہیں۔ 

اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہ عَلَیْہ نے ایک اور مقام پر یوں فرمایا :

نمازِ اَقصیٰ میں تھا یہی سِرّ عِیاں ہوں مَعْنئ اَوّل آخِر

کہ دَست بَسْتَہ ہیں پیچھے حاضِر جو سلطنت آگے کر گئے تھے

وضاحت : یعنی مِعْراج کی رات مسجد اقصیٰ میں  پیار ےآقا صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم    نے تمام اَنبیاء کو جو نماز پڑھائی اس میں یہی راز تھا کہ سرکارِ عالی وقار ، مکی مدنی تاجدار صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  کے مُبارک اَلْقاب؛ اَلْاَ  وَّلُ اور اَلْآخِرُ کا معنیٰ واضِح ہو جائے ، دیکھئے ! وہ سب اَنبیائے کرام علیہم السلام    جو پہلے دُنیا میں تشریف لا چکے تھے ، ظاہِر میں وہ اگرچہ اَوَّل تھے مگر آج شبِ مِعْراج سب امامُ الاَنبیاء کی اِقْتداء میں پیچھے کھڑے ہیں گویا یہ بتایا جا رہا ہے کہ پہلے دُنیا میں آنے والے اگرچہ پہلے آئے ہیں مگر سب کے اَوَّل ، سب کے اِمام ، سب کے پیشوا یہی اَوَّل و آخِری نبی ، رسولِ ہاشمی صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ہیں۔

نام نبیوں کے بے شک بڑے ہیں عظمتوں کے نگینے جڑے ہیں

مُقتدی بن کے پیچھے کھڑے ہیں وہ جو پہلے سے آئے ہوئے ہیں