Book Name:Shab e Barat Ke Fazail
ہمارے پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : اللہ کریم 4 راتوں میں بھلائیوں کے دَروازے کھول دیتا ہے : ( 1 ) : بقرہ عید کی رات ( 2 ) : عیدُالفطر کی رات ( 3 ) : شعبان کی 15 وِیں رات کہ اس رات میں مرنے والوں کے نام ، لوگوں کا رزق اور حج کرنے والوں کے نام لکھے جاتے ہیں ( 4 ) : عرفہ ( یعنی 9 ذُو الحج ) کی رات۔ ( [1] )
شُعَبُ الْاِیمان میں حدیثِ پاک ہے ، ہمارے آقا و مولیٰ ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : 15 شعبان کی رات ( یعنی شبِ براءَت کو ) ایک پُکارنے والا پُکارتا ہے : * ہے کوئی مغفرت چاہنے والا کہ اس کی مغفرت کی جائے ؟ * ہے کوئی مانگنے والا کہ اسے عطا کیا جائے ؟ پس بدکار عورت اور مشرک کے عِلاوہ جو بندہ جو بھی حاجت طلب کرتا ہے ، اس کی حاجت پُوری کر دی جاتی ہے۔ ( [2] )
شبِ بَراءَت فرشتوں کی عید رات ہے
حُجَّۃُ الْاِسْلام امام محمد بن محمد غزالی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں : کہا گیا ہے کہ جیسے مُسلمانوں کے لئے عید کے 2 دِن ہیں ، ایسے ہی آسمان کے فرشتوں کے لئے 2راتیں عید کی ہیں : ( 1 ) : شبِ براءَت اور ( 2 ) : شبِ قَدْر۔ ( [3] )