Book Name:Qabar Kaise Roshan Ho
لاکھوں گنہگاروں کی مغفرت ہو جاتی ہے
تمام مسلمانوں کی پیاری اَمِّی جان حضرت عائشہ صِدِّیقہ طَیِّبَہ طاہرہ رَضِیَ اللہ عنہا فرماتی ہیں : میں نے ایک رات سرورِ کائنات ، شاہِ موجودات صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کو بستر مبارک پر نہ دیکھا ، تلاش کیا تو معلوم ہوا کہ آپ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم بقیعِ پاک میں ہیں ، پیارے نبی ، رسولِ ہاشمی ، مُحَمَّدِ عربی صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : بیشک اللہ پاک شعبان کی 15 وِیں رات آسمانِ دُنیا پر تجلی فرماتا ہے ، پس اس رات قبیلہ بَنُو کلب کی بکریوں کے بالوں سے بھی زیادہ گنہگاروں کو بخش دیتا ہے۔ ( [1] ) بَنُو کلب عرب کا ایک قبیلہ ( Tribe ) تھا ، کتابوں میں لکھا ہے : یہ لوگ بہت زیادہ بکریاں پالتے تھے۔ ( [2] )
سُبْحٰنَ اللہ ! ایک بکری کے جسم پر جتنے بال ہوتے ہیں ، کون ان کی گنتی ( Counting ) کر سکتا ہے ؟ معلوم ہوا؛آج کی رات ہزاروں ، لاکھوں بلکہ کروڑوں لوگوں کی مغفرت کر دی جاتی ہے۔
براءَت دے عذابِ قبر سے ، نارِ جہنّم سے مہِ شعبان کے صدقے میں کر فضل و کرم مولیٰ ( [3] )
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب ! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
اے عاشقانِ رسول ! ہم نے سُنا ! سرکارِ عالی وقار ، مکی مدنی تاجدار صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم شبِ براءَت کو بقیعِ پاک تشریف لے گئے۔ بقیع شریف مدینۂ منورہ کا مشہور قبرستان ہے۔