Book Name:Shab e Barat Kese Guzarain

گُنَاہ اللہ پاک سے جنگ ہے

اللہ پاک ہم سب کو گُنَاہوں سے محفوظ فرمائے ، اِخْلاص کے ساتھ ، دِل لگا کر کثرت سے عبادت کرنے والا بنائے۔ یقین مانیئے ! اللہ و رسول کی  نافرمانی دُنیا و آخرت میں ذِلّت کا سبب ہے۔ حضرت امام حسن بصری رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ فرمایا کرتے تھے : اے اِبْنِ آدم ! تیری ہلاکت ہو ! کیا تُو اللہ پاک سے مقابلہ کرنا چاہتا ہے ؟ ہاں ! ہاں ! جس نے اللہ پاک کی نافرمانی کی گویا اس نے اللہ پاک سے جنگ کی۔ ( [1] )

پیارے اسلامی بھائیو !  موت ہر لمحہ قریب آ رہی ہے ،  آج شبِ براءَت ہے مگر زِندگی کا کیا بھروسہ ، نہ جانے ہم کل کا سورج بھی دیکھنے میں کامیاب ہو پائیں گے یا نہیں ؟ آج کی رات بہت سے لوگوں کی زندگی کا فیصلہ ہوجائے گا  اللہ پاک ہمیں نیکیوں والی لمبی زندگی عطا فرمائے۔ نیت کیجئے کہ اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم ! جتنی بھی زندگی اللہ پاک نے عطا فرمائی ہے اسے نیکیوں میں گزاریں گے۔ اللہ پاک ہمیں توفیق نصیب کرے۔

آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ سَلَّم   

15  شعبان کا روزہ رکھئے !

مسلمانوں کے چوتھے خلیفہ اَمِیْرُ الْمُؤمنین مولا علی رَضِیَ اللہ عنہ سے روایت ہے ،  نبئ کریم ، رَءُوْف رَّحیم  صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ سَلَّم  کا فرمانِ عظیم ہے :  جب 15 شعبان کی رات آئے تو ان میں قیام  ( یعنی عِبَادت )  کرو اور دِن میں روزہ رکھو !  ( [2] )  


 

 



[1]...عُیُون الحکایات ، حصہ اوّل ، صفحہ : 52۔

[2]...اِبْنِ ماجہ ، جلد : 2 ، صفحہ : 160 ، حدیث : 1388۔