Book Name:Ameer e Ahl e Sunnat Ka Ishq e Rasool
ایک مرتبہ مدنی مذاکرے میں امیر اہلسنت سے سوال ہوا : دل میں عشقِ رسول کیسے بڑھایاجاسکتا ہے ؟ اس کے جواب میں آپ نے فرمایا : سرکار صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم پر کثرت سے دُرُود پاک پڑھنا عشقِ رسول بڑھانے کا بہترین ذَرِیعہ ہے۔ مزید یہ کہ آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے جو ہم پر اِحسانات کئے ان کو یاد کرتے رہنے سے بھی محبت میں اِضافہ ہوتا ہے کہ ہمارے پیارے آقا صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم اُمّت کی بخشش کے لئے رویا کرتے تھے ( [1] ) حالانکہ کون دوسروں کے لئے روتا ہے ! ہمارے آقا صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم اپنے لئے نہیں روتے تھے ، بلکہ ہمارے لئے روتے تھے۔ اِنْ شَآءَ اللہ قبر میں بھی اُن کا ساتھ ملے گا ، اُن کا کرم شاملِ حال رہا تو نزع میں جَلوہ بھی دِکھائیں گے ، یہاں تک کہ قیامت کے دن پُل صِراط سے اُمّت گزرر ہی ہوگی اور یہ بارگاہِ خُداوندی میں رَبِّ سَلِّمْ ! رَبِّ سَلِّمْ ! عرض کررہے ہوں گے کہ یا اللہ ! میری اُمّت کو سَلامتی سے گزار دے۔ ( [2] ) وہاں بھی دُعائیں ہورہی ہوں گی ، اس طرح شفاعت فرمائیں گے۔ یوں سرکار عَلَیْہِ السَّلَام کے اِحسانات اتنے ہیں کہ ہم گِن ہی نہیں سکتے ، ان اِحسانات کو یاد کرتے رہنے سے بھی محبت بڑھتی چَلی جائے گی۔ ( [3] ) بَرادرِ اعلیٰ حضرت مولانا حَسَن رضا خان صاحِب رَحمۃُ اللہ علیہ کا ایک شعر ہے :
شکر ایک کَرَم کا بھی اَدا ہو نہیں سکتا دِل اُن پہ فِدا جانِ حَسن اُن پہ فِدا ہو ( [4] )
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب ! صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد