Book Name:Nazool e Quran Ka Aik Maqsid

پھر ضروری ہے کہ اِن خیالات کو دِل میں پختہ کیا جائے ، مثلاً روزانہ رات کو تنہائی میں بیٹھ کر قبر وآخرت کا تصور کیا جائے ، بار بار قبرستان حاضِری دی جائے یُوں بار بار خوفِ خُدا والے خیالات کا تصور جماتے رہنے سے اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم ! آہستہ آہستہ یہ خیالات دِل میں پختہ ہو جائیں گے ، پھر یہی خوفِ خُدا محض خیال نہیں بلکہ صِفَّت بن جائے گی ، یہ خوفِ خُدا کا وہ درجہ ہے جسے امام غزالی رَحمۃُ اللہ علیہ نے احیاء العلوم میں مقامِ خوف فرمایا ہے۔

اللہ پاک ہمیں قبر و آخرت کی فِکْر اور خوفِ خُدا کی انمول دولت نصیب فرمائے۔

 اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖنَ  صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ۔

12 دینی کاموں میں سے ایک دینی کام : مدرسۃ المدینہ بالغان

پیارے اسلامی بھائیو ! گناہوں سے چھٹکارا پانے کے لئے ، اللہ و رسول صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانبردار بندہ بننے کے لئے  عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے دِینی ماحول سے وابستہ ہو جائیے ! 12 دینی کاموں میں بھی خوب بڑھ چڑھ کر حِصَّہ لیجئے ! اس کی برکت سے اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم ! دِین و دُنیا کی بےشُمار بھلائیاں نصیب ہوں گی۔ 12 دینی کاموں میں سے ایک دِینی کام مدرسۃ المدینہ بالغان بھی ہے۔

اَلْحَمْدُ للّٰہ ! دعوتِ اسلامی کے تحت مسجدوں میں ، سکول و کالج اور مارکیٹوں وغیرہ میں لگنے والے مدارِسُ المدینہ بالغان میں بڑی عمر کے اسلامی بھائیوں کو تجوید کے ساتھ قرآنِ کریم پڑھنا سکھایا جاتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ بنیادی ضروری اَحْکام و مَسَائل اور سنتیں و آداب بھی سکھائے جاتے ہیں۔