Book Name:Muhabbat e Ilahi Ka Amali Izhar

مسلمان اللہ پاک سے شدیدمحبّت کرتے ہیں

پارہ : 2 ، سورۂ بقرہ ، آیت : 165 میں اللہ پاک فرماتا ہے :

وَ مِنَ النَّاسِ مَنْ یَّتَّخِذُ مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ اَنْدَادًا یُّحِبُّوْنَهُمْ كَحُبِّ اللّٰهِؕ-وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اَشَدُّ حُبًّا لِّلّٰهِؕ       

( پارہ : 2 ، البقرہ : 165 )

ترجمہ کنزُ العِرفان : اور کچھ لوگ اللہ کے سِوا اَور معبود بنا لیتے ہیں ، انہیں اللہ کی طرح محبوب رکھتے ہیں اور ایمان والے سب سے زیادہ اللہ سے محبّت کرتے ہیں۔

اس آیتِ کریمہ میں 2  طرح کی محبتوں کا موازنہ کیا گیا ہے :  ( 1 ) : کافِر کی اپنے جھوٹے خُداؤں سے محبّت  ( 2 ) : مؤمن کی اپنے سچّے خُدا سے محبّت۔ اللہ پاک نے فرمایا :

وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اَشَدُّ حُبًّا لِّلّٰهِؕ

یعنی کافِر اپنے جھوٹے خُداؤں سےمحبّت تو کرتے ہیں مگر مؤمن بندہ اپنے سچّے خُدا سے جتنی شدید ، جتنی پکّی اورگہری محبّت کرتا ہے ، ایسی محبّت  نہیں کرتے۔

آخر کیا فرق ہے ؟ مؤمن بندے کی اپنے رَبّ سے محبّت پکّی کیوں ہے ؟ * ہم مسلمان اللہ پاک کی عِبَادت کرتے ہیں تو کافِر بھی اپنے جھوٹے خُداؤں کی عِبَادت کرتے ہیں  * ہم مسلمان اپنے رَبّ کی رضا کے لئے مال قربان کرتے ہیں تو کافِر بھی اپنے جُھوٹے خُداؤں کے لئےمال خرچ کرتے ہیں * ہم مسلمان اگراللہ پاک کا ہر حکم مانتے ہیں تو کافِر بھی اپنے باطِل دِین کی پَیْروِی کرتے ہیں۔ پِھر کیا وجہ ہے ؟ یہ کیوں فرمایا گیا کہ کافِر اپنے جھوٹے خُداؤں سے اتنی پکّی محبّت نہیں کرتے جتنی پکّی محبّت مسلمان اپنے سچّے خُدا سے کرتے ہیں ؟