Book Name:Pyaray Aaqa Ka Pyara Naam

بیان سننے کی نیتیں

حدیثِ پاک میں ہے : اِنَّمَا الْاَعْمَالُ بِالنِّیّات اَعْمَال کا دار ومدار نیتوں پر ہے۔ ( [1] )  

اے عاشقانِ رسول ! اچھی اچھی نیتوں سے عمل کا ثواب بڑھ جاتا ہے۔ آئیے ! بیان سننے سے پہلے کچھ اچھی اچھی نیتیں کر لیتے ہیں ، مثلاً نیت کیجئے ! * رضائے الٰہی کے لئے پورا  بیان سُنوں گا * بااَدَب بیٹھوں  گا * خوب تَوَجُّہ سے بیان سُنوں گا * جو سنوں گا ، اسے یاد رکھنے ، خُود عمل کرنے اور دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کروں گا * اور  پیارے آقا ، آخری نبی ، رسولِ ہاشمی صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی آمد کی خوشی میں جھوم جھوم کر نعرےبھی لگاؤں گا * ذِکْرِ مصطفےٰ سُن کر دِل ٹھنڈا کروں گا۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب !                                                صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد

اے عاشقان ِ رسول ! * آج جشنِ وِلادت کی عظیم ، سہانی رات ہے آج وہ رات ہے کہ اس رات آسمان و زمین میں خوشیاں ہی خوشیاں تھیں * آج وہ رات ہے کہ اس رات زمانے میں نُور بانٹا گیا * آج وہ رات ہے جس کی صبح کو اُجالا پھیلا * اندھیرے چھٹ گئے * آج وہ رات ہے کہ جس رات کفر پر زلزلہ آیا ، قیصر و کسریٰ کے محلّات لرز کر رہ گئے * آج وہ رات ہے کہ جس کی صبح کو بہار آئی ، زمانہ گلزار ہو گیا * آج وہ رات ہے کہ جس رات حضرت جبریلِ امین عَلَیْہِ السّلام نے مشرق و مغرب اور کعبے کی چھت پر جھنڈا گاڑا * زمین و آسمان میں سلطانِ دوجہاں صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کا خطبہ پڑھا گیا  * آج وہ رات ہے کہ جس رات کی صبح کو عالَم کا رنگ بدلا ،  سوتے نصیب جاگ گئے ، قسمت چمک گئی


 

 



[1]...بخاری ، کِتَاب بَدءُ الْوَحی ، صفحہ : 65 ، حدیث : 1۔