Book Name:Pyaray Aaqa Ka Pyara Naam

( 1 ) : نامِ پاک : اُمّی

ہمارے پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کا ایک پیارا پیارا نام ہے : اُمِّی۔ بڑا مشہور و معروف نام ہے ، قرآنِ کریم میں بھی آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کا یہ نامِ پاک آیا ہے۔ اللہ پاک فرماتا ہے :

اَلَّذِیْنَ یَتَّبِعُوْنَ الرَّسُوْلَ النَّبِیَّ الْاُمِّیَّ   ( پارہ : 9 ، الاعراف : 157 )

ترجمہ کنزُ العِرفان : وہ جو اس رسول کی اتباع کریں جو غیب کی خبریں دینے والے ہیں ، جو کسی سے پڑھے ہوئے نہیں ہیں۔

لفظِ اُمِّی کا عام معنیٰ ہوتا ہے : بےپڑھے۔ یعنی وہ شخص جس نے دُنیا میں کسی سے پڑھنا ، لکھنا نہیں سیکھا۔ یہ بڑی نِرالی بات ہے ، بےپڑھا ہونا ، پڑھنا لکھنا نہ سیکھنا ہمارے حق میں ہو تو عیب ہے لیکن اُمِّی ہونا ہمارے آقا ومولیٰ ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی بہت بڑی شان ہے ، اس ایک نامِ پاک میں پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی کیسی کیسی شانیں موجود ہیں ، آئیے سنتے ہیں :

بےمثل و بےمثال نبی

7 وِیں صدی ہجری کے بزرگ حضرت علّامہ فخر الدین حَرَّالی رحمۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں : لفظِ اُمِّی کا مطلب یہ ہے کہ اللہ پاک نے سب لوگوں کو جس فطرت پر پیدا فرمایا ، ہمارے محبوب نبی ، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کواُن سب سے جُداگانہ ، بےمثل و بےمثال فطرت پر پیدا فرمایا ہے۔ ( [1] )  


 

 



[1]...ابداء الخفا فی شرح اسماء المصطفیٰ ، اسمہ الامی ، صفحہ : 248خلاصۃً۔