Book Name:Ghous e Pak aur Islah e Ummat
پیارے اسلامی بھائیو ! آئیے ! حُضُور غوثِ پاک رحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کی تعلیمات اور آپ کی دِینی خدمات کے تعلق سے کچھ باتیں سننے کی سَعادت حاصِل کرتے ہیں:
شیخ اَبُو الْفَرَج رحمۃُ اللہِ عَلَیْہ عاشِقِ غوثِ پاک ہیں ، آپ کو حُضُور غوثِ پاک رحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کا زمانۂ مُبارَک نصیب ہوا ، زیارت کا بھی شَرَف مِلا اور حُضُور غوثِ پاک رحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کی عقیدت و محبت بھی عطا ہوئی ۔ شیخ ابُو الْفَرَج رحمۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں: ایک مرتبہ مجھے حُضُور غوثِ پاک شیخ عَبْدُالقَادِر جیلانی رحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کے مدرسے کے قریب سے گزرنے کی سَعَادت ملی ، یہ عصر کی نماز کا وقت تھا اور وہاں مسجد میں تکبیر کہی جا رہی تھی ، میں نے موقع غنیمت سمجھا کہ ایک تو نمازِ عصر باجماعت پڑھ لوں گا اور ساتھ ہی حُضُور غوثِ پاک رحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کی زیارت بھی نصیب ہو جائے گی ، چنانچہ میں جلدی سے مسجد میں داخِل ہوا ، میرا خیال تھا کہ میں باوُضُو ہوں ، چنانچہ میں جلدی سے جماعت میں شامِل ہو گیا ، حُضُور غوثِ پاک شیخ عَبْدُالقَادِر جیلانی رحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کی اقتدا میں نماز پڑھی ، جب نماز سے فارِغ ہوئے تو دِلوں کے حال سے باخبر ، بُھولے بھٹکوں کے رَہبر حُضُور غوثِ پاک رحمۃُ اللہِ عَلَیْہ میری طرف مُتَوَجّہ ہوئے اور فرمایا: اَیْ بُنَیَّ ! اے بیٹے ! اَلْغَفْلَۃُ شَامِلَةٌ لَّکَ غفلت (Heedlessness ) نے تمہیں گھیر لیا ، قَدْ صَلَّیْتَ عَلیٰ غَیْرِ وُضُوْءٍ تم نے بغیر وُضُو کئے ہی نماز پڑھ لی ہے ۔ ([1] )
قطبِ اَبْدال بھی ہے محورِ ارشاد بھی ہے مرکز دائرۂ سِرّ بھی ہے عبدالقادر