Book Name:Hadees e Qudsi Aur Shan e Ghous e Azam

غوثِ پاک  رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ  قاسِمِ وِلایَت ہیں

علّامہ عبد القادِر اَرْبَلِی  رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ  لکھتے ہیں:جب اللہ پاک اپنے بندوں میں سے کسی کو تاجِ وِلایت عطا فرمانا چاہتا ہے تو حکم فرماتا ہے:اس بندے کو ہمارے محبوب حضرت مُحَمَّد مصطفےٰ  صَلَّی اللہ عَلیہ وَآلہٖ و َسَلَّم  کی بارگاہ میں پیش کرو!چنانچہ اسے بارگاہِ مصطفےٰ  صَلَّی اللہ عَلیہ وَآلہٖ و َسَلَّم  میں پیش کیا جاتا ہے ، سرکارِ عالی وقار ،  مکی مدنی تاجدار  صَلَّی اللہ عَلیہ وَآلہٖ و َسَلَّم  فرماتے ہیں:اسے ہمارے شہزادے عبد ُالقادِر جِیلانی ( رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ ) کے پاس لے جاؤ!تاکہ وہ اس کی قابلیت دیکھ لیں ،  چنانچہ اسے بارگاہِ غوثیت میں پیش کر دیا جاتا ہے ،  حُضُورِ غوثِ پاک  رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ  اس کی قابلیت کو دیکھ کر اس کا نام دَفْترِ مُحَمَّدِی میں لکھ کر مُہر لگا دیتے ہیں ۔  پھر اس شخص کو دوبارہ بارگاہِ رِسالت میں پیش کیا جاتا ہے ،  قاسِمِ نعمت ،  مالِکِ جنّت ،  صاحِبِ کوثر  صَلَّی اللہ عَلیہ وَآلہٖ و َسَلَّم   اس کی وِلایت کا حکم جاری فرماتے ہیں ،  پھر اسے رُتبۂ وِلایت عطا کر دیا جاتا ہے اور وہ عالَمِ غیب و عالَمِ شہادت میں مقبول ہو جاتا ہے ۔  ([1])

سُبْحٰنَ اللہ!یہ ہیں ہمارے غوثِ اعظم ، شیخ عبد ُالقادِر جِیلانی  رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ ...! اللہ پاک نے آپ کو کیسی کیسی شانوں سے نوازا ہے ۔  اللہ پاک ہمیں حُضُور غوثِ پاک  رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ  کے دَر کا سچّا غُلام بنائے ۔  کاش!اَوْلیائے کرام کی غُلامی میں زِندگی گزاریں ، اسی غُلامی میں مَریں ،  اسی غُلامی میں روزِ قِیامت اُٹھائے جائیں اور کاش! صد کروڑ کاش!اَوْلیائے کرام کے صدقے میں بلا حِساب جنّت میں داخِلہ   نصیب ہو جائے ۔ آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صَلَّی اللہ عَلیہ وَآلہٖ و َسَلَّم ۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                               صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد


 

 



[1]...تفریح الخاطر ، صفحہ:48  ۔