Book Name:Qabar Ka Muamla Aasan Nahi

صدقہ قبر کو روشن کرتا ہے

پیارے اسلامی بھائیو!  قبر کی تاریکی کو روشنی میں اور قبر کی وحشت کو  اطمینان و سکون میں بدلنے کا ایک نیک عمل اللہ پاک کی راہ میں صدقہ کرنا بھی ہے۔ فرمانِ مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم ہے: اِنَّ الصَّدَقَۃَ لَتُطْفِئُ عَلٰی  اَہْلِہَا حَرَّ الْقُبُوْرِ یعنی بے شک صَدَقہ کرنے والوں کو صَدَقہ قَبْر کی گرمی سے بچاتا ہے وَ اِنَّمَا یَسْتَظِلُّ الْمُؤْمِنُ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ فِیْ ظِلِّ صَدَقَتِہٖ اور بِلاشُبہ مُسَلمان  قيامت کے دن اپنے صَدَقہ کے سائے میں ہو گا۔([1])

لہٰذا صدقہ دینے کی عادت بنانی چاہئے۔صدقہ دینے کے بہت زیادہ فضائل ہیں:*صَدَقہ بُرائیوں کے 70دروازے بند کرتا ہے *صَدَقہ دینے والا قیامت کے دن اپنے صدقے کے سائے میں ہو گا*صَدَقہ قَبْر کی گرمی سے بچاتا ہے*صَدَقہ گُناہوں کو ایسے مِٹا دیتا ہے جیسے پانی آگ کو بجھا دیتا ہے *صَدَقہ آفتوں، بلاؤں  کو روکتا ہے *صَدَقہ عُمْر کو بڑھاتا ہے *صَدَقہ بُری مَوت اور بُرے خاتمے سے بچاتا ہے *صَدَقہ اللہ پاک کے غضب کو بجھاتا ہے*صَدَقہ رزق میں وسعت اور مال کی کثرت کا باعث بنتا ہے *صَدَقہغربت و ناداری کو ختم کرتا ہے۔([2])اَلْغَرَض! صدقہ کئی بھلائیوں کے دروازے کھولتا ہے اور کئی بُرائیوں کے دروازے بند کرتا ہے۔ لہٰذا ہمیں خوب خوب صدقہ و خیرات دے کر اپنی قبر و آخرت کی بہتری کا سامان کرنا چاہئے۔


 

 



[1]... شُعَبُ الايمان،باب فی الزکاۃ، فصل التحریض ...الخ، جلد:3 ،صفحہ:212، حديث:3347۔

[2]... صدقے کا انعام،صفحہ:17تا 19 ملتقطًا۔