30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
سوال کس صورت میں لقطہ اٹھا لینا ضروری ہے؟
جواب اگر ظنِّ غالب ہو کہ میں نہ اٹھاؤں گا تو یہ چیز ضائع اور ہلاک ہو جائے گی تو اٹھا لینا ضروری ہے لیکن اگر نہ اٹھائے اور ضائع ہو جائےتو اس پر تاوان نہیں۔([1])
سوال لقطہ کواستعمال کی نیت سے اٹھایامگر پھر ندامت ہوئی تو کیا حکم ہے؟
جواب لقطہ کو اپنے تَصَرُّف میں لانے کیلئے اٹھایا پھر نادم ہوا کہ مجھے ایسا نہیں کرنا چاہئے اور جہاں سے لایا وہیں رکھ آیا تو بَریُٔ الذِّمہ نہ ہو گا یعنی اگر ضائع ہو گیا تو تاوان دینا پڑے گا بلکہ اس پر لازم ہے کہ مالک کو تلاش کرے اور اس کے حوالہ کر دے ۔([2])
سوال وہ کونسی صورت ہے کہ لقطہ اٹھایا ، پھر وہیں رکھ دیا اور ضائع ہوگیا مگر تاوان نہیں؟
جواب اگرلقطہ مالک کو دینے کے لیے اٹھایا تھامگر پھروہیں رکھ آیا جہاں سے لایا تھا تو ضائع ہونے کی صورت میں تاوان نہیں ۔([3])
سوال کیا لقطہ کا اعلان کرنا ضروری ہے؟
جواب جی ہاں، حدیث ِپاک میں اعلان کاحکم دیاگیاہے۔([4])
سوال لقطہ اٹھانے کے لیے کتنے عرصے تک اس کا اعلان کرنا ضروری ہے؟
جواب لقطہ اٹھانے والےپراُس کی تشہیر کرنالازم ہے یعنی بازاروں اور شارعِ عام اور مَساجد میں اُس وقت تک اعلان کرے کہ ظن غالب ہو جائے کہ مالک اب تلاش نہ کرتا ہو گا ۔([5])
سوا ل شادی میں لُٹانے کے لیے دیئے گئے پیسے کسی اور کولُٹانے کے لیے دینا کیسا ؟
جواب شادیوں میں روپے پیسے لٹانے کے لیے جس کو دیئے وہ خود لٹائے ، دوسرے کو لٹانے کے لیے نہیں دے سکتا اورکچھ بچا کر اپنے لئے رکھ لے یا گرا ہوا (روپیہ پیسہ) خود اٹھالے یہ جائز نہیں۔([6])
سوال شادی میں چھوہارے وغیرہ لُٹانے کے لیے کسی کو دیئے تو کیا حکم ہے ؟
جواب شکر چھوہارے لٹانے کو دیئے تو بچا کر کچھ رکھ سکتا ہے اور دوسرے کو بھی لُٹانے کے لیے دے سکتا ہے اور دوسرے نے لُٹائے تو اب وہ بھی لُوٹ سکتا ہے۔([7])
سوال کیا کوئی ایسی دعا ہے جس کے پڑھنے سے گمی ہوئی چیز مل جائے؟
جواب جی ہاں، جب کوئی چیز گم ہو جائے تو یہ دعا پڑھیں: ’’ یَاجَامِعَ النَّاسِ لِیَوْمٍ لَّا رَیْبَ فِیْہِ اِنَّ اللہَ لَا یُخْلِفُ الْمِیْعَادَ اِجْمَعْ بَیْنِیْ وَبَیْنَ ضَآلَّتِیْ ‘‘ ضَآلَّتِی کی جگہ اس گمشدہ چیز کا نام ذکر کرے وہ چیز مل جائے گی۔ امام نووی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں: اس کو میں نے آزمایا ہے گمی ہوئی چیز جلد مل جاتی ہے۔([8])
سوال وقف کے کیا معنی ہیں؟
جواب وقف کے یہ معنی ہیں کہ کسی شے کو اپنی ملک سے خارج کرکے خالص اللہعَزَّوَجَلَّ کی ملک کردیا جائے اس طرح کہ اس کا نفع بندگانِ خدا میں سے جس کو چاہے ملتا رہے۔([9])
سوال وقف کی چیز میں مالکانہ تصرف کرنا کیسا ہے؟
جواب وقف میں تصرفِ مالکانہ حرام ہے اور مُتولِّی جب ایسا کرے تو فرض ہے کہ اسے نکال دیں اگرچہ (وہ)خود واقف (یعنی وقف کرنے والا ہی)ہو۔([10])
سوال چندہ کیسے استعمال کیا جائے ؟
جواب چندے کا اُصو ل یہ ہے کہ جس مَدّ (یعنی عُنوان)میں وُصول کیا اُس کے علاوہ کسی اور مَدّ میں استعمال کرنا گناہ ہے۔([11])
سوال اجتماع کے لیے کیا گیا چندہ بچ گیا تو کیا کریں؟
جواب چندہ دینے والے اگر معلوم ہوں توبچی ہوئی رقم اُنہیں کو لوٹانی ضَروری ہے، اُن کی اجازت کے بِغیر کسی دوسرے مَصرف میں استعمال کرنا جائز نہیں اور اگر معلوم نہ ہوں تو جس کام کے لئے چندہ دینے والوں نے دیاتھا اسی میں صَرف کریں (مَثَلاً سنّتوں بھرے اجتماع کے لئے دیا تھا تو کسی دوسرے سنّتوں بھرے اجتماع پر خرچ کریں)اگر اس طرح کا کوئی دوسرا کام نہ پائیں تو فقرا پر تصدُّق کریں۔([12])
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع