30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط
اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ط بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط
دُعائے عطار:یا اللہ پاک!جو کوئی 17صفحات کا رسالہ’’درود شریف کی برکتیں‘‘ پڑھ یا سُن لے اُس سے ہمیشہ کیلئے راضی ہو جا اور اُس کو مدینۂ پا ک میں دُرودوسلام پڑھتے ہوئے جلوۂ محبوب صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم میں عافیت کے ساتھ شہادت عطافرما۔اٰمِین بِجاہِ النَّبِیِّ الْاَمین صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
کثرت سے دُرُود پاک پڑھنے والی بچی
ایک مرتبہ حضرت شیخ محمد بن سلیمان جَزولی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ وُضُو کرنے کے لئے ایک کنویں پر گئے مگر اُس سے پانی نکالنے کے لئے کوئی چیزپاس نہ تھی۔شَیخ پریشان تھے کہ کیاکریں ؟ اتنے میں ایک اُونچے مکان سے بچی نے دیکھا تو کہنے لگی : یاشیخ! آپ وہی ہیں ،جن کی نیکیوں کا بڑا چَرچا ہے، اِس کے باوُجُود آپ پریشان ہیں کہ کنویں سے پانی کس طرح نکالوں !پھراس بچی نے کنویں میں اپنا لُعَاب (یعنی تُھوک) ڈال دیا۔ تھوڑی ہی دیر میں کنویں کا پانی بڑھنا شروع ہوگیا حتی کہ کِناروں سے نکل کر زمین پر بہنے لگا ۔ شیخ نے وُضُو کیا اور اُس بچی سے کہنے لگے :میں تمہیں قسم دے کر پوچھتا ہوں کہ تم نےیہ مرتبہ کیسےحاصل کیا؟اس بچی نے جواب دیا:میں رسولِ کریم، رء ُوفٌ رَّحیم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم پرکثرت سے دُرُودِ پاک پڑھتی ہوں۔یہ سُن کرحضرتِ شیخ سلیمان جَزولی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ نے قسم کھائی کہ میں دربارِ رِسالت میں پیش کرنے کے لئے دُرُود و سلام کی کتاب ضرور لکھوں گا۔(مطالع المسرات مترجم،ص۳۳،۳۴) پھرآپ نے ”دَلَا ئِلُ الْخَیْرَات “نامی کتاب تحریر فرمائی جو بَہُت مشہور ہوئی۔
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب صلَّی اللہُ علٰی محمَّد
’’بسم اللہ‘‘ کے سات حُرُوف کی نسبت سے دُرُود شریف کے 7فضائل
(1)حضرتِ سیِّدُناابو ہُر یر ہ رَضِیَ اللہ عَنْہُ سے روایت ہےکہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَروَر صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کافرمانِ رُوح پرور ہے کہ جس نےمجھ پر ایک مرتبہ دُرُود پاک پڑھا اللّٰہ پاک اُس پر دس رحمتیں نازِل فرمائے گا۔ (صَحِیح مُسلِم ،ص۲۱۶حدیث: ۴۰۸)
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب صلَّی اللہُ علٰی محمَّد
(2)حضرتِ سیِّدُنا اَنس بن مالک رَضِیَ اللہ عَنْہُ سے مروی ہے کہ محبوبِ ربُّ العزّت، محسنِ انسانیت صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا ارشادِ رحمت بنیادہے : جس نے مجھ پرایک مرتبہ دُرُو د پاک پڑھا اللّٰہ پاک اس پر دس رحمتیں نازل فرمائے گا اس کے دس گناہ مٹادے گا۔ ( اَلْاِحْسَان بترتیبِ صَحِیْح ابْنِ حَبَّان، ج۲ ص۱۳۰حدیث:۹۰۱)
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب صلَّی اللہُ علٰی محمَّد
(3)حضرتِ سیِّدُناابوبَردہ بن نیار رَضِیَ اللہ عَنْہُ سےمروی ہےکہ رسول اکرم، شہنشاہ ِ بنی آدم صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کافرمانِ برکت نشان ہے:میری اُمّت میں سےجس نے صدقِ دل سے ایک مرتبہ دُرُود پاک پڑھا ، اللّٰہ کریم اس پر دس رحمتیں ناز ِل فرمائے گا اور اس کے لیے دس نیکیا ں لکھے گااور اس کے دس درجا ت بُلند فرمائے گا اور اس کے دس گناہ مٹا دے گا۔(معجم کَبِیْر،ج۲۲ ص۱۹۵ حدیث:۵۱۳)
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب صلَّی اللہُ علٰی محمَّد
(4)حضرتِ سیِّدُنا ابواُمامہ رَضِیَ اللہ عَنْہُ سےمروی ہےکہ پیکر ِحسن وجمال، رسولِ بے مثالصَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کافرمانِ با کمال ہے:ہرجمعہ کے دن مجھ پر دُرُو د پاک کی کثرت کیاکرو بے شک میری اُمّت کا دُرُود ہر جمعہ کے دن مجھ پر پیش کیاجا تا ہے، (قیامت کے دن)لوگو ں میں سے میرے زیادہ قریب وُہی شخص ہوگا جس نے (دنیا میں ) مجھ پر زیادہ دُرُود پڑھا ہوگا ۔
(سُنَنُ الْکُبرٰی، ج۳ ص۳۵۳ حدیث:۵۹۹۵)
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب صلَّی اللہُ علٰی محمَّد
(5)حضرتِ سیِّدُنا ابن ِمسعود رَضِیَ اللہ عَنْہُ سےمروی ہے کہ ہم بے کسوں کے مددگار، شفیع روزِشُمار صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کافرمان ہے : بے شک قِیامت کے دن میرے سب سے زیادہ قریب وہ شخص ہوگا جس نے دنیا میں مجھ پرزیادہ درو د پڑھا ہوگا ۔ ( اَلاحسَان بترتیبِ صَحِیْح ابْنِ حَبَّان، ج۲ ص۱۳۳ حدیث: ۹۰۸)
(6)حضورنبی کریم،رؤف رّحیم صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا :اے لوگو! بیشک تم میں سے بروز قیامت اس کی دہشتوں اور حساب کتاب سے جلدنَجات پانے والاوہ شخص ہوگا جس نے دنیا میں مجھ پر کثرت سے دُرُود پڑھا ہو گا۔ (فِرْدوْسُ الْاَخْبَار ،ج۲ ص۴۷۱ حدیث:۸۲۱۰)
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب صلَّی اللہُ علٰی محمَّد
(7) اللہ کریم کےآخری نبی صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ رحمت نشان ہے: ’’ مجھ پر کثرت سے دُرُود پاک پڑھو بے شک تمہارا مجھ پر دُرُود پاک پڑھنا تمہارے گناہوں کیلئے مغفرت ہے۔
(جامع الصغیر،ص۸۷ حدیث : ۱۴۰۶)
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع