اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ علٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط
اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ط بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط
حُسینی دُولھا ( )
شیطٰن لاکھ سُستی دلائے16 صفحات کا یہ بیان مکمل پڑھ لیجئے اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ وَجَلَّ آپ اپنے دل میں مَدَنی انقِلاب برپا ہوتا محسوس فرمائیں گے ۔
حضرتِ سیِّدُناشیخ محمد بن سُلیمان جَزُولی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں : میں سفر پر تھا، ایک مقام پر نَماز کا وقت ہو گیا، وہاں کُنواں تو تھا مگر ڈَول اور رسی نَدارَد ( یعنی غائب) میں اِسی فکر میں تھا کہ ایک مکان کے اوپر سے ایک مَدَنی مُنّی نے جھانکا اور پوچھا: آپ کیا تلاش کر رہے ہیں ؟ میں نے کہا : بیٹی ! رسّی اور ڈَول ۔ اُس نے پوچھا: آپ کا نام ؟ فرمایا: محمد بن سُلیمان جَزُولی ۔ مَدَنی مُنّی نے حیرت سے کہا: اچّھا آپ ہی ہیں جن کی شُہرت کے ڈنکے بج رہے ہیں اور حال یہ ہے کہ کُنویں سے پانی بھی نہیں نکال سکتے ! یہ کہہ کر اُس نے کُنویں میں تھوک دیا۔ کمال ہو گیا! آناً فاناً پانی اوپر آگیا اور کنویں سے چھلکنے لگا ۔ آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ نے وُضُو سے فراغت کے بعد اُس باکمال مَدَنی مُنّی سے فرمایا: بیٹی! سچ بتاؤتم نے یہ کمال کس طرح حاصِل کیا؟ کہنے لگی: ’’ میں دُرُودِ پاک پڑھتی ہوں ، اِسی کی بَرَکت سے یہ کرم ہوا ہے۔‘‘ آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں : اُس باکمال مَدَنی مُنّی سے مُتأَثِّر ہو کر میں نے وَہیں عہد کیا کہ میں دُرُود شریف کے متعلِّق کتاب لکھوں گا۔ (سعادۃُ الدّارین ص ۱۵۹ دارالکتب العلمیۃ بیروت) چُنانچِہ آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ نے دُرُود شریف کے بارے میں کتاب لکھی جو بے حد مقبول ہوئی اور اُس کتاب کانام ہے: ’’دلائلُ الخیرات‘‘
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! ابھی پچھلے دنوں ہم نے کربلا کے عظیم شہیدوں عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کی یاد منائی ہے۔ آئیے! میں آپ کو کربلا کے حُسینی دُولھا کی درد انگیز داستان سناؤں۔ چُنانچہ صدرُالْاَ فاضِل حضرت علّامہ مولانا سیِّد محمد نعیم الدّین مُراد آبادی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْہَادِی اپنی مشہور کتاب ’’سوانِحِ کربلا‘‘ میں نقل کرتے ہیں :
حضرتِ سیِّدنا وَہب ابن عبداللہ کلبی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ قبیلہ بنی کلب کے نیک خُو اور خوبرو جوان تھے ، عُنفُوانِ شباب، اُمنگوں کا وَقت اور بہاروں کے دن تھے ۔ صِرف سترہ روز شادی کو ہوئے تھے اور ابھی بِساطِ عِشرت ونَشاط گرم ہی تھی کہ والد ۂ ماجِدہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَاتشریف لائیں جو ایک بیوہ خاتون تھیں اور جن کی ساری کمائی اور گھر کا چَراغ یہی ایک نو جوان بیٹا تھا۔ مادرِ مُشْفِقَہ نے رونا شروع کر دیا۔ بیٹا حیرت میں آ کر ماں سے پوچھتا ہے: پیاری ماں ! رنج و ملال کا سبب کیا ہے؟ مجھے یاد نہیں پڑتا کہ میں نے اپنی عمر میں کبھی آپ کی نافرمانی کی ہو، نہ آئندہ ایسی جرأت کر سکتا ہوں۔ آپ کی اطاعت و فرماں برداری مجھ پر فرض ہے اور میں اِنْ شَآءَاللہ عَزَّوَجَلَّ تابہ زندگی مُطیع و فرمانبردار ہی رہوں گا۔ ماں ! آپ کے دل کو کیا صدمہ پہنچا اور آپ کو کس غم نے رُلایا؟ میری پیاری ماں ! میں آپ کے حکم پر جان بھی فِدا کرنے کو تیّار ہوں آپ غمگین نہ ہوں۔ سعادت مند اکلوتے بیٹے کی یہ سعادت مندانہ گفتگو سُن کر ماں اوربھی چیخ ما ر کر رونے لگی اور کہنے لگی: اے فرزندِدِلبند ! تُو میری آنکھ کا نور، میرے دل کا سُرور ہے اے میرے گھر کے روشن چَراغ اور میرے باغ کے مَہکتے پھول ! میں نے اپنی جان گھلا گھلا کر تیری جوانی کی بہار پائی ہے۔ تُو ہی میرے دل کا قرار اور میری جان کا چَین ہے۔ ایک پَل تیری جدائی اور ایک لمحہ تیرا فِراق مجھ سے برداشت نہیں ہو سکتا۔
چُو دَر خَواب باشَم تُوئی دَر خَیالَم
چُو بَیدار گردَم تُوئی دَر ضَمِیرَم
(یعنی جب سوؤں تو میرے خوابوں اور خیالوں میں بھی تو اور جب جاگوں تو میرے دل کی یادوں میں بھی تو) اے جان مادر! میں نے تجھے اپنا خونِ جگر پلایا ہے۔ آج اِس وقت دشتِ کربلا میں نواسۂ محبوبِ رَبّ ذُوالجلال ، مولیٰ مشکل کُشا کا لال، خاتونِ جنّت کا نونہال، شہزداۂ خوش خِصا ل ظلم وستَم سے نِڈھال ہے۔ میرے لال! کیا تجھ سے ہو سکتا ہے کہ تُو اپنی جان اس کے قدموں پر قربان کر ڈالے ! اِس بے غیرت زندگی پر ہزار تُف ہے کہ ہم زندہ رہیں اور سلطانِ مدینۂ منوَّرہ ، شہنشاہِ مکۂ مکرَّمہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا لاڈلا شہزادہ ظلم و جَفاکے ساتھ شہید کر دیا جائے۔اگر تجھے میری مَحَبَّتیں کچھ یاد ہوں اور تیری پرورش میں جومشَقَّتیں میں نے اٹھائی ہیں ان کو تُو بھولا نہ ہو تو اے میرے چمن کے مہکتے پھول ! تُوپیارے حسین رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کے سر پر صَدقے ہو جا۔ حُسینی دولھا سیِّدُنا وَہب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے عرض کی: اے مادرِ مہربان ، خوبیٔ نصیب ، یہ جان شہزادہ حسین رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ پر قربان ہو میں دل و جان سے آمادہ ہوں ، ایک لمحہ کی اجازت چاہتا ہوں تا کہ اُس بی بی سے دو باتیں کر لوں جس نے اپنی زندگی کے عیش و راحت کا سہرا میرے سر پر باندھا ہے اور جس کے ارمان میرے سوا کسی کی طرف نظر اٹھا کر نہیں دیکھتے ۔ اس کی حسرتوں کے تڑپنے کا خیال ہے، اگر وہ چاہے تو میں اس کو اجازت دے دوں کہ وہ اپنی زندگی کوجس طرح چاہے گزارے۔ ماں نے کہا : بیٹا ! عورتیں ناقِصُ الْعقل ہوتی ہیں ، مَبادا تو اُس کی باتوں میں آجائے اور یہ سعادت سَرمَدی تیرے ہاتھوں سے جاتی رہے۔ حُسینی دولھا سیِّدُنا وَہب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے عرض کی: پیاری ماں ! اما مِ حُسین رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی مَحَبَّت کی گرہ دل میں ایسی مضبوط لگی ہے کہ اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کو کوئی کھول نہیں سکتا اور ان کی جاں نثاری کا نقش دل پر اس طرح کندہ ہے جو دنیا کے کسی بھی پانی سے نہیں دھویا جا سکتا۔ یہ کہہ کر بی بی کی طرف آئے اور اسے خبردی کہ فرزندِ رسول صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ، ابنِ فاطمِہ بَتُول، گلشنِ مولیٰ علی کے مہکتے پھول میدانِ کربلا میں رَنجیدہ و مَلُول ہیں۔ غدّاروں نے ان پر نَرغہ کیا ہے۔ میری تمنّا ہے کہ ان پر جان قربان کروں۔ یہ سن کر نئی دُلہن نے ایک آہِ سرددلِ پُر درد سے کھینچی اور کہنے لگی: اے میرے سرکے تاج ! افسوس کہ میں اس جنگ میں آپ کا ساتھ نہیں دے سکتی۔ شریعتِ اِسلامیہ نے عورتوں کو لڑنے کے لئے میدان میں آنے کی اجازت نہیں دی۔ افسوس ! اِس سعادَت میں میرا حصّہ نہیں کہ تیرے ساتھ میں بھی دشمنوں سے لڑ کر امام عالی مقام رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ پر اپنی جان قربان کروں۔ سبحٰنَ اللہ عَزَّوَجَلَّ آپ نے تو جنّتی چَمَنِستان کا ارادہ کر لیا وہاں حُوریں آپ کی خدمت کی آرزُومند ہو ں گی۔ بس ایک کرم فرما دیں کہ جب سردار انِ اہلبیت عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کے ساتھ جنّت میں آپ کیلئے نعمتیں حاضِر کی جائیں گی اور جنّتی حُوریں آپ کی خدمت کیلئے حاضِر ہوں گی، اُس وَقت آپ مجھے بھی ہمراہ رکھیں۔ حُسینی دُولھا اپنی اُس نیک دُلہن اور برگُزِیدہ ماں کو لے کر فرزندِ رسول صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی خدمت میں حاضِر ہوا۔ دُلہن نے عرض کی: اے اِبْنَ رسول! شُہَداء گھوڑے سے زمین پر گرتے ہی حُوروں کی گود میں پہنچتے ہیں اورغِلمانِ جنّت کمالِ اطاعت شِعاری کے ساتھ ان کی خدمت کرتے ہیں۔ ’’ یہ‘‘ حُضُورپر جاں نثاری کی تمنّا رکھتے ہیں۔ اور میں نہایت ہی بے کس ہوں ، کوئی ایسے رِشتہ دار بھی نہیں جو میری خبر گیری کر سکیں۔ التِجا یہ ہے کہ عرصہ گاہ محشر میں میری ’’ ان‘‘ سے جُدائی نہ ہو، اور دنیا میں مجھ غریب کو آپ کے اہلبیت اپنی کنیزوں میں رکھیں ، اور میری تمام عمر آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کی پاک بیبیوں رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُنَّ کی خدمت میں گزر جائے۔ حضرت امامِ عالی مقام رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کے سامنے یہ تمام عہدو پَیماں ہو گئے اور سیِّدُنا وَہب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے بھی عرض کر دی کہ یا امامِ عا لی مقام! اگر حُضُور تاجدارِ رسالت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی شفاعت سے مجھے جنّت ملی تو میں عرض کروں گا : یَارَسُولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ یہ بی بی میرے ساتھ رہے ۔ حُسینی دُولھا سیِّدُنا وَہب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ امامِ عالی مقام رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے اجازت لے کر میدان میں چل دیئے۔ یہ دیکھ کر لشکرِ اَعداء پر لرزہ طاری ہو گیا کہ گھوڑے پر ایک ماہ رُو شہسوار اَجَلِ ناگہانی کی طرح لشکر کی طرف بڑھا چلا آرہا ہے ہاتھ میں نیزہ ہے دَوش پر سِپَرہے اور دل ہِلا دینے والی آواز کے ساتھ یہ رَجز پڑھتا آ رہا ہے: ؎
اَمِیْرٌ حُسَیْنٌ وَ نِعمَ الْاَ مِیر
لَہٗ لَمْعَۃٌ کَا لسِّرَاجِ الْمُنِیر
(یعنی حضرتِ حسین رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ امیر ہیں اور بَہُت ہی اچّھے امیر۔ ان کی چمک دمک روشن چَراغ کی طرح ہے۔ )
برقِ خاطف (یعنی اچک لینے والی بجلی) کی طرح میدان میں پہنچے ، کوہ پیکر گھوڑے پر سِپہ گری کے فُنُون دکھائے، صَفِ اَعداء سے مُبارِز طلب فرمایا ، جو سامنے آیا تلوار سے اُس کا سر اڑایا ۔ گِردو پیش خُود سروں (یعنی سرکشوں ) کے سروں کا انبار لگا دیا۔ ناکسوں (یعنی نا اہلوں ) کے تن خاک و خون میں تڑپتے نظر آنے لگے۔ یکبار گی گھوڑے کی باگ مَوڑدی اور ماں کے پاس آ کر عرض کی کہ اے مادرِ مُشفِقہ! تُو مجھ سے اب تو راضی ہوئی! اور دُلہن کے پاس پہنچے جو بے قرار رو رہی تھی اور اس کو صَبر کی تلقین کی ۔اتنے میں اَعداء (یعنی دشمنوں ) کی طرف سے آواز آئی: ھَل مِنْ مُّبَارِز؟ یعنی کوئی ہے مقابلہ پر آنے والا ؟ سیِّدُنا وَہب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ گھوڑے پر سَوار ہو کر میدان کی طرف روانہ ہوئے ۔ نئی دُلہن ٹکٹکی باندھے اُن کو جاتا دیکھ رہی ہے اور آنکھوں سے آنسوؤں کے دریا بہا رہی ہے۔
حُسینی دُولھا شیرژِیاں (یعنی غضبناک شیر) کی طرح تیغِ آبدار و نیزۂ جاں شِکار لے کر معرکۂ کا ر زار میں صاعِقہ وار آ پہنچا۔اس وقت میدان میں اَعداء کی طرف سے ایک مشہور بہادر اور نامدار سَوار حَکَم بن طفیل جو غرورِ نَبرَد آزمائی میں سَرشار تھا تکبُّر سے بَل کھاتا ہوا لپکا سیِّدُنا وَہب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے ایک ہی حملے میں اس کو نیزہ پر اٹھا کر اس طرح زمین پر دے مارا کہ ہڈّیاں چکنا چُور ہو گئیں اور دونوں لشکروں میں شور مچ گیا اور مُبارِزوں میں ہمّتِ مقابلہ نہ رہی۔سیِّدُنا وَہب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ گھوڑا دوڑاتے ہوئے قلبِ دشمن پر پہنچے ۔ جو مُبارِز سامنے آتا اس کو نیزہ کی نوک پر اٹھا کر خاک پر پٹخ دیتے ۔ یہاں تک کہ نیزہ پارہ پارہ ہو گیا۔ تلوار میان سے نکالی اور تیغ زَنوں کی گردنیں اُڑا کر خاک میں ملا دیں۔ جب اَعداء اس جنگ سے تنگ آ گئے تو عَمرو بن سعد نے حکم دیا کہ سپاہی اس نوجوان کے گرد ہُجوم کر کے حملہ کریں اور ہر طرف سے یکبارگی ٹوٹ پڑیں چُنانچِہ ایسا ہی کیا گیا۔ جب حُسینی دولھا زخموں سے چور ہو کر زمین پر تشریف لائے تو سیاہ دِلانِ بد باطِن نے ان کا سر کاٹ کر حُسینی لشکر کی طرف اُچھال دیا ۔ ماں اپنے لختِ جگر کے سر کو اپنے منہ سے ملتی تھی اور کہتی تھی: اے بیٹا، میرے بہادر بیٹا! اب تیری ماں تجھ سے راضی ہوئی۔ پھر وہ سر اسکی دُلہن کی گود میں لا کر رکھ دیا۔ دُلہن نے ایک جُھر جُھر ی لی اور اُسی وقت پروانہ کی طرف اُس شمع جمال پر قربان ہو گئی اور اس کی روح حُسینی دولھا سے ہم آغوش ہوگئی۔
سُر خروئی اسے کہتے ہیں کہ راہِ حق میں
سر کے دینے میں ذرا تو نے تَأَمُّل نہ کیا
اَسکَنَکُمَا اللہُ فَرَ ادِیْسَ الجِنَانِ وَ اَغْرَقَکُمَا فِی بِحَارِ الرَّحمَۃِ ِوَالرِّضوَانِ(یعنی اللہ عَزَّ وَجَلَّ آپ کو فردوس کے باغوں میں جگہ عنایت فرمائے اور رحمت ورضوان کے دریاؤں میں غریق کرے) (مُلَخَّص ازسوانحِ کربلاص۱۴۱تا ۱۴۶مکتبۃ المدینہ باب المدینہ کراچی)
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! دیکھا آپ نے اہلبیت اطہار عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کی محبت اور جذبۂ شہادت بھی کیسی عظیم نعمتیں ہیں صرف سترہ دن کا دولہا میدان کارزار میں دشمنوں کے لشکر جرار سے تن تنہا ٹکرا گیا اور جام شہادت نوش کرکے جنت کا حقدار ہو گیا۔ حسینی دولہا کی والدۂ محترمہ اور نو بیاہتادلہن پربھی کروڑوں سلام! کس قدر بلند حوصلے کیساتھ ماں نے اپنے لال کو اور دلہن نے اپنے سہاگ کو امام عالی مقام، امام عرش مقام، امامِ تشنہ کام، امامِ ھمام ، سیّدالشھداء، راکب ِدوش مصطفی، بیکسِ کربلا امامِ حسین رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کے قدموں پر قربان ہوتے دیکھا اللہ عَزَّ وَجَلَّ ایسی بلندرتبہ خاتونان اسلام کے جذبۂ اسلامی کا کوئی ذرہ ہماری ماؤں اور بہنوں کو بھی نصیب کر ے کہ وہ بھی اپنی اولاد کو دین اسلام کی خاطر قربانیوں کیلئے پیش کریں ، انہیں سنتوں کے سانچے میں ڈھالیں اور عاشقان رسول کے ساتھ مدنی قافلوں میں سفر پر آمادہ کریں۔
لوٹنے رَحمتیں قافلے میں چلو سیکھنے سنّتیں قافلے میں چلو
ہوں گی حل مشکلیں قافلے میں چلو ختم ہوں شامتیں قافِلے میں چلو
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد