30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلَیْکَ یَارَسُوْلَ اللہ وَعَلٰی اٰلِکَ وَاَصْحَابِکَ یَاحَبِیْبَ اللہ نام کتاب : قرآن سیکھیں اورسکھائیں(حصہ اَوَّل) پیشکش : مجلس مدارس المدینہ و المدینۃ العلمیۃ (دعوتِ اسلامی) پہلی بار : ربیع الثانی1441ہجری بمطابق دسمبر2019عیسوی تعداد : 10000(دس ہزار) کل صفحات : 120(ایک سوبیس) ناشر : مکتبۃ المدینہ فیضانِ مدینہ محلہ سوداگران پرانی سبزی منڈی کراچی تصدیق نامہ تاریخ: ۲ صفر المظفر ۱۴۴۱ ہجری حوالہ نمبر:236 اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ علٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ وَعَلٰی اٰلِہٖ وَ اَصْحَابِہٖ اَجْمَعِیْن تصدیق کی جاتی ہے کہ کتاب ’’قرآن سیکھیں اور سکھائیں(حصہ اوّل)‘‘ (مطبوعہ مکتبۃ المدینہ) پر مجلس تفتیش کتب و رسائل کی جانب سے نظرِ ثانی کی کوشش کی گئی ہے۔ مجلس نے اسے عقائد، کفریہ عبارات، اخلاقیات، فقہی مسائل اور عربی عبارات وغیرہ کے حوالہ سے مقدور بھر ملاحظہ کر لیا ہے ۔ البتہ کمپوزنگ، یا کتابت کی غلطیوں کا ذمہ مجلس پر نہیں۔ مجلس تفتیشِ کتب ورسائل (دعوتِ اسلامی) ۲صفرالمظفر۱۴۴۱ہجری 10-10-2019 www.dawateislami.net Email:ilmia@dawateislami.net اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ علٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَیْطٰنِ الرَّجِیْمِ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْمِپیش لفظ
اَلْحَمْدُلِلّٰہعَزَّوَجَلَّ ! عاشقانِ رسول کی سنتوں بھری مدنی تحریک دعوتِ اسلامی مسلسل ترقی کاسفر طے کررہی ہے اور اس کے شعبہ جات بھی بڑھتے چلے جا رہے ہیں تا دمِ تحریر 107شعبہ جات سے زائد ہو چکے ہیں،ان میں سےایک قدیم اورعظیم شعبہ مدرسۃ المدینہ بھی ہے جو تقریباً سن1990سے قائم ہے اور بچوں اور بچیوں کو حفظ و ناظرہ قرآنِ پاک کی تعلیم سے آراستہ کر رہاہے۔مدارس المدینہ کے مزید کئی شعبہ جات ہیں: ` مدارس المدینہ للبنین`مدارس ا لمد ینہ للبنات`مدارس المدینہ رہائشی`مدارس المدینہ جزوقتی`مدارس المدینہ جزوقتی برائےاسلامی بہنیں`مدارس ا لمدینہ کورسز۔مدارس المدینہ للبنین:
مدارس المدینہ للبنین میں بچوں کوصبح8:00تاشام 4:00بجے تک حفظ وناظرہ قرآنِ کریم کی تعلیم دی جاتی ہے۔مدارس المدینہ للبنات:
مدارس المدینہ للبنات میں بچیوں کوصبح8:00تاشام4:00بجے تک حفظ وناظرہ قرآنِ کریم کی تعلیم دی جاتی ہے۔مدارس المدینہ جزوقتی:
مدارس المدینہ جزوقتی میں بچوں کو مختلف مقامات پر مختلف اوقات میں پڑھایا جاتا ہے،بعدِ فجر1گھنٹہ،8:00تا11:00اور2:00تا 4:00اور شام 4:00تا6:00بجے اور مغرب کے بعد1گھنٹہ ناظرہ قرآنِ کریم کی تعلیم دی جاتی ہے۔مدارس المدینہ جزوقتی اسلامی بہنیں:
مدارس المدینہ کے اطراف میں رہنے والی بڑی اسلامی بہنوں کو دوپہر 11:00تا 1:00بجے تک ناظرہ قرآنِ کریم کی تعلیم دی جاتی ہے۔مدارس المدینہ رہائشی:
پاکستان کےمختلف شہروں میں قیام و طعام کی سہولت کے ساتھ بچوں کوحفظ وناظرہ قرآنِ کریم کی تعلیم دی جاتی ہے۔مدارس المدینہ کورسز:
مدارس المدینہ میں پڑھانے کے خواہش مند اسلامی بھائیوں کو قاعدہ و ناظرہ کورس، مُدرِّس کورس اور تجویدو قراءت کورس کرایا جاتا ہے۔ کامیاب ہونےوالے اسلامی بھائیوں کو مدارس المدینہ کے مختلف شعبہ جات میں پڑھانے کی سعادت حاصل ہوتی ہے۔مندرجہ بالا 6 شعبوں میں ہزاروں مُدرّسین/مُدرّسات ہیں جو بچوں/ بچیوں کو حفظ وناظرہ قرآنِ کریم کی تعلیم تجوید کے ساتھ دینے میں مصروفِ عمل ہیں۔تا دمِ تحریر کُل مدارس المدینہ(ملک اور بیرونِ ملک) 3637اور ان میں پڑھانے والے 9092 مدرسین و دیگرعملہ ہےاوربچوں اوربچیوں کی تعداد(169637)ہے۔مدرسین/مدرّسات بچوں کو قرآنِ پاک حفظ وناظرہ کی تعلیم کو عام کرنے میں مصروفِ عمل ہیں۔مگر ضرورت اس بات کی تھی کہ کوئی ایسی راہنما کتاب ہو جس میں مدرسین کو ناظرہ اور حفظ پڑھانے میں آنے والی مشکِلات کاحل،سبق،سبقی،منزل سُننے کا طریقہ،حاضری کی پابندی،کم وقت میں ناظرہ وحفظ قرآنِ کریم پڑھانے کااحسن انداز، بچوں/بچیوں کی اَخلاقی تربیت اور اس طرح کے دیگرمسائل کا حل دیا جائےجن کا مدرسین کو دورانِ تدریس سامنا کرنا پڑتا ہے۔اِنہی مقاصد کے پیشِ نظرمجلس مدارس المدینہ نےکئی سینئر وتجربہ کار مدرسین کی مشاورت ومعاونت سے مواد تحریر کر کے دعوتِ اسلامی کی تحریری شعبے سے تعلق رکھنے والی علمی وتحقیقی مجلس المدینۃ العلمیۃ کی بارگاہ میں پیش کردیا جنہوں نے مزید تحریری معیار کے مطابق مزیدمواد کی شمولیت،ترتیب وتصحیح،تخریج، تفتیش، قرآنی آیات وحوالہ جات کی پیسٹنگ، فارمیشن، پُروف ریڈنگ، تقابل، نظرثانی وغیرہ مختلف کام کرکے اسے کم وبیش2ماہ میں مکمل کردیا اور اب یہ کتاب آپ کے ہاتھوں میں ہےامیراہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اس کا نام”قرآن سیکھیں اور سکھائیں“تجویز فرمایا ہے۔اس کتاب میں جو بھی خوبیاں ہیں وہ یقیناً اللہ عَزَّوَجَلَّ کے فضل وکرم اور اس کے پیارے حبیب صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم کی عطاؤں، اولیائے کرام رَحِمَہُمُ اللہُ السَّلَام کی عنایتوں اور امیرِ اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی پُرخلوص دعاؤں کا نتیجہ ہے اورجو خامیاں ہیں اُن میں ہماری کوتاہ فہمی کادخل ہے۔تمام ترکوششوں کے باوجود بتقاضائے بشریت غلطی کاامکان باقی ہے اہل ِعلم حضرات اپنے مفید مشوروں اور قیمتی آراء سے ہماری حوصلہ افزائی فرمائیں اور جہاں کہیں غلطی پائیں تحریری طور پر ضرور آگاہ فرمائیں۔ اللہ کریم ہماری اِس کاوش کواپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور اسے ہماری بخشش ونجات کا ذریعہ بنائے ۔ آمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم مجلس مدارس المدینہ ذوالحجۃ الحرام۱۴۴۰ہجری بمطابق اگست2019عیسوی اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ علٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَیْطٰنِ الرَّجِیْمِ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْمِقرآن سیکھنے سکھانےکے فضائل:
(1)امیرالمؤمنین حضرتِ عثمانِ غنی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہےکہ نبی اکرم نورِ مجسم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:’’تم میں سے بہتر وہ شخص ہے جو قرآن سیکھے اور سکھائے۔‘‘(1)(2)حضرتِ عُبیدہ ملیکی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے کہ حضور نبی رحمت شفیع اُمَّت صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نےارشادفرمایا:’’اے قرآن والو!قرآن کو تکیہ نہ بناؤ(یعنی سُستی اور غفلت نہ برتو )اوررات اور دن میں اِس کی تلاوت کرو جیسا تلاوت کرنے کا حق ہے اورجو کچھ اس میں ہے اس پرغور کرو تاکہ تمہیں فلاح ملے،اس کےثواب میں جلدی نہ کرو کیونکہ اس کا ثواب بہت بڑا ہے۔‘‘(2)قرآنِ مجیدحفظ کرنے کے فضائل:
قرآنِ کریم کو حفظ کرنا فرضِ کفایہ ہے اور صحابہ وتابعین اور علمائے دِینِ متین رِضْوَانُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْن کی سنّت ہے اور اس کےفضائل حصروشمار سے باہر ہیں۔ترغیب کے لیے چند فضائل پیشِ خدمت ہیں: (1)حضرتِ عبداللہ بن عَمرو رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے کہ رسولِ کریم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نے ارشادفرمایا:’’صاحبِ قرآن کو حکم ہو گا کہ پڑھتے رہو اور(درجات)چڑھتے جاؤ اور ٹھہرٹھہر کر پڑھو جیسے تم اسے دنیا میں ٹھہر ٹھہر کر پڑھتے تھے کہ تمہارا مقام اس آخری آیت کے نزدیک ہے جسے تم پڑھو گے۔‘‘(3) (2)حضرتِ ابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے ر وایت ہےکہ حضور تاجدار مدینہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:’’حافظِ قرآن اگر رات کوتلاوت کرےتو اِس کی مثال اُس توشہ دان کی ہے جس میں مشک بھرا ہوا ہو اور اس کی خوشبو تمام مکانوں میں مہکے اور جو رات کو سو رہے اور قرآن اس کے سینے میں ہو تواس کی مثال اس تو شہ دان کی مانِند ہے جس میں مُشک ہے اور اس کا مُنہ باندھ دیا جائے۔‘‘(4) پیارے پیارے اسلامی بھائیو!یہ قرآنِ مجید حفظ کرنے کے فضائل ہیں لہٰذا جس مسلمان سے بَن پڑے وہ قرآنِ پاک کو حفظ کر کے ان فضائل کو حاصل کرنے کی کوشش کرےاور جنہوں نے قرآنِ مجید حفظ کر لیا ہے انہیں چاہیے کہ اس کی روزانہ تلاوت کرتے رہیں تاکہ حفظ بھول نہ جائے ۔ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن ایک حدیثِ پاک کی وضاحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں:’’جس طرح بندھے ہوئے اونٹ چھوٹنا چاہتے ہیں اور ان کی مُحافظت واحتیاط نہ کی جائے تو رِہا ہو جائیں اس سے زیادہ قرآن کی کیفیت ہے ،اگر اسے یاد نہ کرتے رہو گے تو وہ تمہارےسینوں سے نکل جائے گا ،پس تمہیں چاہیے کہ ہر وقت اس کا خیال رکھو اور یاد کرتے رہو،اس دولت بے نہایت کو ہاتھ سے نہ جانے دو۔‘‘اسی طرح ایک اور حدیثِ پاک کی وضاحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں:’’اے قرآن پڑھنے والو!قرآن کو تکیہ نہ بنا لوکہ پڑھ کے یاد کرکے رکھ چھوڑا پھر نگاہ اٹھاکر نہ دیکھا بلکہ اسے پڑھتے رہو دن رات کی گھڑیوں میں جیسے اس کے پڑھنے کا حق ہے اور اسے اِفشا کرو کہ خود پڑھو ، لوگوں کو پڑھاؤ، یاد کراؤ، اس کے پڑھنے،یاد کرنے کی ترغیب دو نہ یہ کہ جو پڑھے اور خدا اُسے حفظ کی توفیق دے اس کو روکو اور منع کرو ۔‘‘ پھر فرماتے ہیں:’’ اُس سے زیادہ نادان کون ہے جسے خدا ایسی ہمت بخشے( کہ وہ قرآنِ پاک حفظ کر لے)اور وہ اسے اپنے ہاتھ سے کھو دے؟ اگر قدر اس کی جانتا اور جوثواب اور درجات اس پر موعود ہیں اِن سے واقف ہوتا تواسے جان ودل سے عزیز رکھتا ۔‘‘(5)
1 … بخاری،کتاب فضائل القرآن،باب خیرکم من تعلم القرآن وعلمہ، ۳ / ۴۱۰ ،حدیث: ۵۰۲۷ ،دارالکتب العلمیۃ بیروت۔ 2 … شعب الایمان، التاسع عشرمن شعب الایمان ۔۔۔ الخ،فصل فی ادمان تلاوتہ، ۲ / ۳۵۱ ، حدیث: ۲۰۰۷ ، ۲۰۰۹ ۔ 3 … ترمذی، کتاب فضائل القرآن،باب: ۱۸ ، ۴ / ۴۱۹ ، حدیث: ۲۹۲۳ ، دارالفکربیروت۔ 4 … ابنِ ماجہ،کتاب السنۃ، باب فی فضل من تعلم القرآن وعلمہ، ۱ / ۱۴۱ ، حدیث: ۲۱۷ ،دارالمعرفۃ بیروت۔ 5 …فتاوی رضویہ، ۳/۶۴۴، ۶۴۵،رضا فاؤنڈیشن لاہور۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع