30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
پہلے اسے پڑھ لیجئے! الحمد للہ ! عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے بانی ، شیخِ طریقت ، امیرِ اہلسنت حضرت علامہ مولانا ابو بِلال محمد الیاس عطاؔر قادِری رضوی ضیائی دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کے کُتُب و رسائل میں عقائد و اعمال ، فضائل و مناقب ، شریعت و طریقت ، تاریخ و سیرت ، سائنس و طب ، اخلاق و ادب ، روزمرہ کے مُعَاملات اور دیگر بہت سے موضوعات پر علم و حکمت کا بہت قیمتی خزانہ ہوتا ہے اس لئے المدینۃ العلمیۃ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کا شعبہ “ کُتُبِ فقہِ شافعی “ آپ کی کُتُب و رسائل کو ترمیم و اضافہ کے ساتھ فقہِ شافعی کے مطابق مُرتَّب کر رہا ہے تاکہ فقہِ شافعی پر عمل کرنے والے افراد بھی امیرِ اہلسنت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کے علم و حکمت سے معمور مدنی پھولوں سے اِستفادہ کر سکیں۔ شعبہ کُتُبِ فقہِ شافعی کی طرف سے اس رِسالے پر کام کی تفصیل یہ ہے : * رِسالے میں ذِکْر کردہ تمام فقہی مسائل کو تبدیل کر کے فقہِ شافعی کی معتبر کُتُب سے لکھا گیا ہے۔ * ضرورتاً کہیں کہیں مسائل کا اِضافہ کیا گیا ہے۔ * دعوتِ اسلامی کی اِصْطِلاحات ، اسلامک ریسرچ سینٹر نیز شعبہ کُتُبِ فقہِ شافعی کے اپ ڈیٹ اُصُولوں کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے رِسالے میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ * مذکورہ کام مکمل کرنے کے بعد مفتی محمد رفیق سعدی شافعی مَدَّ ظِلُّہُ العالی سے پورے رِسالے کی شرعی تفتیش کرائی گئی ہے۔ اس رِسالے میں جو بھی خوبیاں ہیں یقیناً اللہ پاک کی توفیق ، اس کے محبوب کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی عطا ، اولیائے کرام کی عنایت اور امیرِ اہلسنت کی شفقتوں اور پُرخُلُوص دُعاؤں کا نتیجہ ہیں اور خامیوں میں ہماری غیر اِرادی کوتاہی کا دخل ہے۔ المدینۃ العلمیۃ (اسلامک ریسرچ سینٹر) ، شعبہ کُتُبِ فقہِ شافعی 6 رجب المرجب 1442ھ / 19 فروری 2021ء اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ط بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط وُضُو اور سائنس[1] (شافعی) صِرْف 17 صفحات پر مبنی یہ بیان مکمَّل پڑھ لیجئے ، اِن شاءَ اللہ ! آپ وُضُو کے بارے میں حیرت انگیز معلومات سے مالا مال ہوں گے۔دُرُودِ پاک کی فضیلت
اللہ پاک کے محبوب صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمانِ عظمت نشان ہے : اللہ پاک کی خاطر آپس میں مَحَبَّت رکھنے والے جب باہَم (یعنی آپَس میں) ملیں اور مُصَافحہ کریں (یعنی ہاتھ ملائیں) اور نبی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم پر دُرُودِ پاک پڑھیں تو ان کے جدا ہونے سے پہلے پہلے دونوں کے اگلے پچھلے گناہ بخش دیئے جاتے ہیں۔ “ [2] صَلُّوا عَلَى الْحَبِيب ! صَلَّى اللهُ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّعَلٰى اٰلِهٖ وَصَحْبِهٖ وَسَلَّممغرِبی جرمنی کا سیمینار
مغربی ممالِک میں مایوسی (یعنی Depression) کا مَرض ترقّی پر ہے ، دِماغ فیل ہو رہے ہیں ، پاگل خانوں کی تعداد میں اِضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ نفسیاتی اَمْراض کے ماہِرِین کے یہاں مریضوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔ مغرِبی جرمنی کے ڈِپلومہ ہَولڈر ایک پاکستانی فِزیو تھراپِسٹ کا کہنا ہے : مغرِبی جرمنی میں ایک سَیمینار ہوا جس کا مَوضُوع تھا : مایوسی (Depression) کا عِلاج اَدْوِیات کے علاوہ اور کن کن طریقوں سے ممکن ہے۔ ایک ڈاکٹر نے اپنے مَقالے میں یہ حیرت اَنگیز اِنکشاف کیا کہ میں نے ڈِپریشن کے چند مریضوں کے روزانہ پانچ بار مُنہ دُھلائے کچھ عرصے بعد ان کی بیماری کم ہو گئی۔ پھر ایسے ہی مریضوں کے دوسرے گروپ کے روزانہ پانچ بار ہاتھ ، منہ اور پاؤں دھلوائے تو مرض میں بَہُت اِفاقہ ہو گیا (یعنی کمی آ گئی)۔ یہی ڈاکٹر اپنے مَقالے کے آخِر میں اِعتِراف کرتا ہے : مسلمانوں میں مایوسی کا مَرَض کم پایا جاتا ہے کیوں کہ وہ دن میں کئی مرتبہ ہاتھ ، مُنہ اور پاؤں دھوتے (یعنی وُضُو کرتے) ہیں۔ صَلُّوا عَلَى الْحَبِيب ! صَلَّى اللهُ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّعَلٰى اٰلِهٖ وَصَحْبِهٖ وَسَلَّموُضُو اور ہائی بلڈ پریشر
ایک ہارٹ اِسپیشلسٹ کا بڑے وُثوق (یعنی اعتماد) کے ساتھ کہنا ہے : ہائی بلڈ پریشر کے مریض کو وُضُو کرواؤ پھر اس کا بلڈ پریشر چیک کرو لازِماً کم ہو گا۔ ایک مسلمان ماہِرِ نفسیات ڈاکٹر کا قول ہے : نفسیاتی اَمْراض کا بہترین عِلاج وُضُو ہے۔ مغربی ماہِرِین نفسیاتی مریضوں کو وُضُو کی طرح روزانہ کئی بار بدن پر پانی لگواتے ہیں۔وُضُو اور فالج
وُضُو میں جو ترتیب وار اَعْضاء دھوئے جاتے ہیں یہ بھی حِکمت سے خالی نہیں۔ پہلے ہاتھوں کو پانی میں ڈالنے سے جسم کا اَعْصابی نِظام مطلع ہو جاتا ہے اور پھر آہستہ آہستہ چہرے اور دِماغ کی رگوں کی طرف اِس کے اَثَرات پہنچتے ہیں۔ وُضُو میں پہلے ہاتھ دھونے پھر کُلّی کرنے پھر ناک میں پانی ڈالنے پھر چہرہ اور دیگر اَعْضاء دھونے کی ترتیب فالج کی روک تھام کیلئے مفید ہے۔ اگر مسح کرنے اور پاؤں دھونے سے آغاز کیا جائے تو بدن کئی بیماریوں میں مبتلا ہو سکتا ہے اور ترتیب نہ پائی جانے کی وجہ سے وُضُو بھی نہ ہو گا۔مِسواک کا قَدْردان
اے عاشقانِ رسول! وُضُو میں مُتَعدد سنتیں ہیں اور ہر سنّت مَخزنِ حِکمت ہے۔ مِسواک ہی کو لے لیجئے! بچّہ بچّہ جانتا ہے کہ وُضُو میں مِسواک کرنا سنّت ہے اور اِس سنّت کی بَرَکتوں کا کیا کہنا! ایک بیوپاری کا کہنا ہے : سوئیزر لینڈ میں ایک نو مسلم سے میری ملاقات ہوئی ، اس کو میں نے تحفۃً مِسواک پیش کی ، اُس نے خوش ہو کر اسے لیا اور چوم کر آنکھوں سے لگایا اور ایک دم اُس کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے ، اُس نے جیب سے ایک رومال نکالا اس کی تہ کھولی تو اس میں سے تقریباً دو اِنچ کا چھوٹا سا مِسواک کا ٹکڑا برآمد ہوا۔ کہنے لگا میری اِسلام آوَری کے وَقْت مسلمانوں نے مجھے یہ تحفہ دیا تھا۔ میں بَہُت سنبھال سنبھال کر اِس کو اِستِعمال کر رہا تھا ، یہ خَتْم ہونے کو تھا لہٰذا مجھے تشویش تھی کہ اللہ پاک نے کرم فرمایا اور آپ نے مجھے مِسواک عِنایت فرما دی۔ پھر اُس نے بتایا کہ ایک عرصے سے میں دانتوں اور مَسُوڑھوں کی تکلیف سے دو چار تھا۔ ہمارے یہاں کے ڈینٹِسٹ سے ان کا عِلاج بن نہیں پڑ رہا تھا۔ میں نے اس مِسواک کا اِستعمال شروع کیا ، تھوڑے ہی دِنوں میں مجھے اِفاقہ ہو گیا۔ میں ڈاکٹر کے پاس گیا تو وہ حیران رہ گیا اور پوچھنے لگا : میری دَوا سے اِتنی جلدی تمہارا مَرَض دُور نہیں ہو سکتا ، سوچو! کوئی اور وجہ ہو گی۔ میں نے جب ذِہن پر زور دیا تو خیال آیا کہ میں مسلمان ہو چکا ہوں اور یہ ساری بَرَکت مِسواک ہی کی ہے۔ جب میں نے ڈاکٹر کو مِسواک دکھائی تو وہ حیرت سے دیکھتا ہی رہ گیا۔ صَلُّوا عَلَى الْحَبِيب ! صَلَّى اللهُ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّعَلٰى اٰلِهٖ وَصَحْبِهٖ وَسَلَّمقوّتِ حافظہ کے لئے
پیارے اِسلامی بھائیو! مِسواک میں بے شمار دینی و دُنیوی فوائد ہیں۔ اس میں مُتَعدد کیمیاوی اَجزاء ہیں جو دانتوں کو ہر طرح کی بیماری سے بچاتے ہیں۔ حاشیہ طحطاوی میں ہے : مِسواک سے قوتِ حافظہ بڑھتی ، دَرْدِ سر دُور ہوتا اور سَر کی رگوں کو سُکون ملتا ہے ، اِس سے بلغم دُور ، نظر تیز ، مِعدہ دُرُست اور کھانا ہضم ہوتا ہے ، عقل بڑھتی ، بچّوں کی پیدائش میں اِضافہ ہوتا ، بُڑھاپا دیر میں آتا اور پیٹھ مضبوط ہوتی ہے۔ [3]مِسواک کے بارے میں دو احادیثِ مبارَکہ
(1)جب سرکارِ مدینہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم اپنے مبارَک گھر میں داخِل ہوتے تو سب سے پہلے مِسواک کرتے۔ [4] (2)جب سرکارِ نامدار صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نیند سے بیدار ہوتے تو مِسواک کرتے۔ [5]مُنہ کے چھالے کا عِلاج
اَطِبّاء ( یعنی ڈاکٹروں) کا کہنا ہے : “ بعض اوقات گرمی اور مِعْدے کی تیزابیَّت سے مُنہ میں چھالے پڑ جاتے ہیں اور اِس مَرَض سے خاص قسم کے جَراثیم مُنہ میں پھیل جاتے ہیں۔ اس کے عِلاج کے لئے مُنہ میں تازہ مِسواک مَلیں اور اس کا لُعاب کچھ دیر تک منہ کے اندر پھراتے رہیں۔ اس طرح کئی مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔ “ٹوتھ بُرَش کے نقصانات
ماہِرین کی تحقیق کے مطابق 80 فیصد امراض مِعْدے (پیٹ) اور دانتوں کی خرابی سے پیدا ہوتے ہیں۔ عموماً دانتوں کی صَفائی کا خیال نہ رکھنے کی وجہ سے مَسُوڑھوں میں طرح طرح کے جراثیم پرورِش پاتے پھر مِعْدے میں جاتے اور طرح طرح کے اَمْراض کا سبب بنتے ہیں۔ یاد رہے! ٹُوتھ بُرَش مِسواک کا نِعْمَ البدل نہیں۔ بلکہ ماہِرین نے اِعتِراف کیا ہے : (1)جب بُرَش کو ایک بار اِستعمال کر لیا جاتا ہے تو اُس میں جراثیم کی تِہ جم جاتی ہے ، پانی سے دُھلنے پر بھی وہ جراثیم نہیں جاتے بلکہ وہیں نَشو و نُما پاتے رَہتے ہیں۔ (2)بُرَش کے باعِث دانتوں کی اُوپری قُدرتی چمکیلی تِہ اُتر جاتی ہے۔ (3)بُرَش کے اِستِعمال سے مَسُوڑھے آہستہ آہستہ اپنی جگہ چھوڑتے جاتے ہیں جس سے دانتوں اور مَسُوڑھوں کے درمیان خَلا (GAP) پیدا ہو جاتا ہے اور اس میں غذا کے ذرّات پھنستے ، سڑتے اور جراثیم اپنا گھر بناتے ہیں۔ اس سے دیگر بیماریوں کے علاوہ آنکھوں کے طرح طرح کے اَمراض بھی جنم لیتے ہیں۔ اِس سے نظر کمزور ہو جاتی ہے بلکہ بعض اوقات آدَمی اندھا ہو جاتا ہے۔کیا آپ کو مِسواک کرنا آتا ہے؟
ہو سکتا ہے آپ کے دل میں یہ خیال آئے کہ میں تو برسوں سے مِسواک اِستِعمال کرتا ہوں مگر میرے تو دانت اور پیٹ دونوں ہی خراب ہیں! میرے بھولے بھالے اِسلامی بھائی! اس میں مِسواک کا نہیں آپ کا اپنا قصور ہے۔ امیرِ اہلسنت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ فرماتے ہیں کہ میں اِس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ آج شاید لاکھوں میں سے کوئی ایک آدھ ہی ایسا ہو جو صحیح اُصولوں کے مطابق مِسواک اِسْتِعْمال کرتا ہو ، ہم لوگ اکثر جلدی جلدی دانتوں پر مِسواک مَل کر وُضُو کر کے چل پڑتے ہیں۔ یعنی یوں کہئے کہ ہم مِسواک نہیں بلکہ “ رسمِ مِسواک “ ادا کرتے ہیں۔
[1]...یہ بیان امیرِ اہلسنت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے طلبہ کے دو روزہ اجتماع (محرم الحرام 1421ھ / 06-04-2000) نواب شاہ پاکستان میں فرمایا۔ ضروری ترمیم کے ساتھ تحریراً حاضرِ خدمت ہے۔ مجلس مکتبۃ المدینہ [2]... مسند ابی یعلی ، مسند قتادة عن انس ، 3 / 34 ، حدیث : 2960 ، دار الفكر بیروت۔ [3]... حاشیہ طحطاوی ، كتاب الطہارة ، فصل فى سنن الوضوء ، ص69 ، دار الكتب العلميہ بیروت ۔ [4]... مسلم ، کتاب الطہارة ، باب السواك ، ص114 ، حديث : 253 ، دار الكتب العلميہ بيروت ۔ [5]... ابو داود ، كتاب الطہارة ، باب السواك لمن قام باليل ، ص25 ، حدیث : 57 ، دار الكتب العلميہ بيروت ۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع