Deeni Tulaba Par Kharch Karna

Book Name:Deeni Tulaba Par Kharch Karna

چلنے کی سُنّتیں اور آداب

پیارے پیارے اسلامی بھائیو! آئیے! شیخِ طریقت ، امیرِ اہلسنّت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادریدَامَتْ بَـرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ  کے رسالے “ 163مدنی پھول “  سے چلنے کی سنتیں اور آداب سنتے ہیں : ٭پارہ 15 سورۂ  بنی اسرائیل کیآیت37میں اللہ پاک ارشاد فرمایا ہے :

وَ لَا تَمْشِ فِی الْاَرْضِ مَرَحًاۚ-اِنَّكَ لَنْ تَخْرِقَ الْاَرْضَ وَ لَنْ تَبْلُغَ الْجِبَالَ طُوْلًا(۳۷)

ترجَمۂ کنز الایمان  : اور زمین میں اِتراتا نہ چل بے شک تُو ہر گز زمین نہ چیر ڈالے گا اور ہر گز بلندی میں پہاڑوں کو نہ پہنچےگا۔

٭اللہ پاک کی رحمت بن کر دنیا میں تشریف لانے والےنبی  صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرما یا : ایک شَخْص  دو چادریں اَوڑھے ہوئے اِترا کر چل رہا تھا اور گھمنڈ میں تھا ، وہ زمین میں دھنسادیا گیا ، وہ قِیامت تک دھنستا ہی جائے گا۔ ([1])٭اللہ پاک کی عطا سے غیب کی خبریں دینے والے نبی صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ چلتے تو کسی قَدر آگے جھک کر چلتے گویا کہ آپ بُلندی سے اُتر رہے ہیں۔ ([2]) ٭اگر کوئی رُکاوٹ نہ ہو تو راستے کے کنارے  کنارے درمِیانی رفتار سے چلئے ، نہ اتنا تیز کہ لوگوں کی نگاہیں آپ کی طرف اُٹھیں  کہ دوڑے دوڑے کہاں جارہا ہے اور نہ اِتنا آہِستہ کہ دیکھنے والے کو آپ بیمار لگیں۔ ٭راہ چلنے میں پریشان نظری(یعنی بِلا ضرورت اِدھر اُدھر دیکھنا)سنّت نہیں ، نیچی نظریں کئے پُروَقار طریقے  پر چلئے۔ ٭چلنے یا سیڑھی چڑھنے اُترنے میں یہ احتیاط کیجئے کہ جوتوں کی آواز پیدا نہ ہو۔ ٭راستے میں دو عورَتیں کھڑی ہوں یا جارہی ہوں تو ان کے بیچ میں سے نہ گزرئیے کہ حدیثِ پاک میں اس کی مُمانَعَت آئی ہے۔ ([3])٭بعض لوگوں کی عادت ہوتی ہے کہ راہ چلتے ہوئے جو چیز بھی آڑے آئے اُسے لاتیں مارتے  جاتے ہیں ، یہ قطعاً غیرمُھَـذَّب طریقہ ہے ، اِس طرح پاؤں زخمی ہونے کا بھی اندیشہ رہتا ہے نیزاَخبارات یا لکھائی والے ڈبوں ، پیکٹوں اور مِنرل واٹر کی خالی بوتلوں وغیرہ پر لات مارنا   بے اَدَبی  بھی ہے۔

          طرح طرح کی ہزاروں سنتیں سیکھنےکےلئےمکتبۃ المدینہ کی دوکتب “ بہارِشریعت “  حِصّہ16(312 صفحات ) اور 120صفحات پرمشتمل کتاب “ سُنتیں  اور آداب “ ھدِ يَّةً  طلب کیجئے اور اس کامطالعہ فرمائیےسنتوں کی تربِیَت کاایک بہترین ذریعہ دعوتِ اسلامی کےمدنی قافِلوں میں عاشقانِ رسول کے ساتھ سنتوں  بھرا سفربھی  ہے۔

سیکھنے سنّتیں  قافلے میں چلو                                        لُوٹنے رَحمتیں قافلے میں چلو

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                                    صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد

آئندہ ہفتہ وار اجتماع کی جھلکیاں

 



[1]   مُسلِم ، کتاب اللباس والزینۃ ، باب تحریم التبختر فی المشی...الخ ، ص۱۱۵۶ ، حدیث : ۲۰۸۸ملخصاً

[2]    الشمائل المحمدية للترمذی ، باب ما جاء فی مشیۃ رسول اللہ  ،  ص۸۷  ، رقم : ۱۱۸

[3]    ابوداود  ، کتاب الادب ، باب فی مشی النساء مع الرجال فی الطریق ،  ۴ / ۴۷۰ ، حدیث : ۵۲۷۳