Our new website is now live Visit us at https://alqurankarim.net/

Home Al-Quran Surah Ad Dukhan Ayat 3 Urdu Translation Tafseer

رکوعاتہا 3
سورۃ ﳭ
اٰیاتہا 59

Tarteeb e Nuzool:(64) Tarteeb e Tilawat:(44) Mushtamil e Para:(25) Total Aayaat:(59)
Total Ruku:(3) Total Words:(381) Total Letters:(1451)
1-3

حٰمٓ(1)وَ الْكِتٰبِ الْمُبِیْنِ(2)اِنَّاۤ اَنْزَلْنٰهُ فِیْ لَیْلَةٍ مُّبٰرَكَةٍ اِنَّا كُنَّا مُنْذِرِیْنَ(3)
ترجمہ: کنزالعرفان
حم۔ اس روشن کتاب کی قسم۔بیشک ہم نے اسے برکت والی رات میں اتارا،بیشک ہم ڈر سنانے والے ہیں ۔


تفسیر: ‎صراط الجنان

{حٰمٓ} یہ حروفِ مُقَطَّعات میں  سے ایک حرف ہے،اس کی مراد اللہ تعالیٰ ہی بہتر جانتا ہے۔

{وَ الْكِتٰبِ الْمُبِیْنِ: اس روشن کتاب کی قسم۔} اس آیت اور اس کے بعد والی آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ اس قرآنِ پاک کی قسم !جو حلال اورحرام وغیرہ ان احکام کوبیان فرمانے والاہے جن کی لوگوں  کو حاجت اور ضرورت ہے،بیشک ہم نے اسے برکت والی رات میں  اتاراکیونکہ ہماری شان یہ ہے کہ ہم اپنے عذاب کاڈر سنانے والے ہیں۔

برکت والی رات:

            اکثر مفسرین کے نزدیک برکت والی رات سے شبِ قدر مراد ہے اور بعض مفسرین اس سے شبِ براء ت مراد لیتے ہیں  ۔ا س رات میں  مکمل قرآنِ پاک لوحِ محفوظ سے آسمانِ دنیا کی طرف اتارا گیا، پھر وہاں  سے حضرت جبریل عَلَیْہِ السَّلَام 23 سال کے عرصہ میں  تھوڑا تھوڑا لے کر نازل ہوئے اور اسے برکت والی رات اس لئے فرمایا گیا کہ اس میں  قرآنِ پاک نازل ہوا اور ہمیشہ اس رات میں  خیر و برکت نازل ہوتی ہے اور دعائیں (خصوصیت کے ساتھ) قبول کی جاتی ہیں ۔ جن کثیر علماء کے نزدیک یہاں  آیت میں  برکت والی رات سے شبِ قدر مراد ہے، ان کی دلیل یہ آیاتِ مبارکہ ہیں  ،

(1) …اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا:

’’اِنَّاۤ اَنْزَلْنٰهُ فِیْ لَیْلَةِ الْقَدْرِ‘‘(قدر:۱)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: بیشک ہم نے اس قرآن کو شبِ قدرمیں  نازل کیا۔

            اس آیت میں  ارشاد فرمایاگیاکہ اللہ تعالیٰ نے شبِ قدر میں  قرآنِ مجید کو نازل فرمایا اور یہاں  ارشاد فرمایا گیا کہ’’اِنَّاۤ اَنْزَلْنٰهُ فِیْ لَیْلَةٍ مُّبٰرَكَةٍ‘‘ یعنی بیشک ہم نے اسے برکت والی رات میں  اتارا۔اسی لئے ضروری ہے کہ شبِ قدر اور مبارک رات سے ایک ہی رات مراد ہو تاکہ قرآنِ مجید کی آیات میں  تضاد لازم نہ آئے ۔

(2) …اور ارشاد فرمایا:

’’شَهْرُ رَمَضَانَ الَّذِیْۤ اُنْزِلَ فِیْهِ الْقُرْاٰنُ‘‘(بقرہ:۱۸۵)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: رمضان کا مہینہ ہے جس میں  قرآن نازل کیا گیا۔

            اس آیت میں  فرمایا گیاکہ قرآنِ مجید کو رمضان کے مہینے میں  نازل کیا گیا اور یہاں  یوں  ارشاد فرمایا کہ ’’اِنَّاۤ اَنْزَلْنٰهُ فِیْ لَیْلَةٍ مُّبٰرَكَةٍ‘‘یعنی بیشک ہم نے اسے برکت والی رات میں  اتارا۔تو ضروری ہو اکہ یہ رات بھی رمضان کے مہینے میں  واقع ہو اور جس شخص نے بھی یہ کہا ہے کہ مبارک رات رمضان کے مہینے میں  واقع ہے ا س نے یہی کہا کہ مبارک رات شبِ قدر ہے۔( تفسیرکبیر، الدخان، تحت الآیۃ: ۳، ۹ / ۶۵۲، خازن، الدخان، تحت الآیۃ: ۳، ۴ / ۱۱۲، مدارک، الدخان، تحت الآیۃ: ۳، ص۱۱۰۹، ابوسعود، الدخان، تحت الآیۃ: ۴، ۵ / ۵۵۴، ملتقطاً)

 شب ِبراء ت کے فضائل:

            جیساکہ اوپر ذکر ہوا کہ برکت والی رات کے بارے میں  ایک قول یہ بھی ہے کہ اس سے مراد شبِ براء ت ہے، اس مناسبت سے یہاں  شبِ براء ت کے دو فضائل ملاحظہ ہوں

(1)…اُمُّ المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہَا سے روایت ہے،نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا’’اللہ تعالیٰ چار راتوں  میں  بھلائیوں  کے دروازے کھول دیتا ہے:(1)بقر عید کی رات (2)عیدالفطر کی رات (3)شعبان کی پندرہویں  رات کہ اس رات میں  مرنے والوں  کے نام اور لوگوں  کا رزق اور (اِس سال)حج کرنے والوں  کے نام لکھے جاتے ہیں  (4)عرفہ کی رات اذانِ (فجر)تک۔ ‘‘(در منثور، الدخان، تحت الآیۃ: ، ۷ / ۴۰۲)

(2)…حضرت عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہَا سے روایت ہے،نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’میرے پاس جبریل آئے اور کہا یہ شعبان کی پندرہویں  رات ہے اس میں  اللہ تعالیٰ جہنم سے اتنے لوگوں  کو آزاد فرماتا ہے جتنے بنی کلب کی بکریوں  کے بال ہیں  مگرکافراور عداوت والے اور رشتہ کاٹنے والے اور(تکبر کی وجہ سے)کپڑا لٹکانے والے اور والدین کی نافرمانی کرنے والے اور شراب کے عادی کی طرف نظر ِرحمت نہیں  فرماتا۔(شعب الایمان ، الباب الثالث و العشرون من شعب الایمان ۔۔۔ الخ ، ما جاء فی لیلۃ النصف من شعبان ، ۳ / ۳۸۳ ، الحدیث: ۳۸۳۷)

Reading Option

Ayat

Translation

Tafseer

Fonts Setting

Download Surah

Related Links