Our new website is now live Visit us at https://alqurankarim.net/

Home Al-Quran Surah Al Ahqaf Ayat 18 Urdu Translation Tafseer

رکوعاتہا 4
سورۃ ﳯ
اٰیاتہا 35

Tarteeb e Nuzool:(66) Tarteeb e Tilawat:(46) Mushtamil e Para:(26) Total Aayaat:(35)
Total Ruku:(4) Total Words:(718) Total Letters:(2624)
18

اُولٰٓىٕكَ الَّذِیْنَ حَقَّ عَلَیْهِمُ الْقَوْلُ فِیْۤ اُمَمٍ قَدْ خَلَتْ مِنْ قَبْلِهِمْ مِّنَ الْجِنِّ وَ الْاِنْسِؕ-اِنَّهُمْ كَانُوْا خٰسِرِیْنَ(18)
ترجمہ: کنزالعرفان
یہ وہ لوگ ہیں جن پر بات ثابت ہوچکی ہے(یہ)جنوں اور انسانوں کے ان گروہوں میں (شامل) ہیں جو ان سے پہلے گزرے ہیں ، بیشک وہ نقصان اٹھانے والے تھے۔


تفسیر: ‎صراط الجنان

{اُولٰٓىٕكَ الَّذِیْنَ حَقَّ عَلَیْهِمُ الْقَوْلُ: یہ وہ لوگ ہیں  جن پر بات ثابت ہوچکی ہے۔} یعنی یہ باطل باتیں  کہنے والے وہ لوگ ہیں  جن پر جہنم میں  داخل کئے جانے کی بات ثابت ہو چکی ہے اوریہ اپنے رب کے احکام سے سرکشی کرنے اور رسولوں  کو جھٹلانے والے جنوں  اور انسانوں  کے ان گروہوں  میں  شامل ہیں جو ان سے پہلے گزرے ہیں ، بیشک وہ ہدایت کے بدلے گمراہی اور نعمتوں  کے بدلے عذاب کو اختیار کر کے نقصان اٹھانے والے تھے۔( روح البیان، الاحقاف، تحت الآیۃ: ۱۸، ۸ / ۴۷۷، تفسیر طبری، الاحقاف، تحت الآیۃ: ۱۸، ۱۱ / ۲۸۸، ملتقطاً)

قیامت کے دن کافر اولاد اپنے مومن والدین کے ساتھ نہ ہوگی:

            اس آیت سے معلوم ہواکہ قیامت کے دن کافر اولاد اپنے مومن ماں  باپ کے ساتھ نہ ہوگی بلکہ کفار کے ساتھ ہوگی، کیونکہ یہاں  فرمایا گیا کہ یہ اولاد پچھلے جن و اِنس کفار میں  شامل ہوگی۔ قیامت میں  ایمانی رشتہ مُعتبر ہو گا نہ کہ محض خونی رشتہ، جیسے کنعان اگرچہ حضرت نوح عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا نسبی بیٹا تھا مگر رہا کفار کے ساتھ، انہیں  کے ساتھ ہلاک ہوا اور انہیں  کے ساتھ جہنم میں  جائے گا کیونکہ اس نے ایمان قبول نہیں  کیا تھا۔ یاد رہے کہ مومن اولاد اور مومن والدین کو ایک دوسرے سے فائدہ پہنچے گا۔ والدین کے نیک اعمال سے ان کی اولاد کو فائدہ پہنچنے کے بارے میں  یہ آیت ملاحظہ ہو ،اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: ’’وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ اتَّبَعَتْهُمْ ذُرِّیَّتُهُمْ بِاِیْمَانٍ اَلْحَقْنَا بِهِمْ ذُرِّیَّتَهُمْ وَ مَاۤ اَلَتْنٰهُمْ مِّنْ عَمَلِهِمْ مِّنْ شَیْءٍ‘‘(طور:۲۱)

ترجمۂکنزُالعِرفان: اور جو لوگ ایمان لائے اور ان کی (جس) اولاد نے ایمان کے ساتھ ان کی پیروی کی توہم ان کی اولاد کو ان کے ساتھ ملادیں  گے اور اُن (والدین) کے عمل میں  کچھ کمی نہ کریں  گے۔

            اولاد کے نیک اعمال سے ان کے والدین کو فائدہ پہنچنے کے بارے میں  یہ حدیث ملاحظہ ہو ۔ حضرت معاذ جہنی رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، رسولُ اللہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا’’جو قرآن پڑھے اور اس کے اَحکام پر عمل کرے تو قیامت کے دن اس کے ماں  باپ کو ایسا تاج پہنایا جائے گا جس کی روشنی سورج کی روشنی سے اچھی ہوگی جو دنیا میں  تمہارے گھروں  میں  چمکتا ہے ، تو خود اس شخص کے بارے تمہارا کیا خیال ہے جس نے اس پر عمل کیا۔( ابو داؤد، کتاب الوتر، باب فی ثواب قراء ۃ القرآن، ۲ / ۱۰۰، الحدیث: ۱۴۵۳)

Reading Option

Ayat

Translation

Tafseer

Fonts Setting

Download Surah

Related Links