سورہِ اَحقاف کے
مضامین:
اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس
میں توحید،رسالت، وحی، مرنے کے بعد دوبارہ
زندہ ہونے اور اعمال کی جزاء ملنے کے بارے میں کلام کیاگیا ہے اورا س سورت میں یہ
چیزیں بیان کی گئی ہیں ،
(1)…ابتداء میںاللہ
تعالیٰ کی وحدانیّت اور قیامت سے متعلق دلائل دئیے گئے ،بتوں کی پوجا کرنے والے مشرکین کی مذمت بیان کی گئی
، قرآنِ مجید اور رسولِ اکرم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی
رسالت کے بارے میں کفارکے شُبہات کاجواب دیا گیا۔
(2)…اللہ تعالیٰ کی
وحدانیّت کو ماننے والے ، اس کے دین پر ثابت قدم رہنے والے ،والدین کی اطاعت کرنے
والے اور ان کے ساتھ بھلائی کرنے والے کی جزاء بیان کی گئی کہ یہ جنّتی ہے اور اللہ
تعالیٰ کے ساتھ کفر کرنے والے، والدین کی نافرمانی کرنے والے ،مرنے کے بعد دوبارہ
زندہ کئے جانے کا انکار کرنے والے کی سزا بیان کی گئی کہ یہ جہنمی ہے۔
(3)…حضرت ہود عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اور ان
کی قوم عاد کا واقعہ بیان کیاگیا کہ اس قوم کے لوگ اپنی طاقت و قوت کی وجہ سے
سرکَش ہو گئے اور بتوں کی پوجا کرنے پر
قائم رہے تو اللہ
تعالیٰ نے آندھی کے عذاب کے ذریعے انہیں نیست نابُود کر دیا اور اس واقعے کو بیان کرنے سے مقصود کفارِ مکہ کو حضورِ
اَقدس صَلَّی
اللہ تَعَالٰی
عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی
تکذیب کرنے سے ڈرانا ہے کہ اگر وہ اپنی اسی ہٹ دھرمی پر قائم رہے تو ان کاانجام
بھی قومِ عاد جیسا ہو سکتا ہے۔
(4)…قرآنِ پاک کی
آیات سن کر ایمان قبول کرنے والی جنوں کی
ایک جماعت کا ذکر کیا گیا اور یہ بتایا گیا کہ انہوں نے اپنی قوم کو حضور پُرنور صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ پر
ایمان لانے کی دعوت دی اور انہیں بتایا کہ
جو ان پر ایمان نہیں لائے گا وہ کھلی
گمراہی میں ہے۔
(5)… اس سورت کے آخر
میں مُردوں کو دوبارہ زندہ کرنے پر اللہ
تعالیٰ کی قدرت کی دلیل دی گئی اور یہ بتایاگیا کہ کفار بہر صورت جہنم کا عذاب
پائیں گے اور اللہ تعالیٰ نے اپنے
حبیب صَلَّی
اللہ تَعَالٰی
عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو
تلقین کی کہ اے حبیب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، صبر کرو جیسے
ہمت والے رسولوں نے صبر کیا اور ان کافروں
کے لیے عذاب طلب کرنے میں جلدی نہ کرو۔