Home ≫ Al-Quran ≫ Surah Al Ahzab Ayat 19 Urdu Translation Tafseer
Tarteeb e Nuzool:(90) | Tarteeb e Tilawat:(33) | Mushtamil e Para:(21-22) | Total Aayaat:(73) |
Total Ruku:(9) | Total Words:(1501) | Total Letters:(5686) |
{اَشِحَّةً عَلَیْكُمْ: تمہارے اوپر بخل کرتے ہوئے آتے ہیں ۔} یعنی منافقوں کا حال یہ ہے کہ جب مسلمانوں کو جنگ میں ان کی مدد کی ضرورت ہوتی ہے تویہ لوگ بخل کرتے ہیں اوراگر جیسے تیسے لڑائی میں کچھ شرکت کرنا پڑ ہی جائے تواس وقت ان کی حالت یہ ہوتی ہے کہ خوف سے ان کی آنکھیں ہی گھوم رہی ہوتی ہیں اورجب اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے مسلمان جنگ میں فتح یاب ہوجاتے ہیں توپھرمالِ غنیمت لینے کے لیے سب سے پہلے پہنچ جاتے ہیں اور اپنی جرأت کی جھوٹی داستانیں سناتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہم نے اتنی بہادری دکھائی اورہماری بہادری کی وجہ سے ہی جنگ میں کامیابی اورغنیمت ملی ہے، لہٰذا ہمیں غنیمت میں سے زیادہ حصہ دیاجائے۔ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتاہے کہ ان لوگوں نے اگرچہ اپنی زبانوں سے ایمان کا اقرار کیا ہے لیکن در حقیقت یہ لوگ ایمان لائے ہی نہیں اورچونکہ حقیقت میں وہ مومن نہ تھے اس لئے ان کے تمام ظاہری عمل جہاد وغیرہ سب باطل کر دیئے گئے اور عملوں کو باطل کر دینااللہ تعالیٰ پر بہت آسان ہے۔
صرف زبانی دعوے کرنا اور وقت پر ساتھ نہ دینا منافقوں کا کام ہے:
اس سے معلوم ہوا کہ وقت پر ساتھ نہ دینا اور زبان سے محبت کا دعویٰ کرنا منافقوں کا کام ہے جبکہ مومن کی شان یہ ہے کہ وہ ہر مشکل وقت میں اپنے مسلمان بھائی کا ساتھ دیتا ہے اور زبانی دعوے کرنے کی بجائے عملی مظاہرہ زیادہ کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے بولنے کیلئے زبان ایک اور دیگر کام کرنے کیلئے اَعضاء دو دو دئیے ہیں لہٰذا آدمی کو چاہیے کہ وہ کلام کم اور کام زیادہ کرے۔
Copyright © by I.T Department of Dawat-e-Islami.