Home ≫ Al-Quran ≫ Surah Al Ankabut Ayat 69 Urdu Translation Tafseer
Tarteeb e Nuzool:(85) | Tarteeb e Tilawat:(29) | Mushtamil e Para:(20-21) | Total Aayaat:(69) |
Total Ruku:(7) | Total Words:(1120) | Total Letters:(4242) |
{وَ الَّذِیْنَ جَاهَدُوْا فِیْنَا لَنَهْدِیَنَّهُمْ سُبُلَنَا: اور جنہوں نے ہماری راہ میں کوشش کی ضرور ہم انہیں اپنے راستے دکھا دیں گے۔} اس آیت کے معنی بہت وسیع ہیں ، اس لئے مفسرین نے مختلف انداز میں اسے تعبیر کیا ہے ۔ یہاں چار اَقوال بیان کئے جاتے ہیں :
(1)…حضرت عبد اللہ بن عباس رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں ،اس کے معنی یہ ہیں کہ جنہوں نے ہماری اطاعت کرنے میں کوشش کی ہم ضرور انہیں اپنے ثواب کے راستے دکھا دیں گے ۔
(2)…حضرت جنید رَحْمَۃُ اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں :اس کے معنی یہ ہیں کہ جو لوگ توبہ کرنے میں کوشش کریں گے، ہم ضرور انہیں اخلاص کے راستے دکھا دیں گے۔
(3)… حضرت فضیل بن عیاض رَحْمَۃُ اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں :اس کے معنی یہ ہیں کہ جو لوگ علم حاصل کرنے میں کوشش کریں گے ،ہم ضرور انہیں عمل کی راہیں دکھا دیں گے۔
(4)… حضرت سہل بن عبد اللہ رَحْمَۃُ اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں :اس کے معنی یہ ہیں کہ جو سنت کو قائم کرنے میں کوشش کریں گے ہم انہیں جنت کے راستے دکھادیں گے۔(مدارک، العنکبوت، تحت الآیۃ: ۶۹، ص۸۹۹، خازن، العنکبوت، تحت الآیۃ: ۶۹، ۳ / ۴۵۷، ملتقطاً)
یہ آیت ِکریمہ شریعت و طریقت کی جامع ہے یعنی جو توبہ میں کوشش کریں گے انہیں اِخلاص کی، جو طلب ِعلم میں کوشاں ہوں گے انہیں عمل کی، جو اِتِّباعِ سنت میں کوشش کریں گے انہیں جنت کی راہ دکھا دیں گے ۔ حق تعالیٰ تک پہنچنے کے اتنے راستے ہیں جتنے تمام مخلوق کے سانس ہیں ۔
{وَ اِنَّ اللّٰهَ لَمَعَ الْمُحْسِنِیْنَ: اور بیشک اللہ نیکوں کے ساتھ ہے۔} ارشاد فرمایا کہ بیشک اللہ تعالیٰ نیک لوگوں کے ساتھ ہے کہ دنیا میں ان کی مدد و نصرت فرماتا ہے اور آخرت میں انہیں مغفرت اور ثواب سے سرفراز فرمائے گا۔(مدارک، العنکبوت، تحت الآیۃ: ۶۹، ص۹۰۰)
Copyright © by I.T Department of Dawat-e-Islami.