Home ≫ Al-Quran ≫ Surah Al Araf Ayat 156 Urdu Translation Tafseer
Tarteeb e Nuzool:(39) | Tarteeb e Tilawat:(7) | Mushtamil e Para:(08-09) | Total Aayaat:(206) |
Total Ruku:(24) | Total Words:(3707) | Total Letters:(14207) |
{وَ اكْتُبْ لَنَا:اور ہمارے لیے لکھ دے۔} حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے زلزلے کے وقت جودعا مانگی اس آیت میں اس کا بقیہ حصہ ہے۔ حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے عرض کی :اے اللہ! ہمارے لیے اس دنیا میں اور آخرت میں بھلائی لکھ دے بیشک ہم نے تیری طرف رجوع کیا۔ دنیا کی بھلائی سے پاکیزہ زندگی اور نیک اعمال مراد ہیں اور آخرت کی بھلائی سے جنت، اللہ تعالیٰ کا دیدار اور دنیا کی نیکیوں پر ثواب مراد ہے۔ اور یہ بھی کہا گیا کہ دنیا کی بھلائی سے مراد نعمت اور عبادت ہے اور آخرت کی بھلائی سے مراد جنت ہے اور اس کے علاوہ اور کیا بھلائی ہو سکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی دعا کے بعد فرمایا کہ:’’میری شان یہ ہے کہ میں جسے چاہتا ہوں اپنا عذاب پہنچاتا ہوں کوئی اور اس میں دخل اندازی کر ہی نہیں سکتا اور میری رحمت کی شان یہ ہے کہ میری رحمت ہر چیز کو گھیرے ہوئے ہے ،دنیا میں ہر مسلمان،کافر، اطاعت گزار اور نافرمان میری نعمتوں سے بہرہ مند ہوتا ہے۔ (البحر المحیط، الاعراف، تحت الآیۃ: ۱۵۶، ۴ / ۳۹۹، تفسیر کبیر، الاعراف، تحت الآیۃ: ۱۵۶، ۵ / ۳۷۸، روح المعانی، الاعراف، تحت الآیۃ: ۱۵۶، ۵ / ۱۰۳، ملتقطاً)
{فَسَاَكْتُبُهَا:عنقریب میں آخرت کی نعمتوں کو لکھ دوں گا۔} جب یہ آیت نازل ہوئی ’’وَ رَحْمَتِیْ وَ سِعَتْ كُلَّ شَیْءٍ‘‘ تو ابلیس بہت خوش ہوا اور کہنے لگا میں بھی اللہ عَزَّوَجَلَّ کی رحمت میں داخل ہو گیا، اور جب آیت کا یہ حصہ ’’ فَسَاَكْتُبُهَا‘‘ نازل ہوا تو ابلیس مایوس ہو گیا۔ (صاوی، الاعراف، تحت الآیۃ: ۱۵۶، ۲ / ۷۱۵-۷۱۶)
یہودیوں نے جب اس آیت کو سنا تو کہنے لگے ہم متقی ہیں اور ہم زکوٰۃ دیتے ہیں اور اپنے رب کی آیتوں پر ایمان رکھتے ہیں تواگلی آیت نازل فرما کر اللہ تعالیٰ نے واضح فرما دیا کہ یہ فضائل امتِ محمدیہ کے ساتھ خاص ہیں۔ (خازن، الاعراف، تحت الآیۃ: ۱۵۶، ۲ / ۱۴۶)
Copyright © by I.T Department of Dawat-e-Islami.