اور نہ وہ ان کی کوئی مدد کرنے کی طاقت رکھتے ہیں اور نہ اپنی جانو ں کی مدد کرسکتے ہیں ۔
تفسیر: صراط الجنان
{وَلَایَسْتَطِیْعُوْنَ
لَهُمْ نَصْرًا:اور نہ وہ ان کی کوئی مدد کرنے کی طاقت رکھتے
ہیں۔} اس آیت
میں بتوں کی بے قدریاور شرک کے بُطلان کا بیان اور مشرکین کے کمالِ جہل کا اظہار ہے اور بتایا
گیا ہے کہ عبادت کا مستحق وہی ہوسکتا ہے جو عبادت کرنے والے کو نفع پہنچانے
اور ا س کا ضرر دور کرنے کی قدرت رکھتا ہو، مشرکین جن بتوں کو پوجتے ہیں ان کی بے
قدرتی اس درجے کی ہے کہ وہ کسی چیز کے بنانے والے نہیں ، کسی چیز کے بنانے والے تو
کیا ہوتے خود اپنی ذات میں دوسرے سے بے نیاز نہیں۔ خود مخلوق ہیں اور بنانے والے
کے محتاج ہیں۔ اس سے بڑھ کر بے اختیاری یہ ہے کہ وہ کسی کی مدد نہیں کرسکتے اور
کسی کی کیا مدد کریں گے خود انہیں کوئی ضرر پہنچے تو اسے دور نہیں کرسکتے۔ کوئی
انہیں توڑ دے، گرا دے الغرض جو چاہے کرے وہ اس سے اپنی حفاظت نہیں کرسکتے لہٰذا
ایسے مجبور وبے اختیار کو پوجنا انتہا درجے کا جہل ہے۔ (تفسیر کبیر، الاعراف، تحت الآیۃ: ۱۹۲، ۵ / ۴۳۰-۴۳۱)
یہ سورت مکہ مکرمہ میں
نازل ہوئی ہے اور ایک روایت کے مطابق پانچ آیتوں کے علاوہ یہ سورت مکیہ ہے، ان
پانچ آیات میں سے پہلی آیت ’’ وَ سْــٴَـلْهُمْ عَنِ الْقَرْیَةِ الَّتِیْ‘‘ ہے۔ (خازن، الاعراف، ۲ / ۷۶)
اعراف کا معنی ہے بلند
جگہ، اس سورت کی آیت نمبر 46میں جنت اور دوزخ کے درمیان ایک جگہ اعراف کا ذکر ہے
جو کہ بہت بلند ہے، اس مناسبت سے اس سورت کا نام ’’سورۂ اعراف ‘‘رکھا گیا۔
حضرت عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْھا سے روایت ہے، رسولِ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ
وَسَلَّمَنے ارشاد فرمایا ’’جس نے
قرآنِ پاک کی پہلی 7 بڑی سورتوں کوحفظ کیا اور ان کی تلاوت کرتا رہا تو یہ اس کے
لئے کثیر ثواب کا باعث ہے۔ (مستدرک، کتاب فضائل القرآن،
من اخذ السبع الاول من القرآن فہو خیر، ۲ / ۲۷۰، الحدیث: ۲۱۱۴)ان سات سورتوں میں سے ایک
سورت اعراف بھی ہے۔
یہ مکی سورتوں میں سب سے بڑی سورت ہے اور اس سورت کا مرکزی مضمون یہ
کہ اس میں انبیاءِ کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے حالات
اور انہیں جھٹلانے والی قوموں کے انجام کے واقعات بیان کر کے اس امت کے لوگوں کو
ان قوموں جیسا عذاب نازل ہونے سے ڈرانا، ایمان
اور نیک اعمال کی ترغیب دینا ہے۔ نیز اس سورت میں اسلام کے بنیادی عقائد
جیسے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، اس کے وجود، وحی اور رسالت،
مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کئے جانے اور اعمال کی جزاء ملنے کو تفصیل کے ساتھ بیان
کیاگیا ہے۔اس کے علاوہ اس سورت میں یہ مضامین بیان کئے گئے ہیں۔
(1) …قرآن اللہ تعالیٰ کا کلام اور اس کی نعمت ہے اور قرآنِ پاک کی تعلیمات کی
پیروی ضروری ہے۔
(2) …قیامت کے دن اعمال کا وزن ضرور کیا جائے گا۔
(3) …دوبارہ حضرت آدم عَلَیْہِ
الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَاماور ابلیس کا واقعہ بیان کیا
گیا، اس میں حضرت آدم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی تخلیق،
فرشتوں کا انہیں سجدہ کرنا، شیطان کا سجدہ کرنے سے تکبر کرنا، شیطان کا مردود
ہونا، حضرت آدم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے ساتھ اس
کی دشمنی اور حضرت آدم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی جنت سے
زمین کی طرف آمدکا بیان ہے۔
(4) … کفار ومشرکین کے اخروی انجام کو بیان کیا گیا ہے۔
(5) …قیامت کے دن ایمان والوں کے حالات، جہنمیوں اور
اَعراف والوں سے ہونے والی گفتگو اور اہلِ جہنم کی آپس میں کی جانے والی گفتگو
کابیان ہے۔
(6) …اللہ تعالیٰ نے
اپنی عطا کردہ نعمتوں سے اپنے وجود اور اپنی وحدانیت پر استدلال فرمایا ہے۔
(7) …اس سورت میں حضرت آدم عَلَیْہِ
الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکے واقعے کے علاوہ مزید یہ7واقعات بیان کئے گئے: (1) حضرت نوح
عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اور ان کی
قوم کاواقعہ۔ (2)حضرت ہود عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اور ان کی
قوم کا واقعہ۔ (3) حضرت صالحعَلَیْہِ
الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اور ان کی قوم کا واقعہ۔ (4) حضرت لوط عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اور ان کی
قوم کا واقعہ۔ (5) حضرت شعیب عَلَیْہِ
الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَاماور ان کی قوم کا واقعہ۔ (6) حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَاماور فرعون
کا واقعہ۔ (7) حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَاماور بلعم
بن باعور کا واقعہ۔
(8) …اس سورت کے آخر میں شرک کا تفصیلی رد، مَکارمِ
اخلاق کی تعلیم، وحی کی پیروی کرنے اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے کا بیان ہے۔
سورۂ اعراف کی اپنے سے
ماقبل سورت ’’اَنعام‘‘ کے ساتھ مناسبت یہ ہے کہ سورۂ اَنعام میں حضرت آدم عَلَیْہِ
الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی تخلیق، سابقہ امتوں کی
ہلاکت اور انبیاءِ کرامعَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کاذکر
اجمالی طور پر کیا گیا تھاجبکہ سورۂ اعراف میں ان تینوں امور کو تفصیل کے ساتھ
بیان کیاگیا ہے۔ (تناسق الدرر، سورۃ
الاعراف، ۸۷)