Home ≫ Al-Quran ≫ Surah Al Araf Ayat 33 Translation Tafseer
Tarteeb e Nuzool:(39) | Tarteeb e Tilawat:(7) | Mushtamil e Para:(08-09) | Total Aayaat:(206) |
Total Ruku:(24) | Total Words:(3707) | Total Letters:(14207) |
{ قُلْ:تم فرماؤ ۔} اس آیت میں نبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے ذریعے ان مشرکین سے خطاب ہے جو برہنہ ہو کر خانہ کعبہ کا طواف کرتے تھے اور اللہ تعالیٰ کی حلال کی ہوئی پاک چیزوں کو حرام کرلیتے تھے، اُن سے فرمایا جاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے یہ چیزیں حرام نہیں کیں اور اُن سے اپنے بندوں کو نہیں روکا، جن چیزوں کو اُس نے حرام فرما یا وہ یہ ہیں جو اللہ تعالیٰ بیا ن فرماتا ہے (1) بے حیائیاں ، چاہے ظاہری ہوں یا باطنی، قولی ہوں یا فعلی۔ (2) گناہ۔ (3) ناحق زیادتی۔ (4) ہر طرح کا کفر و شرک۔
{ الْفَوَاحِشَ:بے حیائیاں۔} ہر وہ قول اور فعل جو برا اور فحش ہو اسے فاحشہ کہتے ہیں (خازن، الاعراف، تحت الآیۃ: ۳۳، ۲ / ۸۹) آیت میں ’’ الْفَوَاحِشَ ‘‘ سے مراد ہر کبیرہ گناہ ہے ،جو علانیہ کیا جائے وہ ’’ مَا ظَہَرَ ‘‘ یعنی ظاہری ہے اور جو خفیہ کیا جائے وہ’’ مَا بَطَنَ ‘‘ یعنی باطنی ہے۔ ایک قول یہ ہے کہ ’’فَوَاحِشَ ‘‘ سے وہ گناہ مراد ہیں جن میں شرعی سزا لازم نہ ہو اور ایک قول یہ ہے کہ اس سے مراد زنا ہے، جو بدکاری علی الاعلان ہو (جیسے اجرت دے کر پیشہ ور عورتوں سے بدکاری کرنا،کلبوں اور ہوٹلوں سے کال گرلز، سوسائٹی گرلز بک کر کے بدکاری کرنا) یہ ’’ مَا ظَهَرَ ‘‘ ہے اور جو زنا خفیہ طریقے سے کیا جائے جیسے کسی جوان لڑکی یا عورت سے عشق و محبت کے نتیجے میں یا پیا رکا جھانسا دے کر زنا کرنا، یہ ’’مَا بَطَنَ ‘‘ ہے۔ (تفسیر کبیر، الاعراف، تحت الآیۃ: ۳۳، ۵ / ۲۳۲)
ظاہری و باطنی بے حیائیوں کو حرام قرار دئیے جانے کی وجہ:
حضرت عبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’ اللہ عَزَّوَجَلَّ سے زیادہ کوئی غَیور نہیں ، اسی لئے اللہ تعالیٰ نے تمام ظاہری اور باطنی فَوَاحِشَ یعنی بے حیائیوں کو حرام کر دیا۔ (مسلم، کتاب التوبۃ، باب غیرۃ اللہ تعالی وتحریم الفواحش، ص۱۴۷۵، الحدیث: ۳۲(۲۷۶۰))
حضرت سعد بن عبادہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے فرمایا: ’’اگر میں کسی کو اپنی بیوی کے ساتھ دیکھ لوں تو تلوار کی دھار سے اس کی جان نکال کے رکھ دوں۔ جب یہ بات رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے سنی تو ارشاد فرمایا: ’’تم سعد کی غیرت پر تعجب کرتے ہو! حالانکہ اللہ تعالیٰ کی قسم ! میں اُن سے زیادہ غیرت مند ہوں اور اللہ تعالیٰ مجھ سے زیادہ غیور ہے، اسی غیرت کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے بے حیائی کے کاموں کو حرام فرما دیا ہے، چاہے بے حیائی ظاہر ہو یا پوشیدہ۔ (بخاری، کتاب التوحید، باب قول النبی صلی اللہ علیہ وسلم لا شخص اغیر من اللہ، ۴ / ۵۴۴، الحدیث: ۷۴۱۶)
{ وَ الْاِثْمَ:اور گناہ۔} فواحش کی طرح ’’اَلْاِثْمَ ‘‘ کی تفسیر میں بھی چند قول ہیں (1) ہر صغیرہ گناہ ’’ اَلْاِثْمَ ‘‘ ہے۔ (2) وہ گناہ کہ جس پر شرعی سزا لازم نہ ہو ’’ اَلْاِثْمَ ‘‘ ہے۔ (3) ہر گناہ ’’ اَلْاِثْمَ ‘‘ہے چاہے صغیرہ ہو یا کبیرہ۔ (خازن، الاعراف، تحت الآیۃ: ۳۳، ۲ / ۹۰)
{ وَ الْبَغْیَ بِغَیْرِ الْحَقِّ:اور ناحق زیادتی ۔} ’’اَلْبَغْیَ ‘‘کا معنی ہے: ظلم، تکبر ، لوگوں پر زیادتی کرنا اورا ن سب چیزوں میں حد سے بڑھ جانا۔ ناحق زیادتی کا معنی ہے ’’کسی شخص کا اس چیز کو طلب کرنا جو اس کا حق نہیں جبکہ اپنے حق کو طلب کرنا اس میں داخل نہیں۔ (خازن، الاعراف، تحت الآیۃ: ۳۳، ۲ / ۹۰)
Copyright © by I.T Department of Dawat-e-Islami.