سورۂ فتح کے
مضامین:
اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں صلحِ حدیبیہ کا واقعہ بیان کیاگیاہے اور
مسلمانوں کو یہ بشارت دی گئی ہے کہ یہ صلح مکۂ مکرمہ کی فتح کا پیش خیمہ ہے اور
اب مسلمانوں کو کفار پر مکمل غلبہ حاصل
ہونے کا وقت قریب ہے اور اس سورت میں یہ
چیزیں بیان کی گئی ہیں :
(1)…اس سورت کی ابتداء
میں فتحِ مکہ کی بشارت دی گئی اور یہ
بتایا گیا کہ اس مہم سے مسلمانوں کوعظیم
کامیابی اور جنت حاصل ہو گی اور یہ مہم ان منافقوں کے لئے اللہ تعالیٰ کے غضب
اور اس کی لعنت کا سبب بنی جنہوں نے حضور
پُر نور صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے
بارے میں یہ بد گمانی کی کہ وہ
مسلمانوں کو موت کے منہ میں لے جارہے ہیں اور اب ان میں سے کوئی بھی زندہ بچ
کر واپس نہیں آئے گا۔
(2)… حضورِ اقدس صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے
اوصاف بیان کئے گئے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کوحاضر و ناظر ، خوشخبری
دینے والااور ڈر سنانے والا بنا کربھیجا ہے تاکہ لوگ اللہ تعالیٰ پر
اورحضور پُر نور صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ پر ایمان
لائیں اور نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی
تعظیم وتوقیر کریں ۔
(3)…منافقوں کی صفات بیان کی گئیں اور یہ بتایا گیا کہ جو مسلمان اندھے ،لنگڑے
اور بیمار ہیں وہ اپنے اس عذر کی وجہ سے
جہاد میں شامل نہ ہو سکیں تو ان پر کوئی حرج نہیں ،وہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کی اطاعت
کرتے رہیں اللہ تعالیٰ
انہیں جنت عطا فرما دے گا۔
(4)…حدیبیہ کے مقام پر
بیعت کرنے والے صحابۂ کرام رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمْ کو
رضائے الٰہی کی بشارت دی گئی اور مسلمانوں سے بہت سی غنیمتوں کا وعدہ فرمایا
گیا۔
(5)…حدیبیہ کے مقام پر
کفارِ مکہ سے جنگ کی بجائے صلح ہونے میں مسلمانوں پر جو اللہ
تعالیٰ کا فضل ہوا وہ بیان کیا گیا اور نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے
خواب کی تصدیق اور اس کی تعبیر میں تاخیر
کی حکمت بیان کی گئی ۔
(6)…اس سورت کے آخر
میں بتایاگیا کہ حضور پُر نور صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو ہدایت اور دین
ِحق کے ساتھ بھیجا گیا ہے تاکہ اللہ تعالیٰ اسے سب دینوں پر غالب کردے اور نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اور ان
کے صحابۂ کرام آپس میں نرم دل جبکہ
کافروں پر سخت ہیں ،نیز نیک اعمال کرنے
والے مسلمانوں سے مغفرت اور عظیم ثواب کا
وعدہ فرمایا گیا۔