Home ≫ Al-Quran ≫ Surah Al Jasia Ayat 14 Translation Tafseer
Tarteeb e Nuzool:(65) | Tarteeb e Tilawat:(45) | Mushtamil e Para:(25) | Total Aayaat:(37) |
Total Ruku:(4) | Total Words:(554) | Total Letters:(2034) |
{قُلْ لِّلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا: تم ایمان وا لوں سے فرماؤ۔} اللہ تعالیٰ نے اپنی وحدانیت ،قدرت اور حکمت کے دلائل بیان فرمانے کے بعد اس آیت سے مسلمانوں کی اخلاقی تربیت فرمائی ہے۔اس آیت میں اللہ تعالیٰ کے دنوں سے مراد وہ دن ہیں جو اللہ تعالیٰ نے ایمان والوں کی مدد کے لئے مقرر فرمائے ہیں یا ان دنوں سے وہ واقعات مراد ہیں جن میں وہ اپنے دشمنوں کی پکڑ فرماتا ہے اوران دنوں کی امید نہ رکھنے والوں سے مراد کفار ہیں ۔
آیت کا معنیٰ یہ ہے کہ کفار سے جو ایذا پہنچے اور ان کے کلمات جو تکلیف پہنچائیں مسلمان ان سے در گزر کریں اور ان سے جھگڑا نہ کریں تاکہ اللہ تعالیٰ اس قوم کو ان کے احسانات کا بدلہ دے جنہوں نے دشمنوں کی طرف سے ملنے والی اذیتوں پر صبر کیا۔
اس آیت کے شانِ نزول کے بارے میں کئی قول ہیں ،ان میں سے 3درج ذیل ہیں ۔
(1)… غزوۂ بنی مُصْطَلَقْ میں مسلمان بِیر مُرَیْسِیعْ پر اُترے، یہ ایک کنواں تھا، عبداللہ بن اُبَیْ منافق نے اپنے غلام کو پانی کے لئے بھیجا اوروہ دیر سے واپس آیا تو اس نے غلام سے سبب دریافت کیا ۔ اس نے کہا کہ حضرت عمر رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ کنوئیں کے کنارے پر بیٹھے تھے ،جب تک نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی اور حضرت ابوبکر صدیق رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ کی مَشکیں نہ بھر گئیں اس وقت تک انہوں نے کسی کو پانی بھرنے نہ دیا۔ یہ سن کر اس بدبخت نے ان حضرات کی شان میں گستاخانہ کلمے کہے۔ حضرت عمر رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ کو اس کی خبر ہوئی تو آپ تلوار لے کر تیار ہوئے، اس پر یہ آیت نازل ہوئی ۔اس شانِ نزول کے مطابق یہ آیت مدنی ہوگی۔
(2)…مقاتل کا قول ہے کہ قبیلہ ٔبنی غِفار کے ایک شخص نے مکہ مکرمہ میں حضرت عمر رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ کو گالی دی تو آپ نے اسے پکڑنے کا ارادہ کیا ،اس پر یہ آیت نازل ہوئی ۔
(3)…جب آیت ’’مَنْ ذَا الَّذِیْ یُقْرِضُ اللّٰهَ قَرْضًا حَسَنًا‘‘ نازل ہوئی تو فِنْحَاص یہودی نے کہا کہ محمد (صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ) کا رب محتاج ہوگیا۔ (مَعَاذَاللہ تَعَالٰی ) اس کی یہ بات سن کر حضرت عمر رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ نے تلوار کھینچی اور اس کی تلاش میں نکلے ، لیکن حضور پر نور صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے آدمی بھیج کر انہیں واپس بلوالیا۔(تفسیرکبیر،الجاثیۃ،تحت الآیۃ: ۱۴، ۹ / ۶۷۳-۶۷۴، مدارک، الجاثیۃ، تحت الآیۃ: ۱۴، ص۱۱۱۸، جلالین، الجاثیۃ، تحت الآیۃ: ۱۴، ص۴۱۳، ملتقطاً)
Copyright © by I.T Department of Dawat-e-Islami.