Home ≫ Al-Quran ≫ Surah Al Kahf Ayat 1 Urdu Translation Tafseer
Tarteeb e Nuzool:(69) | Tarteeb e Tilawat:(18) | Mushtamil e Para:(15-16) | Total Aayaat:(110) |
Total Ruku:(12) | Total Words:(1742) | Total Letters:(6482) |
{اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ: تمام تعریفیں اللّٰہ کیلئے ہیں ۔} اس سورت کی ابتداء اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی حمد ، نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی عظمت اور قرآنِ پاک کی شان سے کی گئی ہے، چنانچہ ارشاد فرمایا کہ تمام تعریفیں اس اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کیلئے ہیں جس نے اپنے بندے محمد مصطفٰی صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ پر کتاب یعنی قرآن نازل فرمایا جو اس کی بہترین نعمت اور بندوں کے لئے نجات وفلاح کا سبب ہے اور اس قرآن میں کوئی ٹیڑھ نہیں رکھی یعنی نہ کوئی لفظی خرابی، نہ معنوی ،نہ اس کی آیتوں میں آپس میں اختلاف ہے اور نہ تَضاد۔( خازن، الکھف، تحت الآیۃ: ۱، ۳ / ۱۹۷، ملخصاً)
آیت’’ اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِیْۤ اَنْزَلَ‘‘ سے حاصل ہونے والی معلومات:
اس آیت سے دو باتیں معلوم ہوئیں :
(1)…اس آیت میں نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو اللّٰہ تعالیٰ نے اپنا بندہ فرمایا، اس سے معلوم ہو اکہ رسول کی شان اس میں ہے کہ اسے اللّٰہ تعالیٰ کا بندہ کہا جائے نہ کہ اسے اللّٰہ تعالیٰ کی اولاد کہنا شروع کر دیا جائے جیسے عیسائی حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو مَعَاذَاللّٰہ ،اللّٰہ تعالیٰ کا بیٹا کہتے ہیں ۔
(2)…قرآنِ کریم کا نازل ہونا بہت بڑی نعمت ہے ، امام فخر الدین رازی رَحْمَۃُاللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں ’’قرآن مجید کو نازل کرنا حضور پُرنور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے لئے اور ہمارے لئے بھی اللّٰہ تعالیٰ کی بڑی عظیم نعمت ہے ۔ نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے لئے نعمت تو ا س طور پر ہے کہ اس مُقَدّس کتاب کے ذریعے اللّٰہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو تَوحید اور اللّٰہ تعالیٰ کی پاکی پر نیز اللّٰہ تعالیٰ کی صِفات ِجلال و اِکرام کے علوم کے اَسرار پر مطلع کیا، فرشتوں اور انبیاءِ کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے اَحوال، قضاء و قدر کے احوال کے اسرار، عالَمِ سِفلی کے اَحوال کا عالَمِ عُلوی کے احوال سے تعلق رکھنے کے اسرار، عالَمِ آخرت کے احوال کا عالَمِ دنیا کے احوال سے تعلق رکھنے کے اسرار، عالَمِ جسمانیات کے عالَمِ روحانیات سے مَربوط ہونے کی کیفیت وغیرہ کے اَسرار عطا فرمائے اور بے شک یہ چیزیں عظیم ترین نعمتوں میں سے ہیں ۔اور اس کتاب کا ہمارے حق میں نعمت ہونا اس طور پر ہے کہ یہ کتاب پابندیوں اور اَحکامات، وعدہ اور وعید، ثواب اور عذاب کے بیان پر مشتمل ہے، خلاصہ یہ ہے کہ یہ کتاب انتہائی اعلیٰ درجے کی کامل کتاب ہے تو اس سے ہر ایک اپنی طاقت اور فہم کے مطابق نفع حاصل کرے۔( تفسیرکبیر، الکھف، تحت الآیۃ: ۱، ۷ / ۴۲۲)
Copyright © by I.T Department of Dawat-e-Islami.