Our new website is now live Visit us at https://alqurankarim.net/

Home Al-Quran Surah Al Mulk Ayat 22 Urdu Translation Tafseer

رکوعاتہا 2
سورۃ ﴇ
اٰیاتہا 30

Tarteeb e Nuzool:(77) Tarteeb e Tilawat:(67) Mushtamil e Para:(29) Total Aayaat:(30)
Total Ruku:(2) Total Words:(363) Total Letters:(1332)
22

اَفَمَنْ یَّمْشِیْ مُكِبًّا عَلٰى وَجْهِهٖۤ اَهْدٰۤى اَمَّنْ یَّمْشِیْ سَوِیًّا عَلٰى صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ(22)
ترجمہ: کنزالعرفان
تو کیا جو اپنے منہ کے بل اوندھا چلے وہ زیادہ راہ پر ہے یا وہ جو سیدھی راہ پرسیدھا چلے؟


تفسیر: ‎صراط الجنان

{اَفَمَنْ یَّمْشِیْ مُكِبًّا عَلٰى وَجْهِهٖ: تو کیا وہ جو اپنے منہ کے بل اوندھا چلے۔} اس آیت میں  اللّٰہ تعالیٰ نے مؤمن اور کافر کا حال واضح کرنے کے لئے ایک مثال بیان فرمائی ہے،چنانچہ ارشاد فرمایا کہ اے لوگو! کیا وہ شخص جو اپنے منہ کے بل اوندھا چلے اور نہ آگے دیکھے نہ پیچھے ،نہ دائیں  دیکھے نہ بائیں  ،وہ زیادہ راہ پر ہے یا وہ شخص جو راستے کو دیکھتے ہوئے سیدھی راہ پرسیدھا چلے جو منزلِ مقصود تک پہنچانے والی ہے۔( صاوی، الملک، تحت الآیۃ: ۲۲، ۱۰ / ۲۲۰۶، تفسیر طبری، الملک، تحت الآیۃ: ۲۲، ۱۲ / ۱۷۱، ملتقطاً)

کافر اور مؤمن کی دُنْیَوی مثال اوران کا اُخروی حال:

            اس مثال کا مقصود یہ ہے کہ کافر گمراہی کے میدان میں  اس طرح حیران و سرگرداں  جاتا ہے کہ نہ اسے منزل معلوم اور نہ وہ راستہ پہچانے اور مؤمن آنکھیں  کھولے راہِ حق دیکھتا اورپہچانتا چلتا ہے۔یہ تو کافر اور مؤمن کی دُنْیَوی مثال ہے جبکہ آخرت میں کفار کو واقعی منہ کے بل اٹھایا اور چہروں  کے بل جہنم کی طرف ہانکا جائے گا۔چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ’’وَ نَحْشُرُهُمْ یَوْمَ الْقِیٰمَةِ عَلٰى وُجُوْهِهِمْ عُمْیًا وَّ بُكْمًا وَّ صُمًّاؕ-مَاْوٰىهُمْ جَهَنَّمُؕ-كُلَّمَا خَبَتْ زِدْنٰهُمْ سَعِیْرًا‘‘(بنی اسرائیل:۹۷)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم انہیں  قیامت کے دن ان کے منہ کے بل اٹھائیں  گے اس حال میں  کہ وہ اندھے اور گونگے اور بہرے ہوں  گے۔ان کا ٹھکانہ جہنم ہے جب کبھی بجھنے لگے گی تو ہم اسے اور بھڑکادیں  گے۔

            اور ارشاد فرمایا:

’’ اَلَّذِیْنَ یُحْشَرُوْنَ عَلٰى وُجُوْهِهِمْ اِلٰى جَهَنَّمَۙ-اُولٰٓىٕكَ شَرٌّ مَّكَانًا وَّ اَضَلُّ سَبِیْلًا ‘‘(فرقان:۳۴)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: وہ جنہیں  ان کے چہروں  کے بل جہنم کی طرف ہانکا جائے گا ان کا ٹھکانہ سب سے بدتر اوروہ سب سے زیادہ گم راہ ہیں۔

            اور ایمان والے متّقی لوگوں  کے بارے میں  ارشاد فرمایا: ’’وَ سِیْقَ الَّذِیْنَ اتَّقَوْا رَبَّهُمْ اِلَى الْجَنَّةِ زُمَرًاؕ-حَتّٰۤى اِذَا جَآءُوْهَا وَ فُتِحَتْ اَبْوَابُهَا وَ قَالَ لَهُمْ خَزَنَتُهَا سَلٰمٌ عَلَیْكُمْ طِبْتُمْ فَادْخُلُوْهَا خٰلِدِیْنَ‘‘(زمر:۷۳)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور اپنے رب سے ڈرنے والوں  کوگروہ درگروہ جنت کی طرف چلایا جائے گا یہاں  تک کہ جب وہ وہاں  پہنچیں  گے اور اس کے دروازے کھلے ہوئے ہوں  گے اور اس کے داروغے ان سے کہیں  گے: تم پر سلام ہو،تم پاکیزہ رہے تو ہمیشہ رہنے کوجنت میں  جاؤ۔

Reading Option

Ayat

Translation

Tafseer

Fonts Setting

Download Surah

Related Links