Our new website is now live Visit us at https://alqurankarim.net/

Home Al-Quran Surah Al Mulk Ayat 23 Translation Tafseer

رکوعاتہا 2
سورۃ ﴇ
اٰیاتہا 30

Tarteeb e Nuzool:(77) Tarteeb e Tilawat:(67) Mushtamil e Para:(29) Total Aayaat:(30)
Total Ruku:(2) Total Words:(363) Total Letters:(1332)
23

قُلْ هُوَ الَّذِیْۤ اَنْشَاَ كُمْ وَ جَعَلَ لَكُمُ السَّمْعَ وَ الْاَبْصَارَ وَ الْاَفْـٕدَةَؕ-قَلِیْلًا مَّا تَشْكُرُوْنَ(23)
ترجمہ: کنزالایمان
تم فرماؤ وہی جس نے تمہیں پیدا کیا اور تمہارے لیے کان اور آنکھ اور دل بنائے کتنا کم حق مانتے ہو


تفسیر: ‎صراط الجنان

{قُلْ هُوَ الَّذِیْۤ اَنْشَاَكُمْ: تم فرماؤ: وہی ہے جس نے تمہیں  پیدا کیا ۔} یعنی اے پیارے حبیب!صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ،آپ مشرکین سے فرما دیں  کہ اے کافرو!جس خدا کی طرف میں  تمہیں  دعوت دیتا ہوں  وہ وہی ہے جس نے تمہیں  پیدا کیا اور ا س نے تمہارے لئے کان بنائے تاکہ تم اللّٰہ تعالیٰ کی آیات کو سنو اور ان سے نصیحت حاصل کرو، اس نے تمہارے لئے آنکھیں  بنائیں  تاکہ تم ان کے ذریعے اللّٰہ تعالیٰ کی ان مَصنوعات کو دیکھو جو اس کی وحدانیَّتپر دلالت کرتی ہیں  اور ا س نے تمہارے لئے دل بنائے تاکہ تم ان کے ذریعے اللّٰہ تعالیٰ کی آیات اور مَصنوعات میں  غور وفکر کر سکو ،لیکن تمہارا حال یہ ہے کہ تم نے اِن اعضاء سے فائدہ نہ اُٹھایا کہ جو سنا وہ نہ مانا، جو دیکھا اُس سے عبرت حاصل نہ کی اور جو سمجھا اس میں  غورنہ کیا اور تم بہت کم شکر ادا کرتے ہو کہ اللّٰہ تعالیٰ کے عطا فرمائے ہوئے اَعضاء سے وہ کام نہیں  لیتے جس کیلئے وہ عطا ہوئے ہیں  اور یہی وجہ ہے کہ تم شرک و کفر میں مبتلا ہوگئے ہو۔( صاوی، الملک، تحت الآیۃ: ۲۳، ۶ / ۲۲۰۷، خازن، الملک، تحت الآیۃ: ۲۳، ۴ / ۲۹۲، ملتقطاً)

نعمتوں  کو ان کے مَقاصِد میں  استعمال کریں:   

            اس آیت میں  خطاب اگرچہ کفار سے ہے لیکن اس میں  مسلمانوں  کے لئے بھی نصیحت ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ نے انہیں  کان ،آنکھ اور دل کی جو نعمت عطا کی ہے اسے انہی مقاصد کے لئے استعمال کریں  جس کے لئے یہ نعمت عطا ہوئی ہے۔ایک اور مقام پر اللّٰہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: 

 ’’یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اَطِیْعُوا اللّٰهَ وَ رَسُوْلَهٗ وَ لَا تَوَلَّوْا عَنْهُ وَ اَنْتُمْ تَسْمَعُوْنَۚۖ(۲۰) وَ لَا تَكُوْنُوْا كَالَّذِیْنَ قَالُوْا سَمِعْنَا وَ هُمْ لَا یَسْمَعُوْنَ‘‘(انفال:۲۰،۲۱)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: اے ایمان والو!اللّٰہ اور اس کے رسول کی اطاعت کیا کرواورسن کر اس سے منہ نہ پھیرو۔ اور ان لوگوں  کی طرح نہ ہونا جنہوں  نے کہا :ہم نے سن لیا حالانکہ وہ نہیں  سنتے ۔

            اور ارشاد فرمایا : ’’ اِنَّ السَّمْعَ وَ الْبَصَرَ وَ الْفُؤَادَ كُلُّ اُولٰٓىٕكَ كَانَ عَنْهُ مَسْـٴُـوْلًا‘‘(بنی اسرائیل:۳۶)

ترجمۂ کنزُالعِرفان:  بیشک کان اور آنکھ اور دل ان سب کے بارے میں  سوال کیا جائے گا۔

             اور ارشاد فرمایا: ’’وَ مَا كُنْتُمْ تَسْتَتِرُوْنَ اَنْ یَّشْهَدَ عَلَیْكُمْ سَمْعُكُمْ وَ لَاۤ اَبْصَارُكُمْ وَ لَا جُلُوْدُكُمْ وَ لٰكِنْ ظَنَنْتُمْ اَنَّ اللّٰهَ لَا یَعْلَمُ كَثِیْرًا مِّمَّا تَعْمَلُوْنَ‘‘(حم السجدۃ:۲۲)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور تم اس بات سے نہیں  چھپ سکتےتھے کہ تمہارے خلاف تمہارے کان اور تمہاری آنکھیں  اورتمہاری کھالیں گواہی دیں لیکن تم تو یہ سمجھے بیٹھے تھے کہ اللّٰہ تمہارے بہت سے کام نہیں  جانتا۔

            اللّٰہ تعالیٰ ہمیں  اپنی دی ہوئی ہر نعمت کو ا س کے مقصد میں  استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے،اٰمین۔

Reading Option

Ayat

Translation

Tafseer

Fonts Setting

Download Surah

Related Links