Our new website is now live Visit us at https://alqurankarim.net/

Home Al-Quran Surah Al Mumtahinah Ayat 1 Urdu Translation Tafseer

رکوعاتہا 2
سورۃ ﴀ
اٰیاتہا 13

Tarteeb e Nuzool:(91) Tarteeb e Tilawat:(60) Mushtamil e Para:(28) Total Aayaat:(13)
Total Ruku:(2) Total Words:(395) Total Letters:(1545)
1

یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَتَّخِذُوْا عَدُوِّیْ وَ عَدُوَّكُمْ اَوْلِیَآءَ تُلْقُوْنَ اِلَیْهِمْ بِالْمَوَدَّةِ وَ قَدْ كَفَرُوْا بِمَا جَآءَكُمْ مِّنَ الْحَقِّۚ-یُخْرِجُوْنَ الرَّسُوْلَ وَ اِیَّاكُمْ اَنْ تُؤْمِنُوْا بِاللّٰهِ رَبِّكُمْؕ-اِنْ كُنْتُمْ خَرَجْتُمْ جِهَادًا فِیْ سَبِیْلِیْ وَ ابْتِغَآءَ مَرْضَاتِیْ ﳓ تُسِرُّوْنَ اِلَیْهِمْ بِالْمَوَدَّةِ ﳓ وَ اَنَا اَعْلَمُ بِمَاۤ اَخْفَیْتُمْ وَ مَاۤ اَعْلَنْتُمْؕ-وَ مَنْ یَّفْعَلْهُ مِنْكُمْ فَقَدْ ضَلَّ سَوَآءَ السَّبِیْلِ(1)
ترجمہ: کنزالعرفان
اے ایمان والو! میرے اور اپنے دشمنوں کو دوست نہ بناؤ ،تم انہیں دوستی کی وجہ سے خبریں پہنچاتے ہو حالانکہ یقینا وہ اس حق کے منکر ہیں جو تمہارے پاس آیا، وہ رسول کو اور تمہیں اس بنا پر نکالتے ہیں کہ تم اپنے رب اللہ پر ایمان لائے، اگر تم میری راہ میں جہاد کرنے اور میری رضا طلب کرنے کیلئے نکلے تھے (تو ان سے دوستی نہ کرو) تم ان کی طرف محبت کا خفیہ پیغام بھیجتے ہو اور میں ہر اس چیز کوخوب جانتا ہوں جسے تم نے چھپایا اور جسے تم نے ظاہر کیا اور تم میں سے جو یہ (دوستی) کرے توبیشک وہ سیدھی راہ سے بہک گیا۔


تفسیر: ‎صراط الجنان

{یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَتَّخِذُوْا عَدُوِّیْ وَ عَدُوَّكُمْ اَوْلِیَآءَ: اے ایمان والو! میرے اور اپنے دشمنوں  کو دوست نہ بناؤ۔} شانِ نزول: بنی ہاشم کے خاندان کی ایک باندی ’’سارہ‘‘ مدینہ منورہ میں  سرکارِ دو عالَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی بارگاہ میں اس وقت حاضر ہوئی جب آپ فتحِ مکہ کی تیاری فرمارہے تھے۔ حضور اقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اس سے فرمایا’’ کیا تو مسلمان ہو کر آئی ہے؟ اُس نے کہا: نہیں ۔ارشاد فرمایا’’ کیا ہجرت کرکے آئی ہے؟اس نے عرض کی: نہیں ۔ارشاد فرمایا’’ پھر کیوں  آئی ہو؟ اُس نے عرض کی:محتاجی سے تنگ ہو کرآئی ہوں ۔حضرت عبدالمطلب کی اولاد نے اس کی امداد کرتے ہوئے کپڑے بنائے اور سامان دیا۔حضرت حاطب بن ابی بلتعہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ اُس سے ملے تو اُنہوں  نے اسے دس دینار دئیے، ایک چادر دی اوراس کی معرفت ایک خط اہلِ مکہ کے پاس بھیجا جس کا مضمون یہ تھا:حضور انور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ تم پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ، تم سے اپنے بچاؤ کی جو تدبیر ہوسکے کرلو۔ سارہ یہ خط لے کر روانہ ہوگئی۔ اللّٰہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو اس کی خبر دی تو حضور اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی  عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اپنے چند اَصحاب کو جن میں  حضرت علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللّٰہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم بھی تھے ،گھوڑوں  پر روانہ کیا اور فرمایا’’روضہِ خاخ کے مقام پر تمہیں  ایک مسافر عورت ملے گی، اس کے پاس حاطب بن ابی بلتعہ کا خط ہے جو اہلِ مکہ کے نام لکھا گیا ہے، وہ خط اس سے لے لو اور اس کو چھوڑ دو، اگر خط دینے سے انکارکرے تو اس کی گردن ماردو۔یہ حضرات روانہ ہوئے اور عورت کو ٹھیک اسی مقام پر پایا جہاں  حضور اقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا تھا ،اس سے خط مانگا تووہ انکار کر گئی اور قسم کھا گئی۔ صحابہ ٔکرام رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمْ نے واپسی کا ارادہ کیا تو حضرت علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللّٰہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم نے قسم کھا کر فرمایا: سرکارِ دو عالَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی خبر واقع کے خلاف ہوہی نہیں  سکتی ،پھر تلوار کھینچ کر عورت سے فرمایاـ: تو خط نکال دے ورنہ میں  تیری گردن اڑا دوں  گا۔ جب اُس نے دیکھا کہ حضرت علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللّٰہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم قتل کرنے پر بالکل آمادہ ہیں  تو اس نے اپنے جُوڑے میں  سے خط نکال کر دے دیا۔جب یہ حضرات خط لے کر واپس پہنچے تو حضور اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے حضرت حاطب رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کو بلا کر فرمایا’’ اے حاطب! خط لکھنے کی وجہ کیا تھی؟اُنہوں  نے عرض کی: یا رسول  اللّٰہ!صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، میں  جب سے اسلام لایا ہوں  تب سے کبھی میں  نے کفر نہیں  کیا اور جب سے حضور کی نیاز مندی مُیَسَّر آئی ہے تب سے کبھی آپ کے ساتھ خیانت نہ کی اور جب سے اہلِ مکہ کو چھوڑا ہے تب سے کبھی اُن کی محبت دل میں  نہ آئی ،لیکن واقعہ یہ ہے کہ میں  قریش میں  رہتا تھا اور اُن کی قوم میں  سے نہ تھا، میرے سوادوسرے مہاجرین کے مکہ مکرمہ میں  رشتہ دار ہیں  جو ان کے گھر بار کی نگرانی کرتے ہیں  (لیکن میرا وہاں  کوئی رشتہ دار نہیں ) مجھے اپنے گھر والوں  کے بارے اندیشہ تھا اس لئے میں  نے یہ چاہا کہ میں  اہلِ مکہ پر کچھ احسان رکھ دوں  تاکہ وہ میرے گھر والوں  کو نہ ستائیں  اور یہ بات میں  یقین سے جانتا ہوں  کہ اللّٰہ تعالیٰ اہلِ مکہ پر عذاب نازل فرمانے والا ہے،میرا خط انہیں  بچا نہ سکے گا۔تاجدارِ رسالت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اُن کا یہ عذر قبول فرمایا اور ان کی تصدیق کی۔ حضرت عمر فاروق رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے عرض کی: یا رسول  اللّٰہ !صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، مجھے اجازت دیجئے تاکہ اس منافق کی گردن ماردوں ۔ حضور پُر نور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’اے عمر! رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ، اللّٰہ تعالیٰ خبردار ہے جب ہی اُس نے اہلِ بدر کے حق میں  فرمایا کہ جو چاہو کرو میں  نے تمہیں  بخش دیا ہے،یہ سن کر حضرت عمر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی آنکھوں  میں  آنسو جاری ہوگئے اور یہ آیات نازل ہوئیں ۔

            اس آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ اے ایمان والو!کافروں  کو اپنا دوست نہ بناؤ جو میرے اور تمہارے دشمن ہیں  ،تم انہیں  دوستی کی وجہ سے رسولِ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی پوشیدہ خبریں  پہنچاتے ہو حالانکہ وہ تمہارے پاس آئے ہوئے حق یعنی اسلام اور قرآن کا انکار کرتے ہیں ، رسول اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو اور تمہیں  اس بنا پر مکہ مکرمہ سے نکالتے ہیں  کہ تم اپنے رب عَزَّوَجَلَّ پر ایمان لائے ہو، اگر تم میری راہ میں  جہاد کرنے اور میری رضا طلب کرنے کیلئے اپنے وطن سے نکلے تھے توان کافروں سے دوستی نہ کرو، تم انہیں  خفیہ محبت کا پیغام بھیجتے ہو حالانکہ تمہیں  یہ بات اچھی طرح معلوم ہے کہ میں  ہر اس چیز کوخوب جانتا ہوں  جسے تم نے چھپایا اور جسے تم نے ظاہر کیا اور یاد رکھو! تم میں  سے جو ان سے دوستی کرے گا توبیشک وہ سیدھی راہ سے بہک گیا۔( مدارک، سورۃ الممتحنۃ، ص۱۲۳۰، خازن، الممتحنۃ، تحت الآیۃ: ۱، ۴ / ۲۵۵-۲۵۶، ملتقطاً)

آیت ’’یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَتَّخِذُوْا عَدُوِّیْ وَ عَدُوَّكُمْ اَوْلِیَآءَ‘‘ سے حاصل ہونے والی معلومات:

            اس آیت سے مزید5باتیں  یہ معلوم ہوئیں ،

(1)… کفارِ مکہ مسلمانوں  کے دشمن تھے لیکن اللّٰہ تعالیٰ نے انہیں  اپنا دشمن بھی فرمایا،اس سے معلوم ہو اکہ اللّٰہ تعالیٰ کے نیک بندوں  کا دشمن اللّٰہ تعالیٰ کا بھی دشمن ہے۔

(2)… کفار کو مسلمانوں  کے راز سے خبردار کرنا غداری اور دین و قوم سے بغاوت ہے ۔

(3)… حضرت حاطب رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے گناہ سرزد ہوا اور اللّٰہ تعالیٰ نے انہیں  مومن فرمایا،اس سے معلوم ہوا کہ کبیرہ گناہ کرنے سے انسان کافر نہیں  ہوتا۔

(4)… ایمان کا دشمن جان کے دشمن سے زیادہ خطرناک ہے۔

(5)… اللّٰہ تعالیٰ کی راہ میں  جہاد اسی وقت ہو گا، جب مجاہد کا دل مومن کی محبت اور کافر کی عدوات سے پُر ہو ،اگر مجاہد کے دل میں  کافر کی طرف تھوڑا سا میلان بھی ہوا، تواس کا مجاہد فی سبیل اللّٰہ رہنا مشکل ہے۔

 اللّٰہ تعالیٰ کی رضا کے لئے کسی سے دوستی اور دشمنی رکھنے کے4 فضائل:

            یہاں  موضوع کی مناسبت سے اللّٰہ تعالیٰ کی رضا کے لئے کسی سے دوستی اور دشمنی رکھنے کے 4فضائل ملاحظہ ہوں :

(1)…حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،نبی اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا: ’’اللّٰہ تعالیٰ قیامت کے دن ارشاد فرمائے گا’’وہ لوگ کہاں  ہیں  جو میرے جلال کی وجہ سے آپس میں  محبت رکھتے تھے، آج میں  انہیں  اپنے (عرش کے) سائے میں  رکھوں  گا، آج میرے (عرش کے) سایہ کے سوا کوئی سایہ نہیں ۔( مسلم، کتاب البر والصلۃ والآداب، باب فی فضل الحبّ فی اللّٰہ، ص۱۳۸۸، الحدیث: ۳۷(۲۵۶۶))

(2)…حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،حضور اقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’ایک شخص اپنے بھائی سے ملنے دوسرے علاقے میں  گیا، اللّٰہ تعالیٰ نے اس کے راستے پر ایک فرشتہ بٹھا دیا۔ جب وہ فرشتے کے پاس آیا تو اس نے دریافت کیا: کہاں  کا ارادہ ہے؟ اس نے کہا :اس علاقے میں  میرا بھائی ہے اس سے ملنے جارہا ہوں ۔ فرشتے نے کہا: کیا اس پر تیرا کوئی احسان ہے جسے لینے جارہا ہے ؟اس نے کہا: نہیں ، صرف یہ بات ہے کہ میں  اسے اللّٰہ تعالیٰ کے لیے دوست رکھتا ہوں ۔ فرشتے نے کہا: مجھے اللّٰہ تعالیٰ نے تیرے پاس بھیجا ہے تاکہ تجھے یہ خبردوں  کہ اللّٰہ تعالیٰ نے تجھے دوست رکھا جیسے تو نے اللّٰہ تعالیٰ کے لیے اس سے محبت کی ہے۔( مسلم، کتاب البر والصلۃ والآداب، باب فی فضل الحب فی اللّٰہ، ص۱۳۸۸، الحدیث: ۳۸(۲۵۶۷))

(3)…حضرت ابو امامہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشادفرمایا’’جو کسی سے اللّٰہ تعالیٰ کے لیے محبت رکھے، اللّٰہ تعالیٰ کے لیے دشمنی رکھے ، اللّٰہ تعالیٰ کے لیے دے اور اللّٰہ تعالیٰ کے لیے منع کرے تو اس نے اپنا ایمان کامل کرلیا۔( ابو داؤد، کتاب السنّۃ، باب الدلیل علی زیادۃ الایمان ونقصانہ، ۴ / ۲۹۰، الحدیث: ۴۶۸۱)

(4)…حضرت ابوذر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،رسول اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’کیا تمہیں  معلوم ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے زیادہ پسند کون سا عمل ہے ؟ کسی نے کہا، نماز و زکوٰۃ اور کسی نے کہا جہاد۔ حضور انور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشادفرمایا’’اللّٰہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ پیارا عمل اللّٰہ تعالیٰ کے لیے محبت اور بغض رکھنا ہے۔( مسند امام احمد، مسند الانصار، حدیث ابی ذر الغفاری رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ، ۸ / ۶۸، الحدیث: ۲۱۳۶۱)

            اللّٰہ تعالیٰ ہمیں  اپنی رضا کے لئے کسی سے دوستی ،دشمنی اور بغض رکھنے کی توفیق عطا فرمائے ،اٰمین۔

Reading Option

Ayat

Translation

Tafseer

Fonts Setting

Download Surah

Related Links