Home ≫ Al-Quran ≫ Surah Al Mursalat Ayat 3 Translation Tafseer
Tarteeb e Nuzool:(33) | Tarteeb e Tilawat:(77) | Mushtamil e Para:(29) | Total Aayaat:(50) |
Total Ruku:(2) | Total Words:(198) | Total Letters:(824) |
وَ الْمُرْسَلٰتِ عُرْفًا(1)فَالْعٰصِفٰتِ عَصْفًا(2)وَّ النّٰشِرٰتِ نَشْرًا(3)فَالْفٰرِقٰتِ فَرْقًا(4)فَالْمُلْقِیٰتِ ذِكْرًا(5)
تفسیر: صراط الجنان
{وَ الْمُرْسَلٰتِ عُرْفًا: ان کی قسم جو لگاتار بھیجی جاتی ہیں ۔} اس آیت اور ا س کے بعد والی چار آیات میں اللّٰہ تعالیٰ نے پانچ صفات کی قسم ارشاد فرمائی اور جن چیزوں کی یہ صفات ہیں ان کاآیات میں ذکر نہیں کیا گیا، اسی لئے مفسرین نے ان چیزوں کی تفسیر میں بہت سی وجوہات ذکر کی ہیں ۔
(1)… یہ پانچوں صفتیں ہواؤں کی ہیں ۔اس صورت میں ان پانچ آیات کا معنی یہ ہے کہ ان ہواؤں کی قسم جو لگاتار بھیجی جاتی ہیں ۔پھر ان ہواؤں کی قسم جو زور سے جھونکے دیتی ہیں ۔ پھر ان ہواؤں کی قسم جو بادلوں کوابھار کر اٹھاتی ہیں ۔ پھر ان ہواؤں کی قسم جو بادلوں کو جدا کرتی ہیں ۔پھر ان ہواؤں کی قسم جن کے زور دار جھونکوں سے درخت اکھڑ جاتے ہیں ،شہر ویران ہو جاتے ہیں اور ان کے آثار مٹ جاتے ہیں تو اس سے بندوں کے دلوں میں خوف پیدا ہوتا ہے اور وہ اللّٰہ تعالیٰ سے اِلتجائیں کرتے ہیں اور اس کا ذکر کرتے ہیں تو گویا کہ ان ہواؤں نے بندوں کو اللّٰہ تعالیٰ کا ذکر اِلقا کر دیا۔
(2)… یہ پانچوں صفتیں فرشتوں کی ہیں ۔اس صورت میں ان پانچ آیات کا معنی یہ ہے کہ ان فرشتوں کی قسم جو اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات دے کر لگاتار بھیجے جاتے ہیں ۔پھر ان فرشتوں کی قسم جو ہواؤں کی طرح تیز چلنے والے ہیں ۔پھر ان فرشتوں کی قسم!جو زمین پر اتر کر اپنے پروں کو پھیلا دیتے ہیں ۔پھر ان فرشتوں کی قسم!جو حق اور باطل کے درمیان فرق کرنے والی چیز لاتے ہیں ۔پھر ان فرشتوں کی قسم !جو رسولوں کے پاس اللّٰہ تعالیٰ کی وحی لا کر انہیں اِلقا کرتے ہیں ۔
(3)… یہ پانچوں صفتیں قرآنِ پاک کی آیات کی ہیں ۔اس صورت میں ان پانچ آیات کا معنی یہ ہے کہ میرے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ پر لگاتار بھیجی جانے والی قرآن کی آیتوں کی قسم۔پھر قرآن کی ان آیتوں کی قسم جو وعید بیان کر کے دلوں کی دھڑکن تیز کر دیتی ہیں ۔پھر قرآن کی ان آیات کی قسم !جو ایمان والوں کے دلوں میں ہدایت اور معرفت کے اَنوار پھیلا دیتی ہیں ۔پھر قرآن کی ان آیات کی قسم ! جو حق اور باطل کے درمیان فرق کر دیتی ہیں ۔پھر قرآن کی ان آیات کی قسم جو حکمت والا ذکر ہیں اور وہ ایمان والوں کے دلوں میں نور وایمان ڈ ال دیتی ہیں ۔
(4)… پہلی تین صفتیں ہواؤں کی ہیں ،چوتھی صفت قرآنِ پاک کی آیات کی اورپانچویں صفت فرشتوں کی ہے۔
(5)… پہلی تین صفتیں ہواؤں کی ہیں جبکہ چوتھی اور پانچویں صفت فرشتوں کی ہے۔( جلالین مع جمل،المرسلات،تحت الآیۃ:۱-۵،۸ / ۲۰۰-۲۰۱،خازن،المرسلات،تحت الآیۃ:۱-۵،۴ / ۳۴۳، ملتقطاً)
Copyright © 2025 by I.T Department of Dawat-e-Islami.