Home ≫ Al-Quran ≫ Surah Al Qalam Ayat 34 Translation Tafseer
Tarteeb e Nuzool:(2) | Tarteeb e Tilawat:(68) | Mushtamil e Para:(29) | Total Aayaat:(52) |
Total Ruku:(2) | Total Words:(326) | Total Letters:(1271) |
اِنَّ لِلْمُتَّقِیْنَ عِنْدَ رَبِّهِمْ جَنّٰتِ النَّعِیْمِ(34)اَفَنَجْعَلُ الْمُسْلِمِیْنَ كَالْمُجْرِمِیْنَﭤ(35)مَا لَكُمْٙ-كَیْفَ تَحْكُمُوْنَ(36)
تفسیر: صراط الجنان
{اِنَّ لِلْمُتَّقِیْنَ: بیشک ڈر والوں کے لیے۔} ارشاد فرمایا کہ کفر اور گناہوں سے بچنے والوں کے لئے آخرت میں ان کے رب عَزَّوَجَلَّ کے پاس ایسے باغ ہیں جن میں صرف نعمتیں ہی ہیں اور وہ دنیا کی نعمتوں کی طرح بدمزہ اور زائل ہونے کے خوف سے پاک ہیں ۔( ابو سعود، ن، تحت الآیۃ: ۳۴، ۵ / ۷۵۶)
{اَفَنَجْعَلُ الْمُسْلِمِیْنَ كَالْمُجْرِمِیْنَ: توکیا ہم مسلمانوں کو مجرموں جیسا کردیں ۔} شانِ نزول : جب اوپر والی آیت نازل ہوئی تو مشرکین نے مسلمانوں سے کہا کہ جس طرح ہمیں دنیا میں آسائش حاصل ہے اسی طرح اگر ہم مرنے کے بعد پھر اُٹھائے بھی گئے تو آخرت میں بھی ہم تم سے اچھے رہیں گے اور ہمارا ہی درجہ بلند ہوگا ، اس پر یہ آیات نازل ہوئیں اور اس آیت اور ا س کے بعد والی آیت میں اللّٰہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ کیا ہم نجات حاصل ہونے اور درجات ملنے کے معاملے میں مسلمانوں کو کافروں جیسا کردیں گے اور اُن مخلص فرمانبرداروں کو اِن سرکش باغیوں پر فضیلت نہ دیں گے! ہمارے بارے میں ایسا فاسد گمان رکھتے ہو،تمہیں کیا ہوا اور تم اپنی جہالت کی وجہ سے کیسا حکم لگا رہے ہو، تمہاری حالت سے تو ایسالگ رہا ہے جیسے جزا کا معاملہ تمہارے سپرد ہے اور تم اس میں جو چاہے فیصلہ کر لو ۔( مدارک، القلم، تحت الآیۃ: ۳۵-۳۶، ص۱۲۶۹، روح البیان، ن، تحت الآیۃ: ۳۵-۳۶، ۱۰ / ۱۱۹، ملتقطاً)
اس سے معلوم ہو اکہ کافر اور مسلمان برابر نہیں بلکہ یہ دو الگ الگ قومیں ہیں ۔
Copyright © 2025 by I.T Department of Dawat-e-Islami.