Our new website is now live Visit us at https://alqurankarim.net/

Home Al-Quran Surah Ar Rad Ayat 17 Translation Tafseer

رکوعاتہا 6
سورۃ ﷹ
اٰیاتہا 43

Tarteeb e Nuzool:(96) Tarteeb e Tilawat:(13) Mushtamil e Para:(13) Total Aayaat:(43)
Total Ruku:(6) Total Words:(976) Total Letters:(3503)
17

اَنْزَلَ مِنَ السَّمَآءِ مَآءً فَسَالَتْ اَوْدِیَةٌۢ بِقَدَرِهَا فَاحْتَمَلَ السَّیْلُ زَبَدًا رَّابِیًاؕ-وَ مِمَّا یُوْقِدُوْنَ عَلَیْهِ فِی النَّارِ ابْتِغَآءَ حِلْیَةٍ اَوْ مَتَاعٍ زَبَدٌ مِّثْلُهٗؕ-كَذٰلِكَ یَضْرِبُ اللّٰهُ الْحَقَّ وَ الْبَاطِلَ ﱟ فَاَمَّا الزَّبَدُ فَیَذْهَبُ جُفَآءًۚ-وَ اَمَّا مَا یَنْفَعُ النَّاسَ فَیَمْكُثُ فِی الْاَرْضِؕ-كَذٰلِكَ یَضْرِبُ اللّٰهُ الْاَمْثَالَﭤ(17)
ترجمہ: کنزالایمان
اس نے آسمان سے پانی اتارا تو نالے اپنے اپنے لائق بہہ نکلے تو پانی کی رَوْ(دھار) اس پر ابھرے ہوئے جھاگ اٹھا لائی اور جس پر آ گ دہکاتے ہیں گہنا(زیور) یا اور اسباب بنانے کو اس سے بھی ویسے ہی جھاگ اٹھتے ہیں اللہ بتاتا ہے کہ حق و باطل کی یہی مثال ہے تو جھاگ توپُھک کر دور ہوجاتا ہے اور وہ جو لوگوں کے کام آئے زمین میں رہتا ہے اللہ یوں ہی مثالیں بیان فرماتا ہے


تفسیر: ‎صراط الجنان

{اَنْزَلَ مِنَ السَّمَآءِ مَآءً:اس نے آسمان سے پانی اتارا۔} اس سے پہلی آیت میں  اللّٰہ تعالیٰ نے مومن اور کافر کو آنکھ والے اور اندھے سے ،ایمان ا ور کفر کو روشنی اور اندھیرے سے تشبیہ دی تھی جبکہ اس آیت میں  ایمان اور کفر کی ایک اور مثال بیان فرمائی ہے۔ (تفسیرکبیر، الرعد، تحت الآیۃ: ۱۷، ۷ / ۲۹) اس مثال کا خلاصہ یہ ہے کہ باطل اس جھاگ کی طرح ہوتا ہے جو ندیوں  میں  ان کی وسعت کے مطابق بہتے پانی کی سطح پر اور سونا، چاندی ،تانبہ،پیتل وغیرہ پگھلی ہوئی معدنیات کی مائع سطح پر ظاہر ہوتی ہے جبکہ حق جھاگ کے علاوہ باقی بچ جانے والی اصل چیز کی طرح ہوتا ہے تو جس طرح بہتے پانی یا پگھلی ہوئی معدنیات کی سطح پرجھاگ ظاہر ہوکر جلدی زائل ہو جاتی ہے ایسے ہی باطل اگرچہ کتنا ہی ابھر جائے اور بعض حالتوں  اور وقتوں  میں  جھاگ کی طرح حد سے اُونچا ہوجائے لیکن انجام کار مٹ جاتا ہے اور حق اصل چیز اور صاف جوہر کی طرح باقی و ثابت رہتا ہے۔( مدارک، الرعد، تحت الآیۃ: ۱۷، ص۵۵۴، ملخصاً)

             امام فخر الدین رازی  رَحْمَۃُاللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ نے اس آیت میں  مذکور مثال کی بہت اچھی وضاحت فرمائی ہے، اس کا خلاصہ یہ ہے کہ ’’اس آیت میں  پانی سے مراد قرآن پاک اور ندیوں  سے مراد بندوں  کے دل ہیں  یعنی اللّٰہ تعالیٰ نے اپنی کبریائی ، جلالت اور احسان کے آسمان سے رحمت کاپانی یعنی قرآن پاک بندوں  کے دلوں  کی ندیوں  میں  نازل فرمایا تو جس طرح ندیوں  میں  پانی جگہ پاتا ہے اسی طرح دلوں  میں  قرآنی علوم کے انوار جگہ پاتے ہیں  اور جس طرح ندیوں  میں  ان کی گنجائش اور وسعت کے اعتبار سے پانی کم یا زیادہ ہوتا ہے اسی طرح دلوں  کی پاکیزگی اور نجاست،قوت ِفہم کی زیادتی اور کمی کے اعتبار سے ان میں  قرآن پاک کے انوار کم اور زیادہ ہوتے ہیں  ۔اور جس طرح بہتے پانی کی سطح پر ابھرنے والی جھاگ اور پگھلی ہوئی معدنیات کی سطح پر ظاہر ہونے والا میل کچیل جلدی زائل ہو جاتا ہے اسی طرح قرآن مجید کے مَضامین میں  بظاہر جو شکوک و شبہات ہوتے ہیں  وہ سرکارِ دو عالَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے ارشادات اور علمائے کرام کے بیانات سے جلدی زائل ہو جاتے ہیں  اور عقائد،شرعی احکام کی تصریحات،ہدایات اور علمی نِکات باقی رہ جاتے ہیں ۔ (تفسیرکبیر، الرعد، تحت الآیۃ: ۱۷، ۷ / ۲۹، ملخصاً)

Reading Option

Ayat

Translation

Tafseer

Fonts Setting

Download Surah

Related Links