Home ≫ Al-Quran ≫ Surah Fatir Ayat 34 Translation Tafseer
Tarteeb e Nuzool:(43) | Tarteeb e Tilawat:(35) | Mushtamil e Para:(22) | Total Aayaat:(45) |
Total Ruku:(5) | Total Words:(871) | Total Letters:(3191) |
{وَ قَالُوا: اور وہ کہیں گے۔} یعنی جنت میں داخل ہوتے وقت وہ اپنے رب عَزَّوَجَلَّ کی حمد کرتے ہوئے کہیں گے: سب خوبیاں اس اللہ تعالیٰ کیلئے ہیں جس نے ہمیں جنت میں داخل کر کے ہم سے غم دور کردیا۔اس غم سے مراد یا دوزخ کا غم ہے ،یا موت کا ،یا گناہوں کا ،یا نیکیوں کے غیر مقبول ہونے کا ،یا قیامت کی ہَولْناکیوں کا ،غرض انہیں کوئی غم نہ ہوگا اور وہ اس پر اللہ تعالیٰ کی حمد کریں گے اور کہیں گے کہ بیشک ہمارا رب عَزَّوَجَلَّ بخشنے والا اورقدر فرمانے والا ہے کہ گناہوں کو بخشتا ہے اگرچہ گناہ بہت زیادہ ہوں اور نیکیاں قبول فرماتا ہے اگرچہ نیکیاں کم ہوں ۔( روح البیان، فاطر، تحت الآیۃ:۳۴، ۷ / ۳۵۲-۳۵۳، خازن، فاطر، تحت الآیۃ: ۳۴، ۳ / ۵۳۶، مدارک، فاطر، تحت الآیۃ: ۳۴، ص۹۸۰، ملتقطاً)
’’لَآ اِلٰـہَ اِلَّا اللہ‘‘ پڑھنے کی فضیلت:
حضرت عبداللہ بن عمر رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمَا سے روایت ہے،حضورسیّد المرسَلین صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا’’لَآ اِلٰـہَ اِلَّا اللہ‘‘ پڑھنے والوں پر ان کی قبروں میں کوئی وحشت ہو گی اور نہ ہی حشر میں ان پر کوئی گھبراہٹ طاری ہو گی اور گویا کہ میں لَآ اِلٰـہَ اِلَّا اللہ پڑھنے والوں کو دیکھ رہا ہوں ، وہ اپنے سروں سے گَرد جھاڑتے ہوئے یہ کہہ رہے ہوں گے: ’’اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِیْۤ اَذْهَبَ عَنَّا الْحَزَنَ‘‘
ترجمۂ کنزُالعِرفان: سب خوبیاں اس اللہ کیلئے ہیں جس نے ہم سے غم دور کردیا۔( معجم الاوسط، باب الیاء، من اسمہ: یعقوب، ۶ / ۴۸۰، الحدیث: ۹۴۷۸)
Copyright © by I.T Department of Dawat-e-Islami.