Home ≫ Al-Quran ≫ Surah Saba Ayat 15 Translation Tafseer
Tarteeb e Nuzool:(58) | Tarteeb e Tilawat:(34) | Mushtamil e Para:(22) | Total Aayaat:(54) |
Total Ruku:(6) | Total Words:(995) | Total Letters:(3542) |
{لَقَدْ كَانَ لِسَبَاٍ فِیْ مَسْكَنِهِمْ اٰیَةٌ: بیشک سبا کے لیے ان کی آبادی میں نشانی تھی۔} ان آیات میں ایک ایسی قوم کا واقعہ بیان کیا گیا جنہیں اللہ تعالیٰ نے کثیرنعمتوں سے نوازا لیکن وہ لوگ اللہ تعالیٰ کی اطاعت و فرمانبرداری کرنے کی بجائے ا س کی نافرمانی کرنے لگ گئے تو اللہ تعالیٰ نے انہیں سیلاب کے ذریعے ہلاک کر دیا۔
قومِ سبا کا تعارف:
سباعرب کے علاقے یمن کی حدود میں واقع ایک قبیلے کا نام ہے اور یہ قبیلہ اپنے دادا سبا بن یَشْجُب بن یَعْرُب بن قحطان کے نام سے مشہور ہے۔ (جلالین مع جمل، سبأ، تحت الآیۃ: ۱۵، ۶ / ۲۱۷)
حضرت عبداللہ بن عباس رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمَا فرماتے ہیں ’’ رسولُ اللہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے سوال کیا گیا کہ سبا کسی مرد کا نام ہے یا عورت کا یا کسی سرزمین کا نام ہے؟نبی اکرم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’سبا ایک مرد تھا اور ا س کے دس بیٹے تھے،ان میں سے چھ یمن میں آباد ہو گئے تھے اور چار شام میں چلے گئے تھے۔( مسند امام احمد، مسند عبد اللّٰہ بن العباس بن عبد المطلب عن النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم، ۱ / ۲۷۷، الحدیث: ۲۹۰۰)
آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ یمن کی حدود میں جس جگہ یہ لوگ آباد تھے وہاں اللہ تعالیٰ کی وحدانیّت اور قدرت پر دلالت کرنے والی ایک نشانی تھی ۔اس نشانی کی تفصیل یہ ہے کہ ان کے شہر مآرب کے دونوں طرف کثیر باغات تھے اور ان باغوں میں پھلوں کی انتہائی کثرت تھی ۔ان لوگوں سے انبیاء ِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے ذریعے کہا گیا کہ اپنے رب عَزَّوَجَلَّ کا رزق کھاؤ اور اس نعمت پر اس کی طاعت و عبادت بجالاؤ۔تمہارا شہرپاکیزہ شہر ہے جس میں لطیف آب و ہوا اور صاف ستھری سرزمین ہے، اس میں مچھر ، مکھی ، کھٹمل، سانپ اور بچھو وغیرہ کوئی چیز نہیں اور ہوا کی پاکیزگی کا یہ عالَم ہے کہ اگر کہیں دوسرے علاقے کا کوئی شخص اس شہر میں سے گزر جائے اور اس کے کپڑوں میں جوئیں ہوں تو سب مرجائیں ۔ اگر تم اپنے رب عَزَّوَجَلَّ کی روزی پر شکرادا کرو اوراس کی اطاعت بجالاؤ تو وہ بخشش فرمانے والا ہے۔( خازن، سبأ، تحت الآیۃ: ۱۵، ۳ / ۵۲۰، مدارک، سبأ، تحت الآیۃ: ۱۵، ص۹۵۹-۹۶۰، ابو سعود، سبأ، تحت الآیۃ: ۱۵، ۴ / ۳۴۵، ملتقطاً)
Copyright © by I.T Department of Dawat-e-Islami.