Home ≫ Al-Quran ≫ Surah Saba Ayat 33 Translation Tafseer
Tarteeb e Nuzool:(58) | Tarteeb e Tilawat:(34) | Mushtamil e Para:(22) | Total Aayaat:(54) |
Total Ruku:(6) | Total Words:(995) | Total Letters:(3542) |
{وَ قَالَ الَّذِیْنَ اسْتُضْعِفُوْا لِلَّذِیْنَ اسْتَكْبَرُوْا: اور دبے ہوئے بڑے بننے والوں سے کہیں گے۔} یعنی جب سردار اپنے تابع لوگوں کی بات کا انکار کر دیں گے تو وہ لوگ اپنے سرداروں سے کہیں گے’’ ہم مجرم نہیں ہیں بلکہ تم شب و روز ہمارے ساتھ فریب کرتے تھے اور ہمیں ہر وقت شرک پر اُبھارتے تھے،جب تم ہمیں حکم دیتے تھے کہ ہم اللہ تعالیٰ کا انکار کریں اور اس کیلئے برابر والے ٹھہرائیں تو ہم اللہ تعالیٰ کا انکار کر دیتے اور اس کے لئے شریک ٹھہرانے لگتے تھے۔ اس آیت میں کفار کے لئے تنبیہ ہے کہ دنیا میں ان کا ایک دوسرے کی پیروی کرنا آخرت میں باہمی عداوت اور دشمنی کا سبب ہو گا۔( مدارک، سبأ، تحت الآیۃ: ۳۳، ص۹۶۴، خازن، سبأ، تحت الآیۃ: ۳۳، ۳ / ۵۲۴، ملتقطاً)
{ وَ اَسَرُّوا النَّدَامَةَ: اور وہ دل ہی دل میں پچھتانے لگیں گے۔} ارشاد فرمایا کہ دونوں فریق یعنی ماتحت بھی اور سردار بھی، سرداروں کے پیچھے پیچھے چلنے والے بھی اور انہیں بہکانے والے بھی ایمان نہ لانے پر جب جہنم کا عذاب دیکھیں گے تو دل ہی دل میں پچھتانے لگیں گے۔ اس کے بعد ان کے عذاب کی کیفیت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ہم تمام کفار کوخواہ بہکانے والے ہوں یا اُن کے کہنے میں آنے والے،یہ سزا دیں گے کہ جہنم میں ان کے ہاتھ نار ِجہنم کی زنجیروں سے گردنوں تک باندھ دیں گے ۔یہ انہیں ان کے دنیا میں کفر اور مَعصِیَت ہی کا بدلہ دیا جائے گا۔( جلالین، السبا، تحت الآیۃ: ۳۳، ص۳۶۲، خازن، سبأ، تحت الآیۃ: ۳۳، ۳ / ۵۲۴-۵۲۵، تفسیر طبری، سبأ، تحت الآیۃ: ۳۳، ۱۰ / ۳۷۹، ملتقطاً)
Copyright © by I.T Department of Dawat-e-Islami.