Home ≫ Al-Quran ≫ Surah Saba Ayat 43 Translation Tafseer
Tarteeb e Nuzool:(58) | Tarteeb e Tilawat:(34) | Mushtamil e Para:(22) | Total Aayaat:(54) |
Total Ruku:(6) | Total Words:(995) | Total Letters:(3542) |
{وَ اِذَا تُتْلٰى عَلَیْهِمْ اٰیٰتُنَا بَیِّنٰتٍ: اور جب ان پر ہماری روشن آیتیں پڑھی جائیں ۔} اس آیت میں حضور سیّد المرسَلین صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اور قرآنِ پاک کے بارے میں کفار کے بیہودہ الزامات ذکر کئے جا رہے ہیں ۔ آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ جب مکہ کے مشرکین کے سامنے سیّدِعالَم محمد ِمصطفٰی صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی زبان سے توحید کی حقیقت اور شرک کے بُطلان پر مشتمل قرآن کی روشن آیتیں پڑھی جائیں تو وہ سرورِ عالَم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ صرف ایک مردہے جو تمہیں تمہارے باپ دادا کے معبودو ں یعنی بتوں سے روکنا چاہتا ہے اور وہ قرآن شریف کے بارے میں کہتے ہیں کہ یہ توایک ایساکلام ہے جو گھڑاہوا ہے اور اللہ تعالیٰ کی طرف اس کی نسبت جھوٹی ہے اور کافروں کے پاس جب قرآن آیا تو اس کے بارے میں انہوں نے کہاکہ یہ تو صرف ایک کھلا جادوہے۔( روح البیان، سبأ، تحت الآیۃ: ۴۳، ۷ / ۳۰۴-۳۰۵، ملخصاً)
شرعی اَحکام کے مقابلے میں آباؤ اَجداد کی رسم کو ترجیح دینا کفار کا کام ہے:
اس آیت سے معلوم ہوا کہ اپنے باپ دادوں کی رسم کو شرعی احکام کے مقابلے میں ترجیح دینا کفار کا کام ہے۔ اس سے ان لوگوں کو نصیحت حاصل کرنی چاہئے جو غیر شرعی رسوم پر عمل کرنے کی یہ دلیل دیتے ہیں کہ ہمارے بڑے بوڑھے سب اسی طرح کرتے آئے ہیں اور شرعی حکم بتانے والے سے کہتے ہیں کہ ہماری عمر گزر گئی ،ہم نے تو کبھی ایسا نہیں سنا ،تم پتا نہیں کہاں سے نئے نئے مسئلے نکال لاتے ہو۔اللہ تعالیٰ انہیں عقل ِسلیم عطا فرمائے ،اٰمین۔
Copyright © by I.T Department of Dawat-e-Islami.