Home ≫ Al-Quran ≫ Surah Yasin Ayat 71 Urdu Translation Tafseer
Tarteeb e Nuzool:(41) | Tarteeb e Tilawat:(36) | Mushtamil e Para:(22-23) | Total Aayaat:(83) |
Total Ruku:(5) | Total Words:(807) | Total Letters:(3028) |
{اَوَ لَمْ یَرَوْا اَنَّا خَلَقْنَا لَهُمْ: اور کیا انہوں نے نہ دیکھا کہ ہم نے ان کے لیے پیدا کیے۔} اِس آیت سے اللہ تعالیٰ کی وحدانیّت کو دلائل کے ساتھ بیان کیاجارہا ہے ،چنانچہ اس آیت اور اس کے بعد والی دو آیات کا خلاصہ یہ ہے کہ کیا مکہ کے مشرکین نے اس بات پر غور نہیں کیا اور یقینی طور پر نہیں جانا کہ ہم نے اپنی قدرت سے بنائے ہوئے چوپائے ان کے اور ان کے فائدے کے لئے پیدا کیے اور یہ ہمارے مالک بنانے کی وجہ سے ان چوپایوں کے مالک ہیں اور ان میں تَصَرُّف کرتے ہیں کیونکہ چوپایوں کو پیدا کرنے کے بعد اگر ہم مالک نہ بناتے تو یہ ان سے نفع نہیں اٹھا سکتے تھے اور ہم نے ان چوپایوں کو ان کے لیے مُسَخَّر اور تابع کردیا جس کے نتیجے میں طاقتور اور مضبوط چوپایوں پر سوار ہونا ،سامان لادنا، جہاں چاہے انہیں لے جانا اور ذبح کرنا ان کے لئے کوئی مشکل نہیں اور ان کے بڑے بڑے منافع یہ ہیں کہ کچھ چوپائے ان کی سواریاں ہیں اور کچھ سے وہ گوشت اور چربی کھاتے ہیں اوران کے علاوہ بھی چوپایوں میں ان کے لیے کئی طرح کے منافع اور فائدے ہیں جیسا کہ وہ ان کی کھالوں ، بالوں اور اون وغیرہ کوکام میں لاتے ہیں اور پینے کی چیزیں جیسے دودھ اور دودھ سے بننے والی چیزیں جیسے دہی وغیرہ حاصل ہوتی ہیں ، تو کیا وہ مشرکین یہ نعمتیں عطا فرمانے والے رب تعالیٰ کی وحدانیّت کا اقرار کر کے اور عبادت میں کسی کو اس کا شریک نہ ٹھہرا کراس کاشکر ادا نہیں کریں گے۔( تفسیرکبیر، یس، تحت الآیۃ: ۷۱-۷۳، ۹ / ۳۰۶، روح البیان، یس، تحت الآیۃ: ۷۱-۷۳، ۷ / ۴۳۳-۴۳۴، ملتقطاً)
نوٹ:آیت میں ہاتھ کالفظ ہے،یہ بطورِ محاورہ کے ہے ورنہ اللہ تعالیٰ جسم اور جسمانی ہاتھوں سے پاک ہے۔
Copyright © by I.T Department of Dawat-e-Islami.