Book Name:Buzurgan e Deen Ka jazba e Islah e Ummat
فرماتے ہیں:اِس(نیکی کی طرف بُلانے)میں اَوّل نمبر (پر)حُضُور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ مُراد ہیں۔ اِن کے صَدَقے سے اَوْلیا(رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْن)اور عُلَمَا جو تبلیغ کریں بلکہ مُؤذِّن،تکبیر کہنے والے اورہر وہ مومِن جواللہ عَزَّ وَجَلَّکی مَخلوق کو کسی نیکی کی طرف بُلاۓ(وہ بھی یہاں مُراد ہیں۔)مَعْلُوم ہوا کہ رَبّ (عَزَّ وَجَلَّ) کواُس کی بولی بڑی پیاری مَعْلُوم ہوتی ہےجو دَعْوَتِ خَیْر(یعنی نیکی کی دعوت) دے، اگرچہ اُس کی آواز موٹی اور باتیں مَعْمُولی ہوں۔(تفسیر نورالعرفان،ص۷۶۶)
جسے نیکی کی دَعْوَت دُوں اُسے دیدے ہِدایَت تُو
زَباں میں دے اَثَر کردے عطا زورِ قلم مَوْلیٰ
(وسائل بخشش مرمم،ص۹۹)
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
اے عاشقانِ رسول!آپ نے سُنا کہ مُفتی احمد یارخان نعیمی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ کیا فرما رہے ہیں کہ نیکی کی دعوت دینے والے کی بولی ربِّ کریم عَزَّ وَجَلَّ کو بڑی پیاری لگتی ہے،اے بیان کرنے والے خوش نصیب اسلامی بھائیو!اے مدنی درس کی سعادت حاصل کرنے والے سعادت مندو،اے روزانہ کے 5مدنی کاموں،ہفتہ وار5مدنی کاموں اور ماہانہ 2 مدنی کاموں کے ذریعے نیکی کی دعوت عام کرنے والے عاشقانِ رسول اپنے ربّ عَزَّ وَجَلَّ کی رحمت پرجُھوم جائیے کہ ربِّ عظیم عَزَّ وَجَلَّ کو نیکی کی دعوت دینے والے کی بولی بہت پیاری لگتی ہے،کوئی طعنے دے،آوازیں کسے،باتیں بنائے،کچھ بھی کہے،ہمّت نہ ہاریں،بلکہ طائف میں پتھروں کی چوٹیں سہنے والے غمخوارآقا ،مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو یاد کریں،کُفّارکےظلم و ستم کو سہنے والے لجپال،آمنہ کے لال صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو یاد کریں، فاقوں کے سبب پیٹ پر پتھرباندھنے کے باوجود،مخالفت اورطرح طرح کے اِلزامات کے باوجود نیکی کی دعوت دینے والے محبوبِ اعظم،رسولِ محترم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو یادکریں۔